سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت

تعلیمی مواد کو ہندوستانی اشاراتی زبان میں منتقل کرنے کیلئے آئی ایس ایل آر ٹی سی اور این سی ای آر ٹی کے درمیان تاریخی مفاہمت نامے پر کل دستخط کیے جائیں گے

Posted On: 05 OCT 2020 6:28PM by PIB Delhi

سماعت سے محروم بچوں کے لئے مقررہ مواصلاتی فارمیٹ میں یعنی ہندوستانی اشاراتی زبان میں تعلیمی مواد کو قابل رسائی بنانے کیلئے اشاراتی زبان کی تحقیق اور تربیت سے متعلق ہندوستانی مرکز-آئی ایس ایل آر ٹی سی (معذور افراد کو بااختیار بنانے سے متعلق محکمہ، سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت کےتحت ایک قومی ادارہ) اور نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ -این سی ای آر ٹی (وزارت تعلیم کے تحت ایک قومی ادارہ) کے درمیان ایک تاریخی مفاہمت نامے پر کل دستخط کیے جائیں گے۔ اس مفاہمت نامے پر سماجی انصاف وتفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر تھاور چند گہلوت اور تعلیم کے مرکزی وزیر جناب رمیش پوکھریال نشنک، معذوروں کو بااختیار بنانے سے متعلق محکمےکی سکریٹری محترمہ شکنتلا ڈولے گیملین،وزارت تعلیم کی سکریٹری (ایس ای اینڈ ایل) محترمہ انیتا کروال، معذوروں کو بااختیار بنانے سے متعلق محکمے کے جوائنٹ سکریٹری اور آئی ایس ایل آر ٹی سی  کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پربودھ سیٹھ اور این سی ای آر ٹی کے ڈائرکٹر پروفیسر رشی کیش سیناپتی کی ورچوول موجودگی میں اس مفاہمت نامے پر دستخط کیے جائیں گے۔

اس مفاہمت نامے کے حصے کے طور پر پہلی جماعت سے لیکر بارہویں جماعت تک کے تعلیمی موادوں  مثلاً این سی ای آر ٹی نصابی کتابوں، اساتذہ کے ہینڈ بُک اور دیگر معاون تعلیمی موادوں اور وسائل کو ہندی اور انگریزی ذریعہ تعلیم  دونوں کے تمام مضامین کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں ہندوستانی اشاراتی زبان میں منتقل کیا جائیگا۔

اس مفاہمت نامے پر دستخط ایک تاریخی قدم ہوگا۔ ہندوستانی اشاراتی زبان میں این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں کی دستیابی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ سماج سے محروم طلباء بھی اب ہندوستانی اشاراتی زبان میں تعلیمی مواد تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ سماعت سے محروم طلباء، اساتذہ ، اساتذہ کی تدریس سے وابستہ افراد والدین اور سماعت سے محروم برادری کیلئے یہ بیحد سودمند اور نہایت ضروری وسائل ہوں گے۔ اس کے نتیجے میں ملک بھر میں سماعت سے محروم طلباء کی تعلیم پر وسیع اثرات مرتب ہوں گے۔ اس سے ہندوستانی اشاراتی زبان کے تعلیمی معیار کو یقینی بنایا جاسکے گا جیساکہ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 میں التزام کیا گیا ہے۔

اشاراتی زبان کی تحقیق اور تربیت سے متعلق ہندوستانی ادارہ (آئی ایس ایل آر ٹی سی) معذوروں کو بااختیار بنانے سے متعلق محکمے کا ایک خود مختار قومی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ ہندوستانی اشاراتی زبان کے استعمال کو مقبول عام بنانے کیلئے افرادی قوت تیار کرنے اور ہندوستانی اشاراتی زبان میں تحقیقات سے متعلق کام میں پوری طرح مصروف عمل ہے۔

این سی ای آر ٹی وزارت تعلیم کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے جو اسکولی تعلیم سے متعلق شعبوں میں تحقیق کرکے اور تحقیق کو فروغ دیکر اسکولی تعلیم میں معیار کو بہتر بنانے، مثالی نصابی کتابوں،معاون تعلیمی موادوں، نیوز لیٹرس، جریدوں اور تعلیمی کٹس تیار کرنے اور شائع کرنے کیلئے ذمہ دار ہے۔ علاوہ ازیں یہ ادارہ اختراعی تعلیمی تکنیکوں اور طریقہ کار کو بھی تیار کرتا ہے اور اس کی ترویج واشاعت کرتا ہے۔ یہ ادارہ بنیادی تعلیم کو ہمہ گیر بنانے کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے بھی ایک نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرتا ہے۔

 

 

-----------------------

م ن۔م ع۔ ع ن

U NO: 6108


(Release ID: 1661965) Visitor Counter : 122