پنجی میں جاری 57ویں بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) میں میلے کا تجربہ صرف فلمیں دیکھنے تک محدود نہیں ہے۔ آئی ایف ایف آئی کا کیمپس تخلیقی اداروں، ثقافتی سرگرمیوں، علاقائی پکوانوں، مقامی مصنوعات، یادگاری اشیا اور سبھی کی رسائی کو آسان بنانے کے اقدامات کا ایک پُررونق مرکز بن گیا ہے۔ یہ تمام متنوع سرگرمیاں مندوبین، فلم سازوں، طلبہ اور دیگر زائرین کو بھارت کے وسیع تخلیقی اور ثقافتی ورثے کو جاننے اور اس سے جڑنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

رسائی اور شمولیت کو فروغ
کیمپس کی ایک اہم خصوصیت سویم نامی تنظیم کی بیداری مہم ہے، جو نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد کے وقار اور ان کے لیے سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام کرتی ہے۔ آئی ایف ایف آئی میں دوسری مرتبہ شرکت کرتے ہوئے، سویم عوامی مقامات کو سب کے لیے قابلِ رسائی بنانے اور معذور افراد کی ثقافتی و سماجی سرگرمیوں میں شرکت کی ضرورت کی جانب توجہ مبذول کرا رہی ہے۔ یہ مہم میلے کے مقام پر رسائی کو آسان بنانے کے لیے کیے گئے انتظامات کی تکمیل کرتی ہے اور اس اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ ثقافتی سرگرمیوں اور تجربات کو ہر ایک کے لیے قابلِ رسائی اور خوش آئند بنایا جائے۔
بھارت کے تخلیقی اور تعلیمی نظام کی جھلک
میلے کا کیمپس تخلیقی ٹیکنالوجی، سنیما، فنونِ لطیفہ اور ڈیزائن کے شعبوں میں کام کرنے والے اداروں کے لیے بھی ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں وہ اپنے اقدامات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ زائرین سے تبادلۂ خیال بھی کر سکتے ہیں۔
ممبئی میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کریئیٹو ٹیکنالوجیز (آئی آئی سی ٹی)، جو اینیمیشن، بصری اثرات، گیمنگ، کامکس اور توسیعی حقیقت (اے وی جی سی-ایکس آر) کے لیے بھارت کا قومی مرکزِ امتیاز ہے، اینیمیشن کردار سازی کے مقابلے کے ذریعے بھی زائرین کو اپنی سرگرمیوں میں شامل کر رہا ہے۔ یہاں رکھی گئی یادگاری اشیا کی نمائش کے ذریعے زائرین کو تخلیقی ٹیکنالوجی کے شعبے میں موجود امکانات اور تیزی سے بڑھتے مواقع سے بھی روشناس کرایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پبلی کیشنز ڈویژن (ڈی پی ڈی) بھارتی سنیما سے متعلق مطبوعات کا ایک مجموعہ پیش کر رہا ہے، جس کے ساتھ اس کی گاندھیائی سلسلے کی معروف کتابیں بھی شامل ہیں۔ منتخب کتابوں پر خصوصی رعایت دی جا رہی ہے، جس سے زائرین ان کی ادبی پیشکشوں کو دیکھنے اور ان سے استفادہ کرنے کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔
ایس اے فلم اکیڈمی، چنئی؛ دادا لکشمی چند اسٹیٹ یونیورسٹی آف پرفارمنگ اینڈ وژول آرٹس، روہتک، ہریانہ؛ اور جے ڈی انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی کی شرکت بھی ان تعلیمی اور پیشہ ورانہ شعبوں کے تنوع کی عکاسی کرتی ہے، جو بھارت کی وسعت پذیر ذرائع ابلاغ، تفریح اور تخلیقی صنعتوں کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔
علاقائی تنوع کے ذائقے
کھانے پینے کے اسٹال کیمپس کے تجربے میں ایک اور رنگ بھرتے ہیں، جہاں مختلف علاقوں کے روایتی اور مقبول پکوان دستیاب ہیں۔ ان میں ناگا کھانوں اور بریانی سے لے کر ڈوسا، کافی اور بیکری کی مصنوعات تک شامل ہیں۔ گوا کا منفرد رنگ پیش کرتے ہوئے، گوا فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ مقامی طور پر حاصل کیے گئے کاجو کی نمائش کر رہی ہے، جس کے ذریعے علاقے کی مقامی پیداوار کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

یادگاری اشیا کے اسٹال زائرین کو میلے سے وابستہ مختلف یادگاری مصنوعات اور تخلیقی اشیا پیش کر رہے ہیں۔ پونے کا فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) ملبوسات اور دیگر استعمال کی اشیا کی نمائش کر رہا ہے، جبکہ انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا (ای ایس جی) بھی اپنی یادگاری مصنوعات کا مجموعہ پیش کر رہی ہے۔
بڑے پردے سے آگے تفریح کے نئے رنگ
میلے کے تجربے کو ڈیجیٹل اور نشریاتی دنیا تک وسعت دیتے ہوئے پرائم ویڈیو، اسٹوری ٹی وی ایپ اور بگ ایف ایم بھی اپنے اپنے اسٹالوں کے ذریعے اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کی موجودگی زائرین کو ذرائع ابلاغ اور تفریح کی بدلتی ہوئی دنیا میں مختلف انداز اور پلیٹ فارم سے واقف ہونے اور ان سے جڑنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اسٹال چلانے والوں نے ان کی شرکت کو ممکن بنانے میں وزارتِ اطلاعات و نشریات، انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا۔
تخلیقی اداروں، علاقائی ذائقوں، مقامی مصنوعات، تفریحی پلیٹ فارموں اور رسائی کو آسان بنانے کے اقدامات کے امتزاج کے ساتھ، آئی ایف ایف آئی کا کیمپس زائرین کو بھارت کے ثقافتی اور تخلیقی منظرنامے کے مختلف پہلوؤں کو جاننے، لوگوں سے ملنے جلنے اور ان سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

آئی ایف ایف آئی لائیڈ یہاں پڑھیں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
(ش ح ۔رک)
U. No.8281