صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

جناب اشونی کمار چوبے نے سنگاپور کے ٹیماسیک فاؤنڈیشن سے 4475 آکسیجن کنسینٹریٹرس کی پہلی کھیپ کا استقبال کیا


آکسیجن کنسینٹریٹرس کووڈ-19 سے نمٹنے میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی کوششوں میں مدد کریں گے:اشونی کمار چوبے

Posted On: 22 JUL 2020 4:56PM by PIB Delhi

نئی دہلی:22 جولائی، 2020:

صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے نے آج سنگاپور کے ٹیماسیک فاؤنڈیشن سے 4475 آکسیجن کنسینٹریٹرس کی پہلی کھیپ کا استقبال کیا۔ ٹیماسیک فاؤنڈیشن نے ہندوستان کو کُل 20000 آکسیجن کنسینٹریٹرس عطیہ دینے کی پیشکش کی ہے۔ بقیہ آکسیجن کنسینٹریٹرس اگست 2020 میں حاصل ہوں گے۔ ان آلات کو کووڈ-19 کے اوسط معاملوں کے علاج میں استعمال کیلئے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو دستیاب کرایا جائیگا۔

سنگاپور کے ٹیماسیک فاؤنڈیشن کے تئیں اس تعاون کیلئے اظہار تشکر کرتے ہوئے جناب اشونی کمار چوبے نے کہا کہ آکسیجن کنسینٹریٹرس ملک میں کووڈ-19 سے نمٹنے کی جدوجہد میں کافی مدد کریں گے۔ فاؤنڈیشن کے اس تعاون کو ‘‘وقت پر دی گئی امداد’’بتاتے ہوئے انہوں نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کو کم سے کم وقت میں آلات کی درآمد کرنے کیلئے مبارکباد دی۔ انہوں نے اس پورے عمل کو مکمل کرنے میں ٹاٹاٹرسٹ کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔ جناب چوبے نے ان سبھی لوگوں کا بھی صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ملک میں کووڈ-19 سے نمٹنے کی لڑائی میں خون کا عطیہ اور پلازما عطیہ کے ذریعے تعاون کیا ہے اور اس طرح کاتعاون اب بھی کررہے ہیں۔

جناب چوبے نے کہا کہ ہندوستان وزیراعظم جناب نریندر مودی کی  کرشمائی قیادت میں ‘‘پوری حکومت’’ کے نقطہ نظر کے ساتھ مرکز اور ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان مربوط کوششوں کے ذریعے کووڈ-19 سے نمٹنے کی لڑائی کی قیادت کررہا ہے۔ پورے ملک میں اس کے حوصلہ افزا نتائج دکھائی دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم  ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کو انکی کوششوں میں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے عہد بند ہیں۔

جناب اشونی کمار چوبے نے آکسیجن کنسینٹریٹرس کی افادیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آکسیجن کنسینٹریٹرس کووڈ-19 سے متاثرہ ان اوسط درجے کے مریضوں کیلئے معاون آلات ہیں جنہیں کم  آکسیجن سپورٹ کی ضرورت ہوسکتی ہے۔  آکسیجن کنسینٹریٹرس کرۂ باد کی ہوا کو ادویاتی آکسیجن میں تبدیل کرتے ہیں جس میں 90 فیصد  تا 95 فیصد کا کنسینٹریشن (ارتکاز) ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آلے کو بھاری آکسیجن سیلنڈر کے نقل وحمل اور ان میں دوبارہ سے آکسیجن بھرنے جیسی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ اس لئے انہیں ان وارڈوں میں رکھا جاسکتا ہے جہاں ایسے مریضوں کا علاج  جاری ہو۔ ان مشینوں کااستعمال کووڈکیئر مراکز اور ان ریلوے کوچوں میں کیاجاسکتا ہے جنہیں کووڈ کیئر سینٹرس کے طور پر استعمال کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ آکسیجن کنسینٹریٹرس دور دراز کے علاقوں میں خصوصی  طور  پر قابل استعمال ہیں جہاں نقل وحمل سے متعلق رکاوٹیں آکسیجن سیلنڈر کی مسلسل سپلائی میں مانع ہوسکتی ہیں۔

اس پروگرام کے دوران صحت اور خاندانی بہبود (ایچ ایف ڈبلیو) کی وزارت کی سکریٹری محترمہ پریتی سودن، آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (ایم او ایچ ایف ڈبلیو) جناب راجیش بھوشن ، انڈیشن ریڈ کراس کے سکریٹری جنرل جناب آر کے جین، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے اعلیٰ افسران اور ٹاٹاٹرسٹ کے مندوبین بھی موجود تھے۔

 

 

-----------------------

 

م ن۔م ع۔ ع ن

U NO: 4080


(Release ID: 1640536) Visitor Counter : 207