سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
کووڈ-19 ٹسٹنگ تجربہ گاہ کا،سی ایس آئی آر-این ای آئی ایس ٹی، جورہاٹ میں افتتاح
Posted On:
02 JUN 2020 10:51AM by PIB Delhi
کووڈ-19 کی جانچ سے متعلق ایک تجربہ گاہ شمال مشرقی ادارہ برائے سائنس وٹیکنالوجی (این ای آئی ایس ٹی کے جورہاٹ کیمپس میں قائم کی گئی ہے۔ حکومت آسام کے صحت اور کنبہ بہبود، خزانہ، تعلیم (اعلی ،ثانوی اور ابتدائی) تغیرات اور ترقیات، پی ڈبلیو ڈی، ڈاکٹر ہمنتا بسوا شرما نے اس تجربہ گاہ کا افتتاح کیا۔ سی ایس آئی آر-این ای آئی ایس ٹی کے ڈائرکٹر، ڈاکٹر جی نرہری ساستری نے اسے ایک یادگار موقع قرار دیا اور کہا کہ سی ایس آئی آر-این ای آئی ایس ٹی کی تاریخ میں یہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہوئے کہ این ای آئی ایس ٹی آسام میں تحقیق اور ترقیات کا اولین ادارہ ہے، جہاں ٹسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ڈاکٹر ہمنتا بسوا شرما نے ادارے کے سائنسدانوں اور عملے کی ستائش کی، جن کی محنت سے یہ ممکن ہوسکا ہے۔
ڈاکٹر ساستری نے کہا کہ ادارے کے 10 سائنسدانوں کی ایک ٹیم، سرگرمی سے آراین اے کو وائرس سے علیحدہ کرنے میں مصروف ہے، اس کے علاوہ 40 دیگر عملہ اراکین امدادی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ادارے کا بائیوٹیکنالوجی ڈویژن آرٹی- پی سی آر پر مبنی کووڈ-19 ٹسٹنگ کی تکمیل میں ایک کلیدی کردار نبھا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت آسام اور جورہاٹ کی ضلعی انتظامیہ پوری سرگرمی کے ساتھ ادارے کی تمام تر کوششوں میں اپنا تعاون فراہم کررہی ہے اور ہر طرح کی حمایت بھی دے رہی ہے۔
ڈاکٹر ہمنتا بسوا شرما ،ادارے کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جی نرہری ساستری کی موجودگی میں کووڈ-19 ٹسٹنگ تجربہ گاہ کا سی ایس آئی آراین ای آئی ایس ٹی میں افتتاح کرتے ہوئے۔
حکومت آسام کے تحت صحت وکنبہ بہبود کے محکمے کے ایک مائیکروبائیولوجسٹ کو ادارے کے تحت کووڈ-19 ٹسٹنگ تجربہ گاہ سے مربوط کیا گیا ہے، تاکہ وہ اس ٹسٹنگ کو سند دے سکے۔ توقع کی جاتی ہے کہ ٹسٹنگ کے لیے لیے جانے والے نمونے ریاستی حکومت کے تال میل سے حاصل ہوسکیں گے اور جورہاٹ کا ضلعی انتظامیہ بھی اس کام میں اپنا تعاون دے گا۔ ادارہ نے اس کے شانہ بشانہ ٹسٹنگ مقاصد کے لیے ایک پروجیکٹ سائنٹسٹ اور ایک محقق اسکالر کی خدمات بھی ٹھیکے پر حاصل کی ہیں۔
ڈاکٹر شرما نے ادارے میں چلائے جارہے پروگراموں، تحقیق، ٹیکنالوجیوں اور مصنوعات وغیرہ کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔ انہیں یہ جان کر بڑی مسرت ہوئی کہ این ای آئی ایس ٹی نے کئی ٹیکنالوجیوں کو پیٹنٹ کرایا ہے اور ان کو کاروباری شکل دی ہے۔ ان میں جڑی بوٹی پر مبنی وجع المفاصل کے علاج میں کام آنے والا مرہم، جراثیم کا خاتمہ کرنے والا مرہم، خوشبودار پودوں کی نئی اقسام وغیرہ شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
م ن۔ ت ع۔
U-3006
(Release ID: 1628936)
Visitor Counter : 214