پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 3:46PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج اتر پردیش کے شہر وارانسی میں 'کاشی تمل سنگمم' کے پانچویں ایڈیشن (کے ٹی ایس 5.0) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 10 غیر ملکی زبانوں سمیت 50 زبانوں میں ترجمہ شدہ 'تھروکورل' کے ایڈیشنز کا اجرا کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ کاشی اور تمل ناڈو کے درمیان ایک گہرا تہذیبی، ثقافتی اور روحانی رشتہ ہے جو ہزاروں سال پرانا ہے۔ کاشی کو دنیا کا روحانی دارالحکومت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شہر تمل عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے، جن کے لیے کاشی کی زیارت اور بابا وشواناتھ کے درشن ایک دیرینہ روحانی آرزو ہوتی ہے۔
نائب صدر نے مشاہدہ کیا کہ بھارت کے بے پناہ لسانی، علاقائی اور ثقافتی تنوع کے باوجود، ایک مشترکہ تہذیبی اور روحانی قدر نے ہمیشہ ملک کو متحد رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی پائیدار رشتے نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں 'کاشی تمل سنگمم' کے آغاز کی تحریک دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہل محض ایک ثقافتی پروگرام سے آگے بڑھ کر ایک اہم قومی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے جو تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان تاریخی تعلقات کو دوبارہ زندہ کرتی ہے اور 'ایک بھارت، شریشٹھ بھارت' کے جذبے کو مضبوط بناتی ہے۔
اس سال کا ایڈیشن 'تھروکورل پائیلووم – تھروکورل ابھیاس کریں' کے موضوع پر مرکوز ہے، جس کا مقصد تھروکورل کی لازوال حکمت اور اخلاقی اقدار کو خاص طور پر طلباء اور نوجوانوں تک پہنچانا ہے۔ نائب صدر نے تھروکورل کو زندگی کا ایک آفاقی رہنما قرار دیا، جس کا مساوات، انسان دوستی اور راست بازی کا پیغام زبان، خطے اور قوم کی سرحدوں سے بالاتر ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس کی تعلیمات کا مطالعہ کریں اور انہیں اپنی روزمرہ کی زندگی میں عملی طور پر اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زبانوں سمیت 50 زبانوں میں 'تھروکورل' کا ترجمہ تمل زبان و ادب کے لیے ایک اہم کامیابی اور تھروولوور کی تعلیمات کی آفاقی افادیت کو خراجِ تحسین ہے۔ اس بات کو یاد کرتے ہوئے کہ 'کاشی تمل سنگمم' کے پہلے ایڈیشن میں تھروکورل کو 13 زبانوں میں شائع کیا گیا تھا، اور اس کے بعد دوسرے ایڈیشن میں 16 مزید زبانوں میں اس کے تراجم کیے گئے، انہوں نے کہا کہ پانچویں ایڈیشن میں اس کی 50 زبانوں میں دستیابی تمل ادبی ورثے کو وسیع تر عوام تک پہنچانے کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے۔
لسانی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ہر شخص کو دوسروں کی زبانوں کا احترام کرتے ہوئے اپنی مادری زبان پر فخر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، 'اپنی زبان سے محبت کبھی بھی کسی دوسری زبان کے لیے نفرت کا سبب نہیں بننی چاہیے۔' انہوں نے کہا کہ بھارت کی طاقت اس کی متعدد زبانوں اور مشترکہ نظریات میں مضمر ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے سنگم دور کے شاعر کنیان پنگنڈرانار کے مشہور الفاظ 'یادم اورے، یاورم کیلیر' کے حوالے کو بھی یاد کیا، جس نے عالمگیر بھائی چارے کے تمل تصور کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
نائب صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پیرنتھلائیور کے۔ کامراج اور پسومپون متھوراملنگا تھیور جیسے رہنماؤں سے تحریک حاصل کریں اور قومی اتحاد کے جذبے کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا بھارت کی تہذیبی اقدار کو آگے بڑھانے اور ملک کو متحد رکھنے والے رشتوں کو مضبوط بنانے میں ایک اہم کردار ہے۔
وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے ریاست میں آنے والی تبدیلی اور معاشی ترقی و عوامی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں اس کی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی اور دوستی کو بھی یاد کیا، جو 1998 میں پارلیمنٹ میں ان کے ایک ساتھ گزارے ہوئے وقت سے چلی آ رہی ہے۔
2047 کے لیے بھارت کی امنگوں پر بات کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ 'وکست بھارت' کا ہدف محض معاشی ترقی تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو تہذیبی ورثے، ثقافتی اقدار اور انسان دوستی کی ایک عالمی مثال کے طور پر بھی ابھرنا چاہیے۔ انہوں نے تصادم، غیر یقینی صورتحال اور تقسیم کا سامنا کرنے والی دنیا میں 'وسودھیو کٹمبکم' اور 'سروے بھونتو سکھنہ' کے بھارتی روایتی فلسفے کی افادیت کو اجاگر کیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر نائب صدر نے ملک کے دریاؤں کو آپس میں جوڑنے کے تصور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب دریائے گنگا کا پانی دریائے کاویری تک پہنچے گا۔
تمل ناڈو سے تقریباً 1,400 شرکاء، جو معاشرے کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرتے ہیں—جن میں طلباء، اساتذہ، مصنفین، صحافی، کسان، دستکار، خواتین اور صنعت کے نمائندے شامل ہیں—کاشی تمل سنگمم کے اس ایڈیشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
یہ پروگرام وزارتِ تعلیم کے محکمہ اعلیٰ تعلیم، آئی آئی ٹی مدراس، بنارس ہندو یونیورسٹی، سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل (چنئی)، حکومتِ اتر پردیش اور حکومتِ ہند کی مختلف وزارتوں اور محکموں کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ؛ مرکزی وزیر تعلیم جناب پرہلاد جوشی؛ اترپردیش کے وزراء جناب انل راج بھر، جناب رویندر جیسوال، جناب دیاشنکر مشرا اور جناب ہنس راج وشوکرما؛ محکمہ اعلیٰ کی سکریٹری محترمہ دیپتی اُماشنکر؛ بھارتی بھاشا سمیتی کے چیئرمین جناب چامو کرشن شاستری؛ آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائرکٹر جناب وی کاماکوٹو؛ بنارس ہندو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اجیت کمار چترویدی؛ روحانی قائدین، اسکالر حضرات، تمل ناڈو کے مندوبین، طلبا اور عوامی اراکین نے اس تقریب میں شرکت کی۔
اس سے قبل، نائب صدر جمہوریہ نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ وارانسی میں شری کاشی وشوناتھ مندر اور شری کال بھیرو مندر کا دورہ کیا اور پوجا کی۔
*****
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8419