صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے آئی سی سی آر صدر دفتر پر ورچول طریقے سے جناب اٹل بہاری واجپئی کی تصویر کی نقاب کشائی کی

Posted On: 16 AUG 2020 1:55PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  16 /اگست 2020 ۔ صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج (16 اگست 2020) انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (آئی سی سی آر) یعنی ثقافتی رشتوں کی ہندوستانی کونسل کے صدر دفتر میں سابق وزیر اعظم ہند جناب اٹل بہاری واجپئی کی دوسری برسی پر ورچول طریقے سے ان کی تصویر کی نقاب کشائی کی۔ جناب اٹل بہاری واجپئی نے مارچ 1977 سے اگست 1979 تک وزیر خارجہ کے طور پر باعتبار عہدہ صدر کی حیثیت سے آئی سی سی آر میں خدمات انجام دیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج اس ورچول تقریب کے ذریعے ہم ایک ایسے ممتاز قوم پرست کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں جنھوں نے ہندوستانی سیاست میں متعدد شاندار ابواب رقم کئے۔ انھوں نے کہا کہ اٹل جی ہمیشہ لبرل سوچ اور جمہوری آئیڈیل کے تئیں پابند رہے۔ انھوں نے اپنی منفرد شخصیت سے لافانی نقوش چھوڑے اور پارٹی کارکن، رکن پارلیمنٹ، پارلیمنٹ کی اہم قائمہ کمیٹیوں کے صدر، اپوزیشن لیڈر، وزیر خارجہ اور وزیر اعظم کے طور پر اپنے مختلف کردار میں انھوں نے شاندار کارنامے انجام دیئے۔ اپنے برتاؤ سے اٹل جی نے عوامی زندگی میں سرگرم سبھی سیاسی جماعتوں کو یہ سیکھ دی کہ قومی مفاد ہمیشہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج پوری دنیا کووڈ-19 کے سبب خوف و ہراس سے دوچار ہے۔ لیکن انھوں نے اپنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس وبا سے عہدہ برآ ہونے کے بعد ہم تیزی کے ساتھ ترقی اور خوش حالی کی راہ پر آگے بڑھیں گے اور اکیسویں صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کے اٹل جی کے خواب کو حقیقت کی شکل دینے میں کامیاب ہوں گے۔

اس سے قبل آج صبح صدر جمہوریہ، سابق وزیر اعظم کو ان کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جناب اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی – سدیو اٹل تشریف لے گئے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/pres1NC13.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/pres231R7.JPG

 

******

 

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 4567

 



(Release ID: 1646361) Visitor Counter : 180