وزیراعظم کا دفتر
’پربدھ بھارت‘ کی 125ویں سال گرہ تقریبات سے وزیر اعظم کے خطاب کا متن
Posted On:
31 JAN 2021 3:39PM by PIB Delhi
نمستے!
خوشی کی بات ہے کہ ہم پربدھ بھارت کی 125ویں سال گرہ منارہے ہیں۔ یہ کوئی معمولی رسالہ نہیں ہے۔ اس کی شروعات کسی اور نے نہیں، بلکہ سوامی وویکانند نے 1896 میں کی تھی۔ اور وہ بھی 33 سال کی جواں عمری میں۔ یہ ملک کے سب سے طویل عرصہ سے نکلتے آرہے رسالوں میں سے ایک ہے۔
پربدھ بھارت، اس نام کے پیچھے ایک بہت ہی طاقتور سوچ ہے۔ سوامی وویکانند نے اس رسالے کا نام پربدھ بھارت رکھا تاکہ ہمارے ملک کی روح کا اظہار ہوسکے۔ وہ ایک ’بیدار بھارت‘ کی تخلیق کرنا چاہتے تھے۔ وہ لوگ جو بھارت کو سمجھتے ہیں وہ اس بات سے واقف ہیں کہ یہ محض ایک سیاسی یا علاقائی اکائی سے بڑھ کر کچھ اور بھی ہے۔ سوامی وویکانند نے بہت ہی بیباکی اور فخر کے ساتھ اس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے بھارت کو ایک ایسے ثقافتی شعور کے طور پر دیکھا جو صدیوں سے زندہ جاوید ہے اور سانسیں لے رہا ہے۔ ایک ایسا بھارت جو برعکس پیشین گوئیوں کے باوجود ہر چیلنج کے بعد مضبوط ہوکر ابھرا ہے۔ سوامی وویکانند بھارت کو پربدھ یعنی بیدار بنانا چاہتے تھے۔ وہ اس خوداعتقادی کو بیدار کرنا چاہتے تھے کہ ایک قوم کے طور پر ہم عظمت کی تمنا کرسکتے ہیں۔
دوستو، سوامی وویکانند کے دل میں غریبوں کے لئے بڑی دردمندی تھی۔ وہ صحیح معنوں میں یہ یقین کرتے تھے کہ غریبی ہر مسئلے کی جڑ ہے، لہٰذا ملک سے غریبی کا خاتمہ کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے ’درِدر نارائن‘ کو سب سے زیادہ اہمیت دی۔
امریکہ سے سوامی وویکانند نے بہت سے خطوط لکھے۔ میں ان خطوط کی جانب توجہ مبذول کرانا چاہوں گا جو انھوں نے میسور کے مہاراجا اور سوامی رام کرشنانند جی کو لکھے تھے۔ ان خطوط میں غریبوں کو بااختیار بنانے کے تعلق سے سوامی جی کے دو واضح خیالات ابھرکر سامنے آتے ہیں۔ پہلا، وہ چاہتے تھے کہ تفویض اختیارات کے عمل کو غریبوں تک لے جایا جائے، اگر غریب بذات خود تفویض اختیارات کے عمل تک رسائی حاصل نہیں کرپائیں۔ دوسرا، انھوں نے بھارت کے غریبوں کے بارے میں کہا ’’انھیں خیالات دیے جائیں، ان کی آنکھیں کھولی جائیں، ان چیزوں کے بارے میں جو کہ دنیا میں اور ان کے اردگرد چل رہی ہیں اور تب وہ اپنی نجات کے لئے کام کریں گے۔
یہی وہ نقطہ نظر ہے جس کے ساتھ بھارت آج آگے بڑھ رہا ہے۔ اگر غریب بینکوں تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے تو بینکوں کو غریبوں تک پہنچنا چاہئے۔ یہی وہ کام ہے جسے جن دھن یوجنا نے کیا ہے۔ اگر غریب بیمہ تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے تو بیمہ کو ان تک پہنچنا چاہئے۔ یہی وہ کام ہے جسے جن سرکشا اسکیم نے کیا ہے۔ اگر غریب صحت دیکھ بھال سہولتوں تک نہیں پہنچ سکتے تو ہمیں صحت دیکھ بھال کی سہولتوں کو غریبوں تک لے جانا ہے۔ یہی وہ کام ہے جسے آیوشمان بھارت اسکیم نے کیا ہے۔ سڑکیں، تعلیم، بجلی اور انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کو ملک کے ہر گوشے بالخصوص غریبوں تک لے جایا جارہا ہے۔ اس سے غریبوں کے اندر امنگیں بیدار ہورہی ہیں اور یہی وہ امنگیں ہیں جو جو ملک کی ترقی کی راہ ہموار کررہی ہیں۔
دوستو، سوامی وویکانند نے کہا ہے ’’کمزوری کا علاج اس خیال میں ڈوبے رہنا نہیں بلکہ طاقت کے بارے میں سوچنا ہے۔‘‘ جب ہم رکاوٹوں کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہم ان میں دفن ہوجاتے ہیں، لیکن جب ہم مواقع کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہمیں آگے بڑھنے کی راہ ملتی ہے۔ کووڈ-19 کی عالمی وبا کو ایک مثال کے طور پر لیجئے۔ بھارت نے کیا کیا۔ اس نے نہ صرف مسئلے کو دیکھا اور بے بس بنارہا بلکہ بھارت نے اس کا حل تلاشنے پر توجہ مرکوز کی۔ پی پی ای کٹس کی تیاری سے لے کر دنیا کے لئے ایک فارمیسی بننے تک، ہمارا ملک مضبوط سے مضبوط تر ہوتا گیا۔ یہ بحران کے دوران دنیا کے لئے تعاون کا ایک ذریعہ بن گیا۔ بھارت کووڈ-19 کے تیار کرنے کے معاملے میں پیش پیش ہے۔ محض چند دنوں قبل بھارت نے دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔ ہم ان صلاحیتوں کا استعمال دوسرے ملکوں کی مدد کے لئے بھی کررہے ہیں۔
دوستو، آب و ہوا کی تبدیلی ایک ایسی دوسری رکاوٹ ہے جس کا سامنا پوری دنیا کررہی ہے۔ تاہم ہم نے صرف اس مسئلے کے تعلق سے شکایت ہی نہیں کی، بلکہ ہم بین الاقوامی شمسی اتحاد کی شکل میں اس کا ایک حل لے کر آئے۔ ہم قابل تجدید توانائی کے بڑے پیمانے پر استعمال کی وکالت بھی کررہے ہیں۔ یہ سوامی وویکانند کے تصور کا پربدھ بھارت ہے جس کی تعمیر جارہی ہے۔ یہ ایسا بھارت ہے جو عالمی مسائل کا حل پیش کررہا ہے۔
دوستو، سوامی وویکانند بھارت کے لئے بڑے بڑے خواب رکھتے تھے، کیونکہ انھیں بھارت کے نوجوانوں پر زبردست اعتماد تھا۔ انھوں نے بھارت کے نوجوانوں کو ہنرمندی اور خوداعتمادی کے پاور ہاؤس کے طور پر دیکھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے سو پرجوش نوجوان دیں اور میں بھارت کو یکسر تبدیل کردوں گا۔‘‘ آج ہم یہ جذبہ بھارت کے بزنس لیڈروں، کھلاڑیوں، ٹیکنالوجی کے ماہرین، پیشہ وروں، سائنس دانوں، اختراع کاروں اور بہت سے دیگر لوگوں میں دیکھتے ہیں۔ وہ رکاوٹوں کو دور کرتے ہیں اور ناممکن کو ممکن بناتے ہیں۔
لیکن اپنے نوجوانوں کے درمیان اس جذبے کو مزید آگے کیسے بڑھائیں؟ عملی ویدانت سے متعلق اپنے خطابات میں سوامی وویکانند نے کچھ گہری بصیرت سے پُر باتیں کہی ہیں۔ انھوں نے ناکامیوں پر قابو پانے اور انھیں سیکھنے کے ایک جزو کے طور پر دیکھنے کی بات کہی۔ دوسری چیز جسے لوگوں کے اندر جاں گزیں کیا جانا چاہئے وہ یہ ہے کہ بے خوف اور خوداعتماد بنیں۔ بے خوف بننے کے لئے ہمیں خود سوامی وویکانند کی زندگی سے سبق ملتا ہے۔ جو کچھ انھوں نے کیا انھوں نے خود اعتمادی کے ساتھ کیا۔ انھیں اپنے تئیں اعتماد تھا۔ وہ اس بات کو لے کر پراعتماد تھے کہ وہ ایسی قدروں کی نمائندگی کرتے ہیں جو صدیوں پرانی ہیں۔
دوستو، سوامی وویکانند کے خیالات لافانی ہیں اور ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ حقیقی لافانیت دنیا کے لئے کوئی گراں قدر چیز بناکر ہی حاصل ہوتی ہے۔ کوئی ایسی چیز جو ہمیں لمبے عرصے تک زندہ رکھے ۔ ہماری پُرانک کہانیاں ہمیں کچھ گراں قدر باتیں سکھاتی ہیں۔ وہ ہمیں سکھاتی ہیں کہ جو لوگ لافانیت کے حصول کے لئے کوششیں کرتے ہیں اکثر وہ اسے حاصل نہیں کرپاتے، لیکن وہ لوگ جو دوسروں کی خدمت کرنے کا ہدف رکھتے ہیں تقریباً ہمیشہ لافانی بن جاتے ہیں۔ جیسا کہ سوامی جی نے خود کہا ہے ’’صرف وہی زندہ ہیں جو دوسروں کے لئے زندہ ہیں۔‘‘ اسے سوامی وویکانند کی زندگی میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ انھوں نے اپنے لئے کچھ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا دل ہمیشہ ملک کے غریبوں کے لئے دھڑکتا رہا۔ ان کا دل ہمیشہ مادر وطن کے لئے دھڑکتا رہا جو زنجیروں میں قید تھی۔
دوستو، سوامی وویکانند نے روحانی اور اقتصادی ترقی کو ایک دوسرے کے مغائر نہیں سمجھا۔ سب سے اہم بات یہ کہ وہ اس نقطہ نظر کے خلاف تھے جہاں لوگ غریبی کو رومانیت کا جامہ پہناتے ہیں۔ عملی ویدانت سے متعلق اپنے خطابات میں وہ کہتے ہیں ’’مذہب اور دنیاوی زندگی کے درمیان خیالی فرق ختم ہونا چاہئے، کیونکہ ویدانتا ہمیں یگانگت کی تعلیم دیتا ہے۔‘‘
سوامی جی ایک روحانی، عبقری شخصیت تھے، انتہائی معزز و پاکیزہ روح۔ تاہم انھوں نے کبھی بھی غریبوں کے لئے اقتصادی ترقی کے تصور کو ترک نہیں کیا۔سوامی جی بذات خود ایک سنیاسی تھے، انھوں نے کبھی بھی اپنے لئے ایک پیسہ نہیں مانگا، لیکن انھوں نے عظیم اداروں کی تعمیر کے لئے رقم اکٹھا کرنے میں مدد کی۔ ان اداروں نے غریبی کے خلاف لڑائی لڑی اور اختراعات کو فروغ دیا۔
دوستو، سوامی وویکانند کے متعدد ایسے خزانے ہیں جو ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ پربدھ بھارت 125 سالوں سے شائع ہوتا آرہا ہے اور سوامی جی کے خیالات کی اشاعت کررہا ہے۔ انھوں نے نوجوانوں کو تعلیم دینے اور قوم کو بیدار کرنے کا اپنا تصور قائم کیا ہے۔ اس نے سوامی وویکانند کے خیالات کو لافانی بنانے میں قابل ذکر تعاون دیا ہے۔ میں مستقبل کی اس کی کوششوں کے لئے پربدھ بھارت کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
شکریہ۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 997
(Release ID: 1693788)
Visitor Counter : 204
Read this release in:
Punjabi
,
Hindi
,
Marathi
,
Bengali
,
Assamese
,
Gujarati
,
Odia
,
Telugu
,
Kannada
,
English
,
Manipuri
,
Tamil
,
Malayalam