نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے متعلقہ افسروں سے راجیہ سبھا کو 2003 میں الاٹ کی گئی زمین کا قبضہ جلد سے جلد دینے کو کہا

Posted On: 30 JUL 2020 5:40PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے دلی کے آر کے پورم علاقے میں 2003 میں راجیہ سبھا سکریٹریٹ کو آلاٹ کی گئی 8700 مربع میٹر کی زمین کا قبضہ دینے میں ہورہی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس معاملے پر موجودہ صورتحال کے جائزے کے لئے راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے سینئر افسروں، مکانات اور شہری امور کی وزارت، دلی کے اربن شیلٹر امپاورمینٹ، بورڈ لینڈ اینڈڈیولپمنٹ آفس اور قانونی کونسل کے نمائندوں کے ساتھ  ایک میٹنگ میں جناب نائیڈو نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد زمین کو ناجائز قبضے سے آزاد کرانے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔

راجیہ سبھا کو آلاٹ کی گئی کل 8700 مربع میٹر زمین میں سے لگ بھگ 4384.25 مربع میٹر علاقے پر تین غیر سرکاری اداروں سمیت متعدد اداروں نے قبضہ کررکھا ہے۔ اس کے علاوہ 1193.54 مربع میٹر علاقے پر ناجائز کالونیوں نے قبضہ کررکھا ہے۔

انہوں نے اس معاملے پر ہورہی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور افسروں کو ہدایت دی کہ زمین خالی کرانے کے لئے ہائی کورٹ میں زیر التوا کیس سمیت دیگر سبھی معاملوں کا حل جلد ہی کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زمین کی قیمت اور جھگیوں کے ری لوکیشن یعنی انہیں کہیں اور بسانے کے لئے راجیہ سبھا 2003 میں ہی 1.25 کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے۔

انہوں نے توجہ دلائی کہ پہلے راجیہ سبھا ٹیلی ویژن سالانہ 30 کروڑ روپے کرایہ چکاتا تھا۔ نئی دلی میونسپل کونسل کے ساتھ ان کی بات چیت ہونے کے بعد یہ رقم گھٹ کر 15 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 15 کروڑ روپے بھی بڑی رقم ہے، جس کی بچت کی جانی چاہئے۔

نائب صدر نے خواہش ظاہر کی کہ زمین کا قبضہ حل ہوجانے پر فوراً ہی راجیہ سبھا ٹیلی ویژن اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے افسران کے لئے کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر شروع کی جاسکے گی، جس سے سرکاری رقم کی بڑی بچت ہوسکے گی۔

جائزہ میٹنگ میں جناب نائیڈو نے سکریٹری، مکانات اور شہری امور کی وزارت کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد سبھی افسروں کی میٹنگ کرکے اس معاملے کا جامع جائزہ لیں اور تمام معاملات کو تیزی سے حل کرنے کے سلسلے میں کوششوں میں تال میل پیدا کریں۔ انہوں نے راجیہ سبھا سکریٹری کو یہ ہدایت دی کہ وہ قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔

..............

 

   م ن، ح ا، ع ر

30-07-2020

U-4254



(Release ID: 1642510) Visitor Counter : 146