سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
این ایچ اے آئی قومی شاہراہوں کے کنارے مسافروں کےلئے 600 سے زیادہ سہولیات تیارکرے گا
Posted On:
24 MAR 2021 5:03PM by PIB Delhi
قومی شاہراہوں پر مسافروں اور ٹرک ڈرائیوروں کو سفر کا آرام دہ تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کے تحت نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا(این ایچ اے آئی) 22 ریاستوں سے گزرنے والی قومی شاہراہوں کے کنارے 600 سے زیادہ مقامات پر اگلے پانچ سال میں مسافروں کی سہولیات تیار کرے گا۔ ان میں سے 130 مقامات پر 22-2021ء میں ہی مسافروں کےلئے سہولیات تیار کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔این ایچ اے آئی ان میں سے 120 مقامات پر سہولیات تیار کرنے کےلئے پہلے ہی ٹینڈر جاری کرچکا ہے۔ منصوبہ کے مطابق موجودہ اور آنے والے وقت میں تیار ہونے والی قومی شاہراہوں اور ایکسپریس وے پر 30 سے 50 کلومیٹر کی دوری پر ان سہولیات کو تیار کیا جائے گا۔
مسافروں کے لئے تیار کی جانے والی اِن سہولیات میں پیٹرول اسٹیشن، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن، فوڈ کورٹ، خوردہ دکانیں، اے ٹی ایم، بیت الخلاء اور غسل خانے، بچوں کے کھیلنے کےلئے احاطہ، کلینک اور مقامی دستکاری کی نمائش کےلئے دیہی ہاٹ جیسی سہولیات شامل ہیں۔
اِن قومی شاہراہوں اور ایکسپریس وے سے روزانہ گزرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کی مخصوص ضروریات کے مدنظر الگ سے ’ٹرکرس بلاک‘ بھی تیار کئے جائیں گے، جس میں ٹرک اور ٹریلر پارکنگ ، آٹو و رکشہ ، ٹرک ڈرائیوروں کےلئے بیت الخلاء، کھانا پکانے اور کپڑا دھونے کی جگہ، غسل خانہ، کلینک، کھانے پینے کی سہولت اور خوردہ دکانیں شامل ہیں۔
الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن جیسی سہولیات مہیا کرانےسے الیکٹرک گاڑیوں کی خرید میں اضافہ کیاجاسکے گا اور اس طرح آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔اِن سہولیات کے تیار ہونے سے آس پاس رہنے والے لوگوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی لوگوں کو دیہی ہاٹ کے ذریعے اپنی انوکھی مصنوعات اور دستکاری سے متعلق سامان کو فروخت کرنے کی سہولت دستیا ب ہوسکے گی، جس سے مقامی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔
این ایچ اے آئی ملک بھر میں پھیلی قومی شاہراہوں اور ایکسپریس وے کے کنارے یہ سہولیات کل 3000ہیکٹیئر سے زیادہ رقبے میں تیار کرے گا۔اس سے سرمایہ کاروں ، ڈیولپروں، آپریٹروں اور خوردہ دکانداروں کو بڑے مواقع حاصل ہوں گے۔این ایچ اے آئی نے حال ہی میں پی پی پی (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ)ماڈل کی بنیاد پر اِن سہولیات کو تیار کرنے اور انہیں چلانے کی تجویز پیش کی ہے۔
آنے والے سالوں میں تمام گرین فیلڈ ؍براؤن فیلڈ قومی شاہراہ پروجیکٹوں کے کنارے مسافر کی سہولیات تیا رکرنے اور لاجسٹک پارک بنانے کا انتظام کیا جائے گا۔ این ایچ اے آئی نے اِن سہولیات کو تیار کرنے کےلئے زمین کی پہچان اور اس کے مونیٹائزیشن کی اسکیم شروع کردی ہے۔ترقی اور ریئل اسٹیٹ صلاح کاروں کو مقامی خصوصیات کا مطالعہ کرنے کے بعد سہولیات کی ڈیزائننگ کا کام کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
قومی شاہراہوں اور ایکسپریس وے کے کنارے اِن سہولیات کو تیار کرنے سے مسافروں کےلئے سفر کرنا زیادہ آرام دہ اور آسان ہوجائے گا اور انہیں سفر کے درمیان آرام کرنے اور کھانے پینے اور تفریح کی مناسب سہولت حاصل ہوگی۔
*************
ش ح۔ق ت۔ ن ع
(25.03.2021)
(U: 3029)
(Release ID: 1707461)
Visitor Counter : 163