نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

بچوں کو گمراہ کُن اطلاعات اور جعلی خبروں سے عہدہ  بر آ ہونا سکھائیں: نائب صدر


بچوں میں پڑھنے کی عادت میں کمی پر تشویش کاا ظہار

نائب صدر جمہوریہ نے طلباء  سے کہا کہ وہ تعلیمی نظام الاوقات میں کووڈ کی وجہ سے پیدا شدہ رخنہ اندازیوں سے پریشان نہ ہوں

زندگی کے نشیب وفراز کا سامنا کرنے کے لئے نوجوان ذہنی اور  جذباتی طور پر خود کو مضبوط بنائیں

تعلیم کا مقصد بہترین انسان بنانا ہے: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر نے طلباء سے کہا کہ وہ  جسمانی و ذہنی صحت اور یکسوئی کو بہتر بنانے کے لئے برابر یوگا کریں

نوجوانوں سے اپنی دلچسپی کے مطابق منتخب شعبے میں امتیاز  حاصل کرنے کی تلقین

طلباء سے کہا کہ کم خوش نصیب لوگوں کی  حالت کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں


Posted On: 27 JUL 2020 5:22PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،27؍جولائی،  نائب صدر جمہوریہ  جناب ایم وینکیا نائیڈو نے میڈیا ، خاص طور پر موجودہ نیوز میڈیا میں پھیلی ہوئی گمراہ کن اطلاعات  اور جعلی  ؍ فرضی  خبروں سے بچوں کو  عہدہ بر آ ہونے  کا  طریقہ  سکھائے جانے پر  زور دیتے ہوئے کہا کہ  بچوں کو  ایسی تعلیم دی جانی چاہئے جس کی مدد سے وہ  ایسی خبروں  کو  پہچان سکیں۔

آج ٹائمس اسکالرس  ایوینٹ کے موقع پر 200 سے زیادہ  ہونہار  نوجوان  شرکاء  کو  ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے  نائب صدر نے  اُن سے معلومات کا  تجزیہ کرنے اور  سچائی کو قبول کرنے نیز  چھوٹی افواہوں کو  نظر انداز  کردینے کی صلاحیت  کو فروغ دینے کی  گزار ش کی۔ یہ تقریب ٹائمس آف انڈیا کے ذریعے طلباء میں پڑھنے بالخصوص اخبار پڑھنے کے تئیں دلچسپی کو  پروان چڑھانے کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے  کہا کہ  تعلیم یافتہ  طلباء  زندگی کے چیلنجوں کا  بہتر طریقے سے  سامنا کرنے کی  صلاحیت رکھتے ہیں۔

سابق صدر جمہوریہ  ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام  کا حوالہ دیتے ہوئے  نائب صدر نے  طلباء سے  بلند اہداف  مقرر کرنے اور بلند خواب  دیکھنے کی تلقین کی۔  انہوں نے کہا کہ  بلند اہداف  کی تکمیل کے لئے  خود انضباطی، سخت محنت ، یکسو عزم  اور  ہر حالت میں  توازن  برقرار رکھنے  جیسی  خوبیاں  ضروری ہیں۔

کووڈ  کے سبب  تعلیمی میقات میں  در آئی  رخنہ  اندازیوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے نوجوان طلباء سے تشویش میں مبتلا نہ ہونے کے لئے کہا کیونکہ یہ حالات  ان کے اختیار میں ہیں ہی  نہیں۔

 انہوں نے طلباء سے زندگی  کے نشیب وفراز میں بھی  ذہنی اور جذباتی طور پر  مضبوط  رہنے  کے لئے کہا۔

نائب صدر جمہوریہ نے  طلباء  کو   یکسوئی میں اضافہ کرنے ، جسمانی اور  ذہنی صحت کے لئے نیز  تناؤ اور  مایوسی سے  مبرا رہنے کے لئے  یوگ  کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ  یوگ  وبا کے دوران  جسم کی  قوت مدافعت  کر بڑھاتا ہے اور  مشورہ دیا کہ  یوگ کو  بچپن سے ہی  اسکولی نصاب میں شامل کیا جانا چاہئے۔

نائب صدر نے کہا کہ یوگ  ، نوجوانوں میں یکسوئی  لاتا ہے اور  نظم وضبط پیدا کرتا ہے۔

حالیہ اوقات میں ہر شعبے میں  روز  افزوں مسابقت  اور مقابلے  کا ذکر کرتے ہوئے  نائب صدر نے کہا کہ طلباء کے اندر  خود اعتماد ہونی چاہئے اور  امتیازی مقام حاصل کرنے کے لئے ہر رکاوٹ کو پار کرنے کا جذبہ بھی  ہونا چاہئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ  کامیابی کے لئے کوئی  مختصر راستہ  نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم  کا مقصد  محض ڈگری حاصل کرنا یا  روزگار ہی نہیں ہے، بلکہ  تعلیم اپنی ذات  کو منور کرنے  اور  اپنے اندر  خود اعتمادی پیدا کرنے کے لئے  ہے۔ تعلیم محض ضروری معلومات ہی نہیں فراہم کرتی بلکہ ہمیں  ایک اچھا انسان بناتی ہے۔

 ہندوستان کے قدیم  نظام تعلیم میں  اخلاقی قدروں پر خصوصی زور دیئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ رحم دلی ، تنبیہ ، ایمانداری ، احسان مندی ، عفو در گزر  اور  بڑوں کے تئیں احترام  کا جذبہ  جیسے  انسانی خوبیوں کا فروغ بھی تعلیم کا لازمی مقصد ہے۔

نوجوانوں کو  ہندوستان کے  سنہرے ماضی کا  نمائندہ قرار دیتے ہوئے  نائب صدر نے کہا ان سے کہا کہ  انہیں اپنی  خوش حال  تاریخی  وراثت پر فخر ہونا چاہئے اور دنیا میں  ہندوستان کے  اعلی ترین ثقافتی اقدار  اور  تہذیبی نمونوں  کا  نمائندہ بننا چاہئے۔

 انہوں نے  طلباء سے کہا کہ وہ اپنی  دلچسپی  کے کسی بھی منتخب شعبے میں امتیازی  مقام حاصل کرنے کی  ہر ممکنہ  کوشش کریں اور  امتیاز  کی  نئی  بلندیاں  تلاش کریں،  انہیں حاصل کریں، کبھی  بھی  موجودہ صورت حال سے ہی  مطمئن نہ ہوں، بلند سے بلند معیار قائم کریں اور  اسے حاصل کریں۔

نائب صدر  نے نوجوان طلباء سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ  موجودہ  دنیا کے سامنے  غریبی ، عدم مساوات ، تشدد  اور   ماحولیاتی تبدیلی جیسے  مسائل  کا مطالعہ کرکے انہیں سمجھیں اور ان کے  نئے حل  دریافت کریں۔

 بابائے قوم مہاتما  گاندھی کے ذریعے دئے گئے اصول کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے نوجوان طلباء سے درخواست کی کہ وہ  اپنے سے کم  خوش نصیب لوگوں کی  حالت کو  ہمیشہ  پیش نظر رکھیں۔

اس موقع پر  جناب نائیڈو نے ہندوستان کی  نوجوان طاقت  کو  ملک کا  سب سے اہم  وسیلہ  قرار دیتے ہوئے  اس  یقین کا اظہار کیا کہ نوجوان  ملک کو  ترقی کی  نئی بلندیوں تک لے جاسکیں گے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(م ن-   م م- ق ر)

U-4181



(Release ID: 1641752) Visitor Counter : 236