امور داخلہ کی وزارت

ریلوے کے مرکزی وزیر مملکت جناب سریش سی انگڑی کے سانحہ ارتحال پر کابینہ کا اظہار تعزیت


جناب سریش سی انگڑی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

Posted On: 24 SEP 2020 12:09PM by PIB Delhi

مرکزی کابینہ نے 23 ستمبر 2020ء کو نئی دہلی میں ریلوے کے وزیر مملکت جناب سریش سی انگڑی کے سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

کابینہ نے جناب سریش سی انگڑی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔

کابینہ نے آج درج ذیل قرار داد پاس کی:

‘‘کابینہ 23 ستمبر 2020ء کو نئی دہلی میں ریلوے کے مرکزی وزیر مملکت جناب سریش سی انگڑی کے سانحہ ارتحال پر انتہائی رنج و غم کا ا ظہار کرتی ہے۔ان کے انتقال سے ملک نے ایک معروف قائد ، ماہر تعلیم، بہترین رکن پارلیمنٹ اور ایک قابل ایڈمنسٹریٹر کو کھو دیا ہے۔

جناب انگڑی کی پیدائش یکم جون 1955ء کو کرناٹک کے بیلگاوی ضلع کے  کے کے کوپا گاؤں میں ہوئی تھی۔انہوں نے بیلگاوی کے ایس ایس ایس سمیتی کالج سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد بیلگاوی کے راجہ لکھم گوڈا لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن جناب انگڑی 1996ء میں بیلگاوی ضلع میں پارٹی کی اِکائی کے نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔2001ء میں انہیں بیلگاوی ضلع کی اکائی کا صدر نامزد کیاگیا، جس پر وہ 2004ء تک فائز رہے ، جب انہیں بیلگاوی لوک سبھا حلقہ انتخاب سے پارٹی کاامیدوار بنایاگیا۔انہوں نے ایک بڑے فرق سے جیت درج کی اور 14ویں لوک سبھا کے رکن بنے۔اس کے بعد  وہ 2009، 2014 اور 2019 میں بھی بیلگاوی سے لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے۔

وہ خوراک ، امور صارفین اور عوامی تقسیم کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رہے؛ اس کے علاوہ فروغ انسانی ترقی  اور دفاع کے ساتھ ساتھ وزارت خزانہ کی مشاورتی کمیٹی کے بھی رکن رہے۔وہ ممبران پارلیمنٹ کے لئے پنشن ، تنخواہ اور بھتوں کی جوائنٹ کمیٹی ، سینٹرل ڈائریکٹ ٹیکسزکی مشاورتی کمیٹی، ہاؤس کمیٹی اور عرضیوں کی کمیٹی کے رکن تھے۔مئی 2019ء میں جناب انگڑی ریلوے کے وزیر مملکت بنے۔

وہ کئی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی شامل رہے  اور خاص طورسے ان کی توجہ صنعت ، زراعت اور غریبوں کی تعلیم پر رہی۔ وہ 2009 ء سے سریش انگڑی ایجوکیشن فاؤنڈیشن ، بیلگام کے چیئر مین بھی تھے۔انہیں مطالعہ کرنے اور سفر کرنے کا شوق تھا۔

یہ کابینہ حکومت اور پورے ملک کی طر ف سے غم زدہ اہل خانہ کے تئیں ہمدردی  اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

 

********

م ن۔ق ت۔ن ع

 (U: 5796)


(Release ID: 1658610) Visitor Counter : 116