سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت

سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی آکسیجن انرچمنٹ یونٹ - ممکنات سے بھرپور ایک کثیر جہتی حیات بخش آلہ

Posted On: 08 APR 2021 11:50AM by PIB Delhi

8 اپریل، نئی دہلی: آکسیجن انرچمنٹ یونٹ وہ آلہ ہوتا ہے جو ہوا سے نائٹروجن کو ہٹا کر ہمارے ارد گرد کی ہوا سے آکسیجن اکٹھا کرتا ہے۔ یہ جمع کردہ آکسیجن سانس کے مریضوں کو آکسیجن ماسک یا ناک کے ذریعے منتقل کی جاتی ہے۔ اس آلے کو دور دراز کے مقامات، گھروں یا اسپتالوں میں پھیپھڑے کی بیماریوں (سی او پی ڈی)، کرونیک ہائپوکیمیا اور پلمونری ایڈیما کے مریضوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسے شدید سلیپ ایپنیا (ایئر پریشر یونٹ کے ساتھ ملا کر) کے علاج کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی کے ذریعے مقامی طور پر تیار کردہ آکسیجن انرچمنٹ یونٹ پریشر سوئنگ ایڈسورپشن (پریشر سوئنگ ایڈسورپشن - پی ایس اے) کے اصول پر کام کرتا ہے اور ایک مخصوص دباؤ کے تحت ہوا سے نائٹروجن کو ہٹانے کے لیے زیولائٹ کالموں کا استعمال کرتا ہے جس سے آکسیجن کی کثافت بڑھ جاتی ہے۔ آکسیجن انرچمنٹ یونٹ میں کمپریسر، 3/2 والو ہوتے ہیں جو سولی نوئڈ، فلو میٹر اور پری فلٹر سب سسٹم کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔ کمپریسر دباؤ والی ہوا کو ماڈیول میں بھیجتا ہے اور نائٹروجن پر زیادہ کمپریشن کی وجہ سے آکسیجن پرمیٹ سائیڈ پر انرچ ہونے لگتی ہے۔ معلق ذرات، وائرس، ہوا میں موجود بیکٹیریا دست یاب ایچ ای پی اے فلٹرز کے ذریعے فلٹر کیے جاتے ہیں۔ یونٹ کی جانچ آئی ای سی 60601-1 3.1 ایڈیشن 2012 برقی آات کے تحفظ کے ضوابط کے مطابق ٹی یو وی رین لینڈ، بنگلور میں کی گئی جب کہ سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی نے اپنے ادارے میں آکسیجن انرچمنٹ فیصد کی جانچ کی ہے۔ سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی ذریعے تیار کردہ آکسیجن انرچمنٹ یونٹ 30 ایل پی ایم آکسیجن سے بھرپور ہوا فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ خوبی دیگر تجارتی طور پر دست یاب یونٹوں میں نہیں پائی جاتی۔ مشین 0.5 آئی پی ایم کے درستی کے ساتھ بہاؤ کو کنٹرول کر سکتی ہے۔ یہ سہولت ہائی فلو آکسیجن تھراپی میں مدد کرے گی، جو کووڈ-19 کے مریضوں کے علاج اور انتظام کا ایک بہتر طریقہ ثابت ہوا ہے۔

تجارتی طور پر دست یاب آکسیجن انرچمنٹ یونٹ سطح سمندر سے 8000فٹ تک کام کرتے ہیں۔ ایک متبادل پلگ ان ماڈیول کے ساتھ، یہ یونٹ قدرے کم بہاؤ کی شرح سے 14,000 فٹ کی اونچائی تک کام کر سکتا ہے اور اس طرح ہنگامی صورت حال میں اونچائی والے علاقوں میں بھی اسے استعمال کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

اگرچہ ملک کے کچھ دیگر تحقیقی اداروں نے بھی یہ نظام تیار کیا ہے، تاہم سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی کا نظام 93 فیصد آکسیجن کو کثیف کرنے کی سطح اور 5 ایل پی ایم اخراج کے ساتھ سب سے آگے ہے جو صرف 27-35 فیصد کے قریب آوٹ فلو فراہم کرتا ہے۔ یونٹ کی کارکردگی کو بینچ مارک کیا گیا ہے جو نامور کثیر ملکی کمپنیوں کے بینچ مارک کے مساوی ہے۔

پروفیسر (ڈاکٹر) ہریش ہیرانی ڈائرکٹر سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی نے اس نظام کے بارے میں بتایا کہ سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی کے ذریعے تیار کردہ آکسیجن انرچمنٹ یونٹ گھروں، اسپتالوں، دفاعی فورسز خاص طور پر اونچائی والے علاقوں اور دور دراز کے دیہی علاقوں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ کووڈ-19 کے مریضوں کے علاج کے لیے زیادہ موثر اور اہم ہوسکتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ یونٹ آکسیجن سلنڈر اور وینٹی لیٹرکی مانگ کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے اور فضائی آلودگی میں اضافے کی وجہ سے اس کی طلب میں بہت تیزی سے اضافہ ہونے کا امکان ہے کیوں کہ یہ بہترین صحت بخش ماحول کے لیے آکسیجن کی مناسب سطح کو برقرار رکھنے کے لیے بھی مفید ہے۔

یونٹ کی لاگت تقریباً 35,000 روپے ہے۔ اس کو ٹیکنالوجی میسرز زین میڈیکل ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ، رنگا ریڈی، تلنگانہ کو منتقل کردیا گیا ہے۔

***

ش ح۔ ع ا۔ م ف

U. No. 3580

 

 



(Release ID: 1711087) Visitor Counter : 202