نیتی آیوگ

کووڈ کے بندوبست کے بارے میں با اختیار گروپ – 3 کی غیر سرکاری تنظیموں / این جی اوز اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سی ایس اوز کے ساتھ میٹنگ

Posted On: 26 APR 2021 5:24PM by PIB Delhi

نئی دہلی،26؍اپریل  :  کووڈ- 19 عالمی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کی کوشش کے طور پر نیتی آیوگ کے سی ای او   جناب  امیتابھ کانت کی صدارت میں با اختیار گروپ – 3  نے  آج  ایک لاکھ سے زیادہ سول سوسائٹی  تنظیموں (سی ایس اوز)  کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور کووڈ -19  کے کیسوں میں حالیہ اضافے  کے اثرات سے نمٹنے کی غرض سے مربوط  حکمت عملی  پر غور وخوض کیا۔ اس میٹنگ میں پرنسپل سائنسی مشیر  ڈاکٹر  کے وجے راگھون،  آفات  کے بندوبست سے متعلق قومی اتھارٹی  کے رکن جناب کمل کشور اور وزارت  خارجہ، وزارت داخلہ، کیبنٹ سکریٹریٹ اور وزیراعظم  کے دفتر کے دیگر سرکردہ عہدیداروں  نے شرکت کی۔

غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ارکان کو حکومت کے ذریعہ حال ہی میں کئے گئے ابتدائی  اقدامات کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ ان اقدامات میں آکسیجن او ر متعلقہ  آلات  و سازو سامان پر در آمداتی محصول وصول نہ کرنا، 18  سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لئے ٹیکہ کاری  کا آغاز ، 80 کروڑ  لوگوں کو دو مہینے تک  مفت اناج فراہم کرنا او ر متعلقہ ضروری  سازو سامان سے متعلق  رکاوٹوں کو دور کرنا شامل ہیں۔ نیتی آیوگ  کے سی ای او  نے بھارت میں کووڈ  - 19  سے نمٹنے میں سل سوسائٹی  کی تنظیموں کی کوششوں کے لئے ان کی ستائش  کی اور شکریہ ادا کیا  اور ان سے درخواست کی کہ وہ  دوسری لہر  میں کووڈ – 19  انفیکشن کی روک تھام  میں اپنی  مدد اور کوششیں جاری رکھیں۔ جناب امیتابھ  کانت نے  ان تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بیداری سے  متعلق مہم  چلا کر لوگوں  سے رابطہ قائم کریں تاکہ عام  غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے اور  کووڈ – 19  سے بچاؤ  کے لئے  ٹیکہ کاری  کے بارے میں  درست معلومات  فراہم کریں۔  انہیں  علاقائی  زبانوں میں ڈاؤن لوڈ  کیا جاسکتا ہے اور   indiafightscovid.com  کے ذریعے  حاصل کیا جاسکتا ہے۔

با اختیار گروپ کے چیئر مین نے سول سوسائٹی کی تنظیموں سے مدد طلب کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ  درج ذیل  سرگرمیوں کے بارے میں ، ضلع،  پنچایتوں اور ریزیڈنٹ  ویلفیئر ایسوسی ایشنوں کی سطح پر حکومت کی کوششوں کی تکمیل کریں۔

  • عوام کے لئے ٹیکے لگوانے کے بعد بھی چہرے  پر ماسک پہننے سمیت  کووڈ  سے متعلق مناسب طور طریقوں یا برتاؤ ( سی اے بی) پر مسلسل عمل کرنے کی ضرورت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور اس پر زور دینا۔
  • حکومت کی کوششوں میں تعاون کرنا اور شہر کے غریب کنبوں کو ضروری  مدد فراہم کرنا۔
  • حکومت کے مختلف ابتدائی اقدامات  یا پیکجوں کے ذریعے پیش کئے گئے فائدوں سے برادریوں کو واقف کرانا، جو ایسے بحران کے دور میں ان کے لئے  مفید ثابت ہوسکتے ہیں، مثلا  مستفیدین کو رعایتی  قیمتوں پر غذائی اجناس تک رسائی کے لئے ’’ایک ملک – ایک کارڈ‘‘  اسکیم۔
  • برادری  کے کارکنان اور رضا کاروں کے لئے پی پی ای کٹس اور سینی ٹائزرس ، صابن ، ماسک اور دستانے وغیرہ  جیسے ذاتی  صحت  اور صفائی ستھرائی  سے متعلق  مصنوعات  اور اشیاء  کی تقسیم میں معاون کرنا۔
  • عوامی صحت  سے متعلق خدمات  کی معمول کی فراہمی  میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں  ریاستی حکومتوں اور ضلع  انتظامیہ کی مدد کرنا۔
  • ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کرنے اور خدمات کی فراہمی کی غرض سے  رضا کاروں اور دیکھ بھال کرنے والے عملے کی تعیناتی  میں مقامی  انتظامیہ کی مدد کرنا۔ اس کام میں بزرگ  افراد،  معذور افراد، بچوں، مخنث افراد اور  دوسرے  زد پذیر گروپوں پر خاص طور پر  توجہ مرکز کی جائے گی۔
  • کووڈ  سے متعلق  جوابی کوششون کی مدد کی غرض سے افراد  اور برادریوں کے درمیان  سے رضا کاروں کو نامزد  کرنے کے لئے ریاستی اور مقامی  حکومتوں کے ساتھ  ساجھیداری ۔
  • بڑے پیمانے پر  اور نشان زد مواصلاتی حکمت عملی  کے زریعے کووڈ  - 19 کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ  کے خلاف  سماجی  بدنامی  اور تفریق  کو کم کرنا۔
  • کووڈ  سے بچاؤ  کے لئے ٹیکہ کاری کی امکانیت  اور برادریوں میں بیداری پیدا کرنے میں درپیش  کسی بھی رکاوٹ  کو دور کرنے کے بارے میں  حکومت کے ذریعے  پیش کی گئی معلومات  کو اجا گر کرنا۔
  • ٹیکہ لگوانے میں ہچکچا ہٹ کو دور کرنا، غلط تصورات  اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا،  اور لوگوں کو کووڈ-19 سے بچاؤ  کے لئے ٹیکے لگوانے کی ہمت  افزائی کرنا۔

سول سوسائٹی کی تنظیموں نے ان چیلنجوں سے نمٹنے کی غرض  سے بہت سی تجاویز پیش کیں۔ ان تنظیموں میں اکشے پاترا، نارائن سیواسنستھان، انڈین کوآپریٹو نیٹ ورک فار ویمین (آئی سی این ڈبلیو) ، کرونا ٹرسٹ، میریکو انوویشن فاؤنڈیشن، دھرمالائف، سووستھ فاؤنڈیشن، دادی  داد فاؤنڈیشن، ہیلپ ایچ انڈیا، پبلک ہیلتھ فاؤنڈیشن آف انڈیا، انٹرنیشنل سینٹر فار ریڈکراس، دشا فاؤنڈیشن وغیرہ شامل ہیں، جو اقدامات  تجویز کئے گئے ان میں  گھر میں نگہداشت  سے متعلق  خدمات  کے لئے  معیاری  ضابطوں ایس او پیز  جاری کرنا، ٹیکہ لگوانے  میں ہچکچاہٹ کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، ٹیکہ  کاری  کے لئے اندراج کرانے کے لئے بزرگ  شہریوں، غریب افراد  اور مائیگرینٹ افراد کی مدد کرنا، اور سی اسی ؤر  ، 80-جی مثتثنیات، ایف سی آر اے  میں نرمی  وغیرہ سے متعلق رہنما خطوط میں قلیل مدتی چھوٹ فراہم کیا جانا شامل  ہیں۔

نیتی  آیوگ کے سی ای او  نے سول سوسائٹی کی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ خوراک حقیقی مستفیدین تک پہنچے اور  غذائیت  سے متعلق  امور بھی  مناسب طور پر حل کئے جائیں۔

حکومت  نے کووڈ – 19 کے بندو بست  سے متعلق  مختلف معاملوں کو حل کرنے کے مقصد سے چھ با اختیار گروپ تشکیل دیئے ہیں۔ نیتی آیوگ کے سی ای او  کی صدارت  والے با اختیار گروپ – 3  کو کووڈی – 19  سے نمٹنے سے متعلق  سرگرمیوں  کے لئے پرائیویٹ  سیکٹر ، غیر سرکاری تنظیموں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ  تال میل قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ گروپ  ایک لاکھ سے زیادہ سول سوسائٹی  کی  تنظیموں، غیر سرکاری تنظیموں، این جی اوز ، اقدام متحدہ کی ایجنسیوں، صنعت  کے ساجھیداروں اور بین الاقوامی  تنظیموں میں ترغیب پیدا کرنے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے تاکہ اس عالمی وبا کے خلاف  متحدہ جوابی کارروائی  کا نظام  تیار کرنے کی غرض سے حکومت کے ساتھ تال میل قائم کیا جاسکے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح- ع م- ق ر)

U-3994



(Release ID: 1714302) Visitor Counter : 154