وزارتِ تعلیم

مرکزی وزیر تعلیم نے مہا تماگاندھی کی150ویں سالگرہ کے موقع پر گاندھیائی خیالات اور فلسفے پر ایک ویبنار سے خطاب کیا

Posted On: 11 AUG 2020 8:19PM by PIB Delhi

نئی دہلی،11؍اگست، مرکزی وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال نشنک نے آج  گاندھیائی خیالات اور فلسفے پر  ایک ویبنار  سے خطاب کیا، جس کا اہتمام جامعہ ملیہ اسلامیہ نے  برطانوی آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔ گاندھیائی خیالات اور فلسفے سے متعلق ویبنار سیریز  کا یہ پہلا  لیکچر تھا۔  اس ویبنار سیریز  کا اہتمام  یونیورسٹی گرانٹ کمیشن  کی اس تجویز  کے مطابق  کیا گیا ہے، جس میں  کہا گیا ہے کہ  دانشوروں کے حلقوں تک  گاندھیائی  خیالات ا ور فلسفے  کی رسائی کے لئے مہا تما گاندھی  کی 150 ویں  سالگرہ  منائی جائے۔ اس موقع پر  وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر بھی موجود تھیں۔

 اپنے افتتاحی خطبے میں  جناب پوکھر یال نے کہا کہ  مہا تما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ  دنیا بھر میں منائی جارہی ہے۔ انہوں نے اس بات کے لئے  جامعہ ملیہ کو مبارک باد دی، کہ یہ ادارہ  مہا  تما گاندھی  کے اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے ، جنہوں نے  اس کے قیام  کی مکمل تائید کی تھی،  1920  میں اپنے قیام کے دن سے  مسلسل  ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا  خاص طور پر آزمائش کے موجودہ مرحلے میں گاندھیائی فلسفے  اور  حق ، محبت، عاجزی  اور  عدم تشدد  کے  ان کے اصولوں کی اہمیت کی معترف ہے۔ گا ندھی جی کے خیالات  ہمیں  کئی لحاظ سے رہنمائی کرتے ہیں، جن میں  سچائی ، امن ، عدم تشدد ، پائیدار ترقی ، ماحولیاتی تحفظ، مبنی برقدر تعلیم وغیرہ شامل ہیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ  عصری طالب علموں کے پاس  گاندھی جی کی زندگی سے بہت  کچھ سیکھنے کا موقع ہے کہ  طلباء  کس طرح ملک کی تعمیر میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ملک کا ہر شہری  گاندھی جی کے خیالات  اور فلسفے  سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کو  خود انحصار  بنا سکتا ہے۔

انہوں نے مختلف  تعلیمی شعبوں میں  جامعہ ملیہ اسلامیہ کی مسلسل بہتر کار کردگی  کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے خاص طور پر سول سروسز میں  جامعہ کی کار کردگی اور اپنی وزارت کے زیر  اہتمام کمپیوٹر پروگرامنگ (ہیکاتھون)  کے ایک پروگرام کا ذکر کیا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 

(م ن-    ع س - ق ر)

(24-08-2020)

U-4770


(Release ID: 1648150) Visitor Counter : 161