نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ اور ان کے اہل خانہ نے اُپ راشٹرپتی بھون میں چراغ روشن کئے
نائب صدر نے کووڈ-19کی وبا کے خلاف جنگ میں عزم مصمم کے اظہار کیلئے عوام کی تعریف کی
انہوں نے عوام سے سماجی فاصلے کے ضابطے پر عمل کرنے اور نوول کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے دوسروں کو ہدایت کرنے کی اپیل کی
لوگوں سے غریبوں اور ضرورتمندوں کی مدد کرنے کیلئے آگے آنے کی اپیل کی
سوشل میڈیا میں پھیل رہی غلط معلومات پر تشویش ظاہر کی اور افواہوں کو ختم کرنے کیلئے صحیح صحیح معلومات کی فراہمی پر زور دیا
حالات کے معمول پر آنے تک اپنی تنخواہ کا 30فیصد تک کووڈ-19کے خلاف جنگ میں تعاون کرنے کا نائب صدر کا فیصلہ
Posted On:
05 APR 2020 9:10PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 5اپریل2020،نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کووڈ-19 کی وبا کیخلاف جنگ میں اپنی مدد کے اظہار کے لئے کل رات 9 بجے اُپ راشٹر پتی بھون نئی دہلی میں محترمہ اُشمّہ کے ہمراہ دیپ روشن کیا۔
نائب صدر نے نوول کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہوئی مایوسی اور تاریکی کو دور کرنے کے لئے عوام کے ذریعہ کئے گئے ٹیم ورک کے مظاہرے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی اس پہل کا مقصد اپنے اتحاد، یکجہتی اور طاقت کا اظہار ہے۔
وزیراعظم کی اپیل کی مکمل حمایت کےذریعہ ہندوستان کے عوام نے اس وبا کی وجہ سے پیدا ہوئے بحران پر قابو پانے کے اپنے عزم مصمم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں میں رہنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے جناب وینکیا نائیڈو نے کہا کہ یہ ہر فرد کی ذ مہ داری ہے کہ وہ وائرس کو پھیلنے سے روکے۔
کووڈ-19 کے مقابلے میں حفظانِ صحت کارکنان، پولیس، میونسپل اور صفائی ستھرائی سے منسلک کارکنان اور سول سوسائٹی کے گروپوں کی انتھک کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے سماجی فاصلے اور ذاتی طور پر صفائی ستھرائی پر کاربند رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عوام سے کووڈ-19 کی پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے حکومت اور حفظان صحت کے ماہرین کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی۔
عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ عمل درآمد کئے جا رہے متعدد اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ سماج کے ہر ایک ممبر کی یہ ڈیوٹی ہے کہ وہ قومی بحران کی اس گھڑی میں نقل مکانی کرنے والے مزدوروں، ضرورتمندوں اور غریبوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔
عوام تک صحیح صحیح خبریں پہنچانے اور وبا سے متعلق لگاتار تفصیلات دینے کیلئے انہوں نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا دونوں کے عملے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے افواہوں، فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات خصوصاً سوشل میڈیا پر پھیل رہی افواہوں اور فیک نیوز کے تئیں محتاط رہنے کی اپیل کی۔
بعد ازاں اپنے ایک فیس بُک پوسٹ میں نائب صدر جمہوریہ نے غلط معلومات کے پھیلاؤ خصوصاً سوشل میڈیا پر غلط معلومات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ایسا ہے کہ اس میں وائرس کے پھیلاؤ کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘‘ ہمیں کسی برادری کے تئیں بالکل صاف ستھرا نقطۂ نظر اپنانا چاہئے اور کسی بھی واقعے کو جانب داری کے عینک سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ہمیں امید ہے کہ ایسے نا خوشگوارواقعات اور مجوزہ رہنما خطوط کی صریح خلاف ورزیاں نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ افواہوں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے صحیح صحیح معلومات کی تشہیر نہایت اہم ہے۔ نائب صدر نے کہا کہ طبی عملے کے صف اول کے دستے پر حملے سے متعلق واقعات پریشان کن ہیں، کیونکہ یہ نا خوشگوار حالت میں کووڈ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کووڈ کیخلاف جنگ میں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے صف اول کے جانبازوں خصوصاً میڈیکل پروفیشنلز کی سلامتی اور ان کا احترام انتہائی ضروری ہے۔
دریں اثناء نائب صدر جمہوریہ جو کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے حالات کے معمول پر آنے تک ہر ماہ اپنی تنخواہ کا 30فیصد حصہ کووڈ-19کیخلاف جنگ میں تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
U-1497
(Release ID: 1611537)
Visitor Counter : 156