وزارتِ تعلیم

مرکزی وزیر تعلیم نے این آئی ٹی اروناچل پردیش میں میکینکل انجینئرنگ بلاک، بائیو ٹیکنالوجی کیمیکل انجینئرنگ بلاک سمیت دیگر سہولیات کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کیا


ہمارے تعلیمی اداروں کو بچوں میں سائنسی سوچ پیدا کرنے کے لئے اور علم کے ذخیرے کے طور پر کام کرناچاہئے: جناب رمیش پوکھریال
جناب کرن رجیجو نے وزار ت تعلیم کے ذریعہ لائی گئی نئی تعلیمی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پرائمری سطح سے لے کر اعلی سطح تک تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی

Posted On: 26 OCT 2020 7:18PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،   26اکتوبر / مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال  نشنک نے این آئی ٹی  اروناچل پردیش کے میکینکل انجینئرنگ بلاک، بائیو ٹیکنالوجی اور کیمیکل انجینئرنگ بلاک کے ساتھ سینٹرل انسٹرو مینٹیشن اور ری ایکشن انجینئرنگ تجربہ گاہوں کا افتتاح کیا۔ وزیر تعلیم نے یہ افتتاح ورچوئل طریقے سے کیا۔ اس موقع پر  اروناچل پردیش کے وزیر اعلی جناب پیما کھانڈو، امور نوجوان اور کھیل کے وزیر(آزادانہ چارج)، اقلیتی امور کے وزیر مملکت کرن رجیجو، ارونا چل پردیش کے وزیرتعلیم ای آر تبا تیدر بھی موجود تھے۔ ساتھ میں این آئی ٹی اروناچل پردیش کے ڈائریکٹر پروفیسر پینا کیشور مہنتا بھی شامل ہوئے۔

اس موقع پر جناب پوکھریال نے کہا کہ این آئی ٹی اروناچل پردیش پورے شمال مشرقی ہندوستان کو تعلیم کے شعبے میں ایک نئی راہ دکھا سکتا ہے۔ اس ادارہ کا مشن ہے‘‘علاقائی سطح کے ساتھ ساتھ قومی اور عالمی سطح پر لوگوں کی ضرورت سمجھ کر اسے  پورا کرنا جس سے سماج کی  بہتر طریقے سے خدمت کی جاسکے۔’’ ایسے مشن والے کسی بھی ادارے کا قومی سطح پر اہم ہونا فطری ہے۔جناب پوکھریال نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو بچوں میں سائنسی سوچ پیدا کرنے کے لئے اور علم کے ذخیرے کے طور پر کام کرناچاہئے۔ ایسا کرکے وہ نوجوانوں میں کتابوں سے باہر کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرسکتے ہیں۔ ایسا ہونے سے نوجوان نہ صرف نئی چنوتیوں کا سامنا کرکے اسے ایک موقع کے طور پر تسلیم کریں گے بلکہ وہ ایک اچھے انسان بھی بنیں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ پچھلے کچھ برسوں سے این آئی ٹی ارونا چل پردیش نے تحقیق اور تعلیم کی سطح پر کافی ترقی کی ہے۔ اسی کانتیجہ ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف)-2020 کی انجینئرنگ کے زمرے میں ادارہ کو 200  ویں رینکنگ ملی ہیں۔ جبکہ اے آر آئی آئی  اے رینکنگ 2020 میں بینڈ اے(25-11 ویں رینکنگ کے درمیان ) ملی ہے۔ یہ رینکنگ قومی اہمیت کی مرکزی یونیورسٹی اور سی ایف ای آئی کے زمرے میں دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ،  بنیادی سائنس اور ہیومینیٹز کے مضامین میں جس طرح سے ادارہ کے اساتذہ کے ذریعہ پبلی کیشن اور پیٹنٹ کی تعداد بڑھائی گئی ہے وہ تعلیم اور تحقیق کی بڑھتی سطح کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ این آئی ٹی میں اس وقت 53 ٹیچروں کے علاوہ گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کی سطح پر 800 طلباء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی کے  لئے 80 فیصد رجسٹریشن بڑھنے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ادارہ میں تحقیقی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔ نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ این آئی ٹی اروناچل پردیش اب مستقل کیمپس سے اپنی خدمات دے سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اچھے ادارے کے لئے ایک مستقل کیمپس کی ضرورت ہوتی ہے جس سے کہ وہ اپنے ہدف کو پورا کرسکے۔

اس موقع پر جناب رجیجو نے این آئی ٹی ارونا چل پردیش اور ادارہ کے ان طلباء کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا جو ملک کے دوسرے حصے سے آکر اس مشہور ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی وزیرتعلیم کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سےآج  این آئی  ٹی ارونا چل پردیش ایک محفوظ اور تعلیم کے لئے طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے والے ادارے کے طور  پر قائم ہوپایا ہے۔ انہوں نے نئی تعلیمی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پرائمری سطح سے لے کر اعلی سطح تک تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی۔  انہوں نے این آئی ٹی اروناچل پردیش کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔ ساتھ ہی مستقبل کے لئے بھی نیک خواہشات کااظہار کیا۔

میکنیکل انجینئرنگ بلاک، بائیو ٹیکنالوجی اور کیمیکل انجینئرنگ بلاک کو 17.405 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے جس میں ہر بلاک کارقبہ 7143 مربع میٹر ہے ۔ سبھی بلاک میں 7 نئی کلاسیں بنائی گئی ہے،جس میں 360 طلباء پڑھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ورچوئل کلاسیز کے ساتھ9 تجربہ گاہیں، ایک میٹنگ کے لئے کمرہ اور اساتذہ کے لئے 27 کیبن بنائے گئے ہیں۔

اسی طرح سینٹرل انسٹرومینٹل تجربہ گاہوں0.35 کروڑ روپے کی لاگت سے اور ری ایکشن انجینئرنگ تجربہ گاہ کو 0.05 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے لئے عالمی بینک کے ٹی ای کیو آئی پی-III سے فنڈنگ ملی ہے۔ دونوں تجربے گاہیں تحقیق اور صلاح کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے تمام جدید سہولیات کے ساتھ پوری طرح تیار کی گئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

  م ن۔  ق ت۔ ر ض

U- 7088



(Release ID: 1671396) Visitor Counter : 98