گوا، 28 نومبر 2026
اداکار اور فلم ساز رشب شیٹی کو 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں فلم ’کانتارا: اے لیجنڈ – چیپٹر 1‘ میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین اداکار (مرد) کا سلور پیکاک ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ گوا کے وزیر اعلیٰ جناب پرمود ساونت نے پیش کیا۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چنچل کمار اور آئی ایف ایف آئی کے فیسٹیول ڈائریکٹر جناب آشوتوش گواریکر بھی موجود تھے۔
شیٹی کی اداکاری کی گہرائی اور شدت کو تسلیم کرتے ہوئے بین الاقوامی جیوری نے ناظرین کو جذبات کے ایک مؤثر سلسلے سے گزارنے کی ان کی صلاحیت کو سراہا۔ فلم کی کہانی میں ان کے مکمل جسمانی انہماک کا ذکر کرتے ہوئے جیوری نے کہا، ’’وہ ہنساتے ہیں، رلاتے ہیں اور ہمیں جذبات کے مختلف رنگوں کے سفر پر لے جاتے ہیں۔ ان کا پورا وجود فلم کے ساتھ ہم آہنگ ہو جاتا ہے۔ وہ خود کو مکمل طور پر کہانی کے حوالے کر دیتے ہیں۔ رشب شیٹی کی یہ حیرت انگیز اداکاری، اداکاری کے روایتی تصور سے آگے بڑھ کر ایک تجربہ بن جاتی ہے۔‘‘
بہترین اداکار (مرد) کا سلور پیکاک ایوارڈ کسی فیچر فلم میں مرد اداکار کی غیر معمولی اداکاری کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ میں سلور پیکاک، ایک سند اور 15 لاکھ روپے نقد انعام شامل ہیں۔
فلم ’کانتارا: اے لیجنڈ – چیپٹر 1‘ کا خلاصہ
کدمب عہد کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم کانتارا کے پراسرار جنگل میں پیش آنے والے واقعات کی داستان بیان کرتی ہے۔ بنگرا کے راجا وجیندر کے جنگل میں داخل ہونے اور وہاں اپنی جان گنوا دینے کے بعد ان کے جانشین راج شیکھر سلطنت کی سرحدیں بند کر دیتے ہیں۔ کئی برس بعد جنگل کا باشندہ بیرمے ممنوعہ سرحد عبور کرتا ہے اور سلطنت کے ظالمانہ نظام سے آشنا ہوتا ہے۔ جب بے رحم شہزادہ کُلا شیکھر جنگل کے قبائل پر حملہ کرتا ہے تو بیرمے انصاف اور دھرم کے لیے جدوجہد میں اپنی قوم کو متحد کرتا ہے۔ یہ تصادم بالآخر نظریات، عقیدے اور تقدیر کے درمیان ایک عظیم جنگ کی صورت اختیار کر لیتا ہے، جو دو دنیاؤں کے حتمی انجام کا فیصلہ کرتی ہے۔
********
ش ح۔ ف ش ع
U: 8437