وزارات ثقافت

وزیراعظم نے راج ماتا وجے راجے سندھیا کے صدسالہ یوم پیدائش کےموقع پر 100روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا

Posted On: 12 OCT 2020 5:49PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  12 /اکتوبر 2020 ۔

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج راج ماتا وجے راجے سندھیا کے صد سالہ یوم پیدائش کے موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 100 روپے کا ایک خصوصی یادگاری سکہ جاری کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ راج ماتا وجے راجے سندھیا جی کے اعزاز میں 100 روپے کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کرتے ہوئے وہ خود کو خوش نصیب تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے وجے راجے جی کی کتاب کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس کتاب میں انہوں نے جس کا گجرات کے ایک نوجوان لیڈر کے طور پر ذکرکیا ہے، اب اتنے سالوں کے بعد وہ نوجوان ملک کے پردھان سیوک کے طورپر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔

DSC_6868.JPG

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ راج ماتا وجے راجے سندھیا ان لوگوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے ملک کو صحیح سمت میں گامزن کیا۔ وہ ایک بہترین لیڈر تھیں اور ایک باصلاحیت منتظم بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی کپڑوں کی ہولی جلانا ہو، ایمرجنسی کا دور ہو یا پھر رام مندر تحریک، راج ماتا نے ہندوستانی سیاست کے ہر دورکا مشاہدہ کیا۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کے لئے راج ماتا کی زندگی اور دوسری چیزوں کا جاننا بہت اہم ہے۔ ضرورت اس بات کی بھی ہے کہ ان کا اور ان کے تجربات کا تسلسل کے ساتھ تذکرہ ہو۔

Screenshot_20201012_110506.jpg

وزیراعظم نے آگے کہا کہ راج ماتا نے ہمیں سکھایا ہے کہ عوامی خدمت کےلئے کسی مخصوص خاندان میں پیدا ہونا ضروری نہیں۔ اس کے لئے جو ضروری چیز ہے وہ ملک اور اس کی جمہوری اقدار سے محبت ہے۔ اس طرح کے خیالات اور نظریات راج ماتا کی زندگی میں جا بجا دیکھے جا سکتے ہیں۔ راج ماتا کے پاس ہزاروں خادم تھے، شاندار محل تھا اورتمام تر سہولتیں حاصل تھیں، لیکن انہوں نے اپنی زندگی غریبوں کی خواہشات کی تکمیل میں اور عام لوگوں کےلئے وقف کردی تھی۔ عوامی خدمت سے انہوں نے خود کو ہمیشہ جوڑے رکھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ راج ماتا نے خود کو ملک کے مستقبل کے لئے پوری طرح وقف کر دیا تھا۔ملک کی آنے والی نسل کے لئے انہوں نے اپنی تمام تر خوشیاں ترک کر دی تھیں۔ وہ عہدے اور وقارکے لئے کبھی نہیں زندہ رہیں اور نہ ہی سیاست کے لئے۔ انہوں نے یاد کیا کہ جب راج ماتا نے بہت سے مواقع پر بڑی انکساری سے عہدے کو ٹھکرادیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار اٹل جی اور اڈوانی جی نے ان سے جن سنگھ کا صدر بننے کو کہا، لیکن اس کی جگہ انہوں نے ایک عام کارکن کی طرح جن سنگھ کے لئے کام کرنے کو ترجیح دی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ راج ماتا اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو ان کے نام سے یاد رکھتی تھیں۔ کسی کارکن کے دل میں اس وقت کیا جذبات ہوتے ہوں گے، آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔ وقار نہیں، عزت، سیاست کی کلید ہونی چاہئے۔ انہوں نے راج ماتا کو ایک روحانی شخصیت قرار دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عوام کی بیداری اور عوا م میں تحریک پیدا کرنے کی غرض سے پچھلے کچھ سالوں کے دوران ملک میں متعدد تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ بہت سی اسکیمیں اور اعلانات کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ راج ماتا کے آشیرواد سے ملک ترقی کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ناری شکتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے اور زندگی کے بہت سے شعبوں میں ان کی پیش رفت کو دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے حکومت کے ایسے بہت سے اقدامات کاذکر کیا، جن سے خواتین کو بااختیار بنانے کے راج ماتا کے خواب کو تعبیر آشنا کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ بھی حیرت انگیز اتفاق ہے کہ رام جنم بھومی کے جس خواب کو پورا کرنے کے لئے انہوں نے لڑائی لڑی، ان کی پیدائش کی صدی کی تکمیل کے موقع پر وہ خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آتم نربھر بھارت کی کامیابی سے ان کے ویژن کو طاقتور بنانے اور ایک خوشحال بھارت بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ثقافت کے مرکزی وزیر نے کہا کہ راج ماتا وجے راجے سندھیا کے اندر پارس پتھر جیسی سادگی تھی۔ انھوں نے راج ماتا وجے راجے سندھیا کے تعلق سے اپنے ذاتی تجربات مشترک کئے اور کہا کہ انھوں نے سیاست میں حصہ لیا لیکن ان کے کام میں کوئی سیاسی گروہ بندی یا جاہ طلبی نہیں تھی۔ ان کی سیاست اقدار کی سیاست تھی۔ وہ سیاسی اہداف کے حصول کے لئے اپنی قدروں سے سمجھوتہ کرنے کے خلاف تھیں۔ انھوں نے کہا کہ راج ماتا سندھیا کے پاس ہر وہ چیز تھی جس کے لئے کوئی شخص جدوجہد کرتا ہے۔ اگر وہ چاہتیں تو اپنی زندگی بہت سکون سے گزار سکتی تھیں لیکن انھوں نے عوام کی خدمت کو اپنا ہدف بنایا۔

وجے راجے سندھیا کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ متعدد ریاستوں کے گورنروں اور وزرائے اعلیٰ نے اس ورچول تقریب میں شرکت کی۔ وزارت ثقافت کے سکریٹری جناب راگھویندر سنگھ نے وزیر اعظم اور سبھی معززین کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کی نظامت کی۔

یہ سکہ راج ماتا وجے راجے سندھیا کی پیدائش صدی تقریبات کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی یادگاری سکہ ان تقریبات کے ایک جزو کے طور پر وزارت خزانہ کے ذریعے ڈھالا گیا ہے۔

وزیر اعظم کی مکمل تقریر اور پروگرام کے ویڈیو کے لئے یہاں کلک کریں۔

Pl click here for full speech of PM and video of programme.

 

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 6310

 



(Release ID: 1663803) Visitor Counter : 111