57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

’پارو: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف برائیڈ سلیوری ‘ دلہنوں کے طور پر اسمگلنگ کے جال میں پھنسی خواتین کی حالت زار کو اجاگر کرتی ہے


اداکارہ، پروڈیوسر اور اسکرین پلے رائٹر ترپتی بھوئیر نے 57ویں آئی ایف ایف آئی میں استحصال، صنفی عدم مساوات اور خواتین کے حقوق پر مبنی ایک اثر انگیز کہانی پیش کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 4:15PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342623Views: 10

ستاون ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کے انڈین پینورما سیکشن میں شامل فلم پارو: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف برائیڈ سلیوری خواتین کو خرید کر دلہن بنانے اور فروخت کرنے کے ایک فکر انگیز اور بڑے پیمانے پر غیر رپورٹ شدہ رواج کو منظر عام پر لاتی ہے، خاص طور پر ہریانہ کے میوات علاقے میں۔ اس علاقے میں ’پارو‘ کی اصطلاح ایسی خواتین کے لیے استعمال کی جاتی ہے جنہیں شادی کے لیے خریدا یا فروخت کیا جاتا ہے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ اور پروڈیوسر ترپتی بھوئیر نے بتایا کہ انہوں نے یہ فلم بنانے کے لیے ساڑھے چار سال تک تحقیق کی ہے۔ یہ ان کی دوسری فلم ہے جسے آسکر کے لیے فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فلم میں ایک منفرد تخلیقی سفر اختیار کرتے ہوئے ترپتی بھوئیر نے پروڈیوسر، اسکرین پلے رائٹر اور مرکزی کردار، تینوں کی ذمہ داریاں خود نبھائی ہیں۔

 

 

چیلنجوں سے بھرپور تحقیق، جس نے اس فلم کی تیاری کی تحریک دی

فلم کا خیال ترپتی بھوئیر کو دستاویزی فلموں اور میڈیا رپورٹس کے ذریعے ہندوستان میں دلہنوں کو غلام کے طور پر رکھنے  کے رواج کے بارے میں جاننے کے بعد آیا۔ خواتین کے مسائل اور حقوق پر مبنی فلموں کے لیے مشہور ترپتی بھوئیر نے اس رواج کی حقیقتوں کو دیکھ کر گہری تشویش محسوس کی۔

ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کی مدد سے بھوئیر اور ان کی والدہ نے صحافیوں کا بھیس بدل کر گاؤں کا دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے تقریباً 62 سے 63 ایسی خواتین سے ملاقات کی جنہیں دلہن کے طور پر غلام بناکر رکھا گیا تھا۔ ان خواتین کا تعلق مہاراشٹر، آندھرا پردیش، اڈیشہ، بہار، اتر پردیش، راجستھان، گجرات اور دہلی سے تھا۔

بھوئیر نے کہا کہ دلہنوں کی خرید و فروخت کا یہ کاروبار صنفی عدم مساوات اور غربت کی جڑوں سے جڑا ہوا ہے۔ یہ مسئلہ صرف ہریانہ تک محدود نہیں بلکہ ملک گیر سطح پر ایک وسیع تشویش کا باعث ہے، کیونکہ کئی ریاستوں کی خواتین اور لڑکیاں اس رواج کا شکار ہو رہی ہیں۔

تحقیق کے دوران سامنے آنے والے سب سے زیادہ پریشان کن واقعات میں سے ایک تقریباً 11 سے 13 سال کی ایک لڑکی کا تھا، جسے مبینہ طور پر نہایت معمولی رقم کے عوض فروخت کر دیا گیا تھا۔ اس کم عمر لڑکی کی کہانی ہی فلم کے مرکزی کردار کے لیے تحریک بنی، جسے خود ترپتی بھوئیر نے ادا کیا ہے۔ اس کردار کے ذریعے فلم ساز ان بے شمار خواتین کے درد، بے بسی اور سنگین استحصال کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنا چاہتی ہیں، جن کی کہانیاں اکثر اَن سنی رہ جاتی ہیں۔

 

 

سنیما سے آگے بڑھ کر اس جدوجہد کو جاری رکھنا

اس فلم کی اہمیت صرف کہانی بیان کرنے تک محدود نہیں ہے۔ ترپتی بھوئیر نے بتایا کہ این جی او شیلٹر فاؤنڈیشن نے دلہنوں کو غلام کے طور پر کھے جانے کے تقریباً 2,000 خواتین کے اعداد و شمار جمع کیے ہیں۔ یہ اعداد و شمار تقریباً ایک سال اور تین ماہ قبل قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن وجیا راحتکر کو پیش کیے گئے تھے۔ اس کے بعد مرکزی حکومت نے حقائق کا پتہ لگانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’میں حکومت کو سلام پیش کرتی ہوں جس نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ یہ فلم بنانے کی ایک اور وجہ بھی ہے۔‘‘

خواتین کی اسمگلنگ: ایک عالمی مسئلہ

بھوئیر نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ لاپتہ ہونے والی لڑکیاں اور جنسی تشدد پوری دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ گزشتہ 15 سے 20 برسوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور جسم فروشی کے بارے میں بیداری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، لیکن دلہنوں کی خرید و فروخت اور انہیں غلام بنانے کے رواج کو اب بھی نسبتاً بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔ دنیا بھر کے فلمی میلوں اور اداروں میں فلم کی نمائش کے دوران لوگوں سے ہونے والی بات چیت نے ان کے اس یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ اس مسئلے پر بین الاقوامی سطح پر زیادہ بیداری پیدا کرنے اور تبادلۂ خیال کرنے کی ضرورت ہے۔

پارو: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف برائیڈ سلیوری  کے ذریعے ترپتی بھوئیر امید کرتی ہیں کہ وہ اس نہایت تشویش ناک سماجی مسئلے کو حاشیے سے نکال کر مرکزی دھارے میں لائیں گی اور صنفی عدم مساوات، دلہنوں کو غلام کے طور پر رکھنے  کے معاملے اور خواتین کے وقار و حقوق سے متعلق گفتگو کا آغاز کریں گی۔

پریس کانفرنس کی نظامت شبھانکر وششٹھ نے کی۔

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

****************

ش ح۔ش ب ۔ م الف

U N-8368


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342623
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026