وزیراعظم کا دفتر

آج بھارت میں رونما ہورہی مثبت تبدیلیوں کو دیکھ کر نیتا جی سبھاش چندر بوس از حد فخر محسوس کرتے: وزیر اعظم


آتم نربھر بنگال، آتم نربھر بھارت تحریک میں ایک اہم کردار ادا کرے گا: وزیر اعظم

Posted On: 23 JAN 2021 8:02PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج نیتاجی سبھاش چندر بوس کے اس بیان کو یاد کیا جس کے تحت انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے پاس مقصد اور طاقت ہونی چاہئے جو ہمیں بہادری کے ساتھ حکومت کرنے کے لئے ترغیب فراہم کر سکے۔ آج آتم نربھر بھارت کے معاملے میں، ہمارے پاس وہ مقصد اور طاقت موجود ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ آتم نربھر بھارت کا ہدف ہماری قوت ارادی اور عزم مصمم کے ذریعہ حاصل ہوگا۔ نیتاجی سبھاش چندر بوس کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا واحد مقصد خون اور پسینے سے اپنے ملک کے لئے تعاون پیش کرنا اور اپنی سخت محنت و جدت طرازی سے بھارت کو خود کفیل بنانا ہے۔ وہ کولکاتا میں واقع وکٹوریہ میمورئیل  میں ’پراکرم دیوس‘تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

بھارت سے باہر نکلنے سے قبل نیتاجی کے ذریعہ اپنے بھتیجے ششر سے دل کو چھو لینے والا سوال پوچھنے کا حوالہ دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا، ’’اگر، آج ہر ہندوستانی دل پر ہاتھ رکھ کر نیتاجی کی موجودگی کو محسوس کرے، تب اسے وہی سوال سنائی دے گا: کیا آپ میرے لیے کچھ کریں گے؟ آج یہ کام، یہ کاج، یہ مقصد ہے ، بھارت کو خودکفیل بنانا۔ ملک کے عوام، ملک کا ہر ایک علاقہ ، ملک کا ہر ایک شہری اس کا حصہ ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے دنیا کے لئے بہترین مصنوعات تیار کرنے کے لئے ’زیرو ڈفیکٹ اور زیرو افیکٹ‘ کی حامل مصنوعات تیار کرنے کی اہلیت پیدا کرنے کی اپیل کی۔ نیتاجی نے کہا تھا، آزاد بھارت کے خواب کو کبھی مٹنے نہ دیں، دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں جو بھارت کو باندھ کر رکھ سکے۔ یقیناً، کوئی ایسی طاقت نہیں ہے جو 130 کروڑ بھارتیوں کو خودکفیل بننے سے روک سکے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نیتاجی سبھاش چندر بوس، غریبی، ناخواندگی، بیماری کو ملک کے بڑے مسائل میں شمار کرتے تھے۔ وہ ہمیشہ غریبوں کا خیال کیا کرتے تھے اور تعلیم کو بہت اہمیت دیتے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ غریبی، ناخواندگی، بیماری اور سائنسی مصنوعات کی قلت ہمارے بڑے مسائل ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لئے سماج کو مل کر کام کرنا ہوگا، ہمیں اس کے لئے مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔

وزیر اعظم مودی نے اطمینان کا اظہار کیا کہ آج ملک مظلومین، محرومین ، کاشتکاروں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ان تھک کوششیں کر رہا ہے۔ آج ہر نادار فرد کو مفت طبی معالجہ اور صحتی سہولیات حاصل ہو رہی ہیں؛ کاشتکاروں کو بیج سے لے کر بازار تک جدید سہولیات حاصل ہو رہی ہیں اور کھیتی میں ان کی لاگت میں تخفیف واقع ہو رہی ہے؛ نوجوانوں کے لئے معیاری تعلیم کے لئے تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو جدیدیت سے ہمکنار کیا جا رہا ہے؛ نئے آئی آئی ٹی ، آئی آئی ایم اور اے آئی آئی ایم ایس ادارے قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ قومی تعلیمی پالیسی کو بھی نافذکیا جا رہا ہے جو 21ویں صدی کی تعلیمی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں آج جو مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہیں، انہیں دیکھ کر نیتاجی سبھاش چندر بوس بہت فخر محسوس کرتے۔ جناب مودی نے کہا کہ نیتاجی یہ دیکھ کر کیسا محسوس کرتے کہ ملک جدید تکنالوجیوں میں خودکفیل بن رہا ہے؛ بڑی عالمی کمپنیوں ، تعلیم اور طبی شعبے میں بھارتیوں کے غلبےکو دیکھ کر انہیں کیسا محسوس ہوتا۔ اگر ایک جانب بھارتی دفاعی افواج کے پاس رافیل جیسے جدید طیارے موجود ہیں، تو دوسری جانب بھارت تیجاس جیسے جدید جنگی طیارے تیار کر رہا ہے۔ نیتاجی ہماری فوجی طاقت  کو دیکھ کر اور جس طرح ملک نے وبائی مرض کا سامنا کیا اور جس طرح ملک نے اندرونِ ملک ٹیکہ تیاری کا جدید سائنسی حل تلاش کیااور اس سلسلے میں دیگر ممالک کی بھی مدد کر رہا ہے، یہ سب دیکھ کر وہ ملک کو اپنا آشیرواد دیتے۔ ایل اے سی سے لے کر ایل او سی تک، دنیا ان کے خواب کے مضبوط بھارت کو دیکھ رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اس کی خودمختاری کو دی جانے والی چنوتی کا منھ توڑ جواب دے رہا ہے۔

جناب مودی نے کہا کہ آتم نربھر بھارت کے خواب کے ساتھ نیتاجی سبھاش ، سونار بنگلہ کی سب سے بڑی ترغیب ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو کردار ملک کی آزادی میں نیتاجی نے ادا کیا تھا، وہی کردار آتم نربھر بھارت کے معاملے میں مغربی بنگال کو ادا کرنا ہے۔ آتم نربھر بھارت کی قیادت بھی آتم نربھر بنگال اور سونار بنگلہ کے ذریعہ کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر کے آخر میں کہا کہ بنگال کو آگے آکر خود کو اور ملک کو عظمت بخشنی چاہئے۔

****

 

ش ح ۔اب ن

U-751


(Release ID: 1691790) Visitor Counter : 147