نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ کی مداخلت کے بعد مرکزطبی ماہرین کی ٹیم کو ایلور بھیج رہا ہے


آندھرا پردیش کے ایلور میں پراسرار بیماری میں مبتلا بچوں کے اسپتال میں بھرتی ہونے کے بعد نائب صدر نے مرکزی وزیر صحت سے کی بات

وزیر صحت نے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ کہا؛ نمونوں کی رپورٹوں کا انتظار ہے

نائب صدر کو بتایا گیا ، خون کے نمونے دہلی کے ایمس میں بھیجے گئے ہیں

Posted On: 07 DEC 2020 6:00PM by PIB Delhi

نئی دہلی ، 07دسمبر :

پچھلے کچھ دنوں میں آندھراپردیش کے ایلور میں پراسرار بیماری میں مبتلا ہوئے بچوں کو اسپتال میں بھرتی کئے جانے کے بعد آج نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر صحت جناب ڈاکٹر ہرش وردھن سے بات کی جس کے بعد مرکز وہاں طبی ماہرین کی ایک تین رکنی ٹیم بھیج رہا ہے۔

تین سو سے زیادہ بچوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات ملنے پر نائب صدر نے ابتدائی طور پر براہ راست معلومات کے لئے ضلع کلکٹر سے بات کی۔ بعد میں انہوں نے منگلاگیری میں واقع ایمس کے ڈائریکٹر اور دہلی کے ایمس کے ڈائریکٹر سے بات کی اور انہیں بتایا گیا کہ بچوں کے خون کے نمونے دہلی بھیجے گئے ہیں۔

اس کے بعد نائب صدر نے جناب ہرش وردھن سے بات کی اور ان سے کہا کہ متاثرہ بچوں کی تشخیص اور علاج کی فراہمی میں ہر طرح کی مدد کی جائے۔ وزیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ لیب کی رپورٹیں موصول ہونے کے بعد بیماری کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مرکزی وزیر صحت اور ایمس کے ڈائریکٹر نے نائب صدر کو یقین دلایا کہ خون کے نمونوں کی رپورٹیں موصول ہونے پر بیماری کی تشخیص کے بعد علاج معالجہ کیا جائے گا۔

ضلع کلکٹر ریو متیالا راجو نے نائب صدر کو بتایا کہ بچوں میں بیماری کی وجوہات جاننے کے لئے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر جاکر سروے کیا جارہا ہے اور گنٹور اور کرشنا اضلاع کی طبی ٹیموں کی خدمات لی جا رہی ہیں۔

مبینہ طور پر یہ بچے قئے، دست، بیہوشی اور سر درد میں مبتلا ہیں۔

نائب صدر کو یہ بھی بتایا گیا کہ زہر پر قابو پانے والی ایمس کی ایک ٹیم نے اس واقعے کے سلسلے میں کل ایلور کے ڈاکٹروں سے بات چیت کی ہے۔

مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ ضلع سے دستیاب وبائی مرض اور کلینیکل اعداد و شمار کے تناظر میں مندرجہ ذیل مرکزی ٹیم کے ارکان کو بھیجا جارہا ہے:

1۔ ڈاکٹر جمشید نیئر ، ایمس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر (ایمرجنسی میڈیسن)۔

2۔ ڈاکٹر اویناش دیوشتور، ویرولوجسٹ، این آئی وی پنے۔

3۔ ڈاکٹر سنکیت کلکرنی، ڈپٹی ڈائریکٹر، این سی ڈی سی، دہلی سے پی ایچ ماہر۔

***************

م ن ۔ ن ا۔ م ف

U.No:7891

 



(Release ID: 1679088) Visitor Counter : 189