وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری

ملک میں برڈ فلو کی صورتحال

Posted On: 10 JAN 2021 4:03PM by PIB Delhi

نئی دہلی 10 جنوری 2021: ہریانہ کے پنچکولہ ضلع میں پولٹری (دو پولٹری فارموں) میں برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد ریاست نے 9 سریع الحرکت ٹیمیں لگائی ہیں اور دونوں متاثرہ مقامات پر قابو پانے اور روک تھام کی کارروائیاں جاری ہیں۔ گجرات کے سورت ضلع اور راجستھان کے سروہی ضلع میں کوؤں/جنگلی پرندوں کے نمونوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے اس کے علاوہ ہماچل پردیش کے کانگڑہ ضلع سے 86 کوؤں اور دو بگولے کی غیر معمولی اموات کی رپورٹ ملی ہے۔ ہماچل پردیش کے نہان، بلاسپور اور منڈی سے جنگلی پرندوں کی غیر معمولی اموات کی اطلاعات ملی ہیں اور ان کے نمونے متعلقہ لیباریٹری میں جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔

محکمے نے متاثرہ ریاستوں کو ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ بیماری مزید نہ پھیلے۔ اب تک 7 ریاستوں میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی ہے (کیرلا ، راجستھان، مدھیہ پردیش ، ہماچل پردیش ، ہریانہ، گجرات اور اترپردیش)۔

دہلی اور مہاراشٹر سے متعلقہ لیباریٹری کو بھیجے گئے نمونوں کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔ اسکے علاوہ چھتیس گڑھ کے بالود ضلع سے جنگلی پرندوں کے جو نمونے بھیجے گئے تھے ان میں بیماری کی تصدیق ہو گئی ہے۔

کیرلا کے دونوں متاثرہ اضلاع میں کنٹرول اور روک تھام  کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور کیرلا کو کارروائی کے بعد کی نگرانی کے پروگرام کے رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں۔

ملک کے متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے تشکیل دی گئی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہی ہیں۔ ایک مرکزی ٹیم 9 جنوری 2021 کو کیرلا پہنچی ہے اور اس وقت متاثرہ مقامات کی نگرانی کررہی ہے اور بیماری سےمتعلق چھان بین میں مصروف ہے۔ ایک اور مرکزی ٹیم 10 جنوری 2021 کو ہماچل پردیش پہنچی ہے اور متاثرہ علاقوں میں سروے کررہی ہے۔

ریاستوں سے درخواست کی گئی ہے کہ عوام میں بیداری پھیلائیں اور برڈ فلو کے بارے میں غلط خبریں پھیلنے سے روکیں۔ ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ آبی ذخیروں، زندہ پرندوں کی مارکٹوں، چڑیا گھروں اور پولٹری فارموں کے اردگرد نگرانی بڑھائیں، مردہ پرندوں کو مناسب طور پر ٹھکانے لگائیں اور پولٹری فارموں میں بایو سکریٹری کو مستحکم کریں۔

****

م ن۔ر ف۔ س ا

U-255

10.01.2021

 



(Release ID: 1687560) Visitor Counter : 97