بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت

کے وی آئی سی نے کووڈ - 19 کے دوران جموں و کشمیر کے کھادی کاریگروں کو ان کی گزر بسر کے لیے 30 کروڑ روپے تقسیم کیے

Posted On: 30 DEC 2020 2:13PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،30دسمبر ،2020   / کھادی اور دیہی صنعتوں کے کمیشن کے وی آئی سی نے کووڈ – 19 کے دوران جموں و کشمیر میں کھادی کے کاریگروں پر خصوصی توجہ دی ہے۔ کے وی آئی سی نے پورے ملک میں دیرپا روزگار کی فراہمی کےلیے انتھک کام کیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اس نے صرف جموں و کشمیر میں ہی پہاڑی علاقوں میں کھادی اداروں کو 29.65 کروڑ روپے تقسیم کیے ہیں۔

 

یہ رقم مئی 2020 سے ستمبر 2020 تک جموں و کشمیر میں 84 کھادی اداروں کو دی گئی ہے جس سے ان اداروں سے وابستہ 10800 کھادی کاریگروں کو فائدہ حاصل ہوا ہے۔ یہ مالی مددکے وی آئی سی کی ترمیم شدہ مارکیٹنگ ترقیاتی امداد کے تحت دی گئی ہے جس کا راست تعلق پیداوار سے متعلق سرگرمیوں سے ہے۔ اس اسکیم کے تحت  رقم ڈی بی ٹی کے ذریعے کاریگروں کے بینک کھاتوں میں براہ راست منتقل کر دی جاتی ہے۔

کووڈ – 19 لاک ڈاؤن مدت کے دوران کے وی آئی سی نے ایک خصوصی مہم بھی شروع کی ہے جس کا مقصد جموں و کشمیر کے ان کھادی اداروں کے ایم ایم ڈی اے کے 951 پرانے دعوؤں کو نمٹانا ہے جن کا تعلق 17-2016 سے لے کر 19-2018 کی درمیانی مدت سے ہے اور جو مختلف تکنیکی وجوہات سے زیر التوا ع ہے۔

کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب ونئے کمار سکسینہ نے کہا اس خصوصی مہم کے ذریعے  29.65 کروڑ روپے کی رقم 84 کھادی اداروں کو جاری کی گئی ہے جس سے جموں و کشمیر میں 10800 کاریگر کنبوں کو براہ راست فائدہ ہوا ہے۔ جس سے ہر کمزور طبقے کو آتم نربھر بنانے کے وزیراعظم کے خواب کو تقویت ملی ہے۔

 

جناب سکسینہ نے کہا کہ کھادی اداروں اور کاریگروں کو ایم ایم ڈی اے اسکیم کے ذریعے مالی مدد کو یقینی بنانے کے علاوہ کے وی آئی سی نے جموں ، اودھم پور، پلوامہ، کپواڑہ اور اننت ناگ میں کام کرنے والی ہزاروں خاتون کاریگروں کو بھی کام پر لگایا ہے۔ انہیں کھادی کے فیس ماسک سینے کا کام دیا گیا ہے۔ ان خاتون کاریگروں نے کھادی کے تقریباً 7 لاکھ فیس ماسک سیئے ہیں اور جموں و کشمیر سرکار کو سپلائی کیے ہیں۔فی الحال جموں و کشمیر میں، کھادی کے 103 ادارے کارکردگی انجام دے رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

                                                                       

م ن ۔ اس۔ ت ح ۔                                               

U –8544


(Release ID: 1684936) Visitor Counter : 208