57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 آخری منظر کے بعد بھی: آئی ایف ایف آئی کی شاموں  کا جادو


کھلے آسمان تلے فلموں کی نمائش، ثقافتی پیشکشوں اور تخلیقی تبادلوں سے پُر رونق ہوتی گوا کی شامیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 6:47PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2341602Views: 3

مانڈوی ندی پر سورج غروب ہونے اور پنجی کی سڑکوں پر روشنیاں جگمگانے کے ساتھ ہی بھارت  کے  57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کا رنگ ڈھنگ بھی بدل جاتا ہے۔ دن بھر فلموں کی نمائش، ماسٹر کلاسز، ریڈ کارپٹ تقریبات اور سنیما پر تبادلۂ خیال کا سلسلہ جاری رہتا ہے، لیکن شامیں اپنے ساتھ ایک الگ ہی دلکشی لے کر آتی ہیں۔ آئی ایف ایف آئی میں سورج کا غروب ہونا فیسٹیول کے دن کے اختتام کا اشارہ نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک اور جشن کے آغاز کی علامت بنتا ہے۔

سنیما گھروں کی روایتی حدود سے باہر نکلتے ہوئے آئی ایف ایف آئی 2026 نے میرامار بیچ، مارگاؤ کے رویندر بھون اور واگاٹر بیچ کے ہیلی پیڈ ایریا میں کھلے آسمان تلے فلموں کی نمائش کے ذریعے سنیما کے تجربے کو عوام کے مزید قریب پہنچایا ہے۔ شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک ہونے والی ان نمائشوں میں منتخب فلمیں پیش کی جا رہی ہیں۔ گوا کے کھلے آسمان تلے مقامی باشندے، سیاح اور سنیما کے شائقین ایک ساتھ فلمیں دیکھنے کے لطف سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہ اقدام سنیما کو زیادہ قابل رسائی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا بنانے کے فیسٹیول کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

جشن کا یہ ماحول مانڈوی پرومینیڈ تک بھی پھیل گیا ہے، جہاں رومٹامیل کے ثقافتی مظاہروں کے ذریعے گوا کی بھرپور فنکارانہ روایات کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔ 23 سے 27 نومبر تک چار شاموں میں منعقد ہونے والی ان پرفارمنسز میں سات ثقافتی گروپ حصہ لے رہے ہیں، جو اس بین الاقوامی اجتماع میں مقامی رنگ شامل کر رہے ہیں۔ مقامی ثقافتی اظہار اور عالمی سنیما کی روایات کا یہ امتزاج اس منفرد شناخت کو اجاگر کرتا ہے جو گوا آئی ایف ایف آئی کو عطا کرتا ہے۔

تقریبات میں مزید رنگ بھرتے ہوئے 25 نومبر کو ’سنیما کی خوشیوں کا جشن‘ کے موضوع پر آئی ایف ایف آئی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پریڈ پنجی میں انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا (ای ایس جی) کے احاطے سے شروع ہو کر کالا اکیڈمی تک جائے گی، جس میں رنگا رنگ جھانکیاں، ثقافتی پرفارمنس اور مقامی لوگوں کی شرکت نمایاں ہوگی۔ اس پریڈ کے ذریعے فیسٹیول کو اس کے مقررہ مقامات سے باہر بھی لے جایا جائے گا، تاکہ مقامی باشندوں اور سیاحوں کو سنیما کے اس جشن کا حصہ بننے کا موقع مل سکے۔

تاہم، فلم سازوں، مندوبین اور فن کے شعبے میں اپنا کریئر بنانے کے خواہش مند افراد کے لیے فیسٹیول کی شامیں محض تفریح سے بڑھ کر اہمیت رکھتی ہیں۔ طے شدہ فلمی نمائشوں اور رسمی ملاقاتوں کے علاوہ یہ شامیں غیر رسمی گفتگو، تخلیقی تبادلے اور بامعنی روابط قائم کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ کسی فلم پر ہونے والی گفتگو ثقافتی نقطۂ نظر کے تبادلے کا ذریعہ بن سکتی ہے، جبکہ فلم سازوں کی اچانک ہونے والی ملاقات مستقبل میں کسی مشترکہ تخلیقی منصوبے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔

فیسٹیول کے روشن اور جگمگاتے مقامات کے پیچھے رضاکاروں، تکنیکی عملے، میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد اور منتظمین کی مسلسل محنت بھی شامل ہوتی ہے، جو فلموں کی نمائش کے اوقات ختم ہونے کے بعد بھی فیسٹیول کے تمام انتظامات کو خوش اسلوبی سے جاری رکھنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ ان کی خدمات آئی ایف ایف آئی کے تجربے کا ایک لازمی حصہ ہیں، اگرچہ اکثر یہ نگاہوں سے اوجھل رہتی ہیں۔

غروب آفتاب کے بعد پنجی کا بدلتا ہوا منظر بھی اپنے آپ میں ایک دلکش نظارہ پیش کرتا ہے۔ شہر کی درختوں سے گھری سڑکیں سنہری قمقموں کی جھالروں سے سج جاتی ہیں، جبکہ روشن عمارتیں، رنگا رنگ تنصیبات اور آئی ایف ایف آئی کے مخصوص مور کے نقوش سڑکوں کو جشن کا روپ دے دیتے ہیں۔ شہر کا طرزِ تعمیر اور عوامی مقامات بھی فیسٹیول کی توسیع بن جاتے ہیں۔ یہ منظر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ گوا کا آئی ایف ایف آئی سے تعلق اب ایک منفرد جشن کی صورت اختیار کر چکا ہے، جہاں میزبان ریاست کی اپنی ثقافتی شناخت سنیما کی آفاقی کشش کو مزید نکھارتی ہے۔

آئی ایف ایف آئی 2026 کے موضوع ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ سے ہم آہنگ، فیسٹیول کی شامیں سنیما کی اس صلاحیت کی عکاسی کرتی ہیں کہ وہ نہ صرف جغرافیائی اور لسانی سرحدوں بلکہ آڈیٹوریم کی جسمانی حدود کو بھی عبور کر سکتا ہے۔ یہ شامیں ناظرین کو یاد دلاتی ہیں کہ فلمی میلے کا جادو صرف پردۂ سیمیں پر پیش کی جانے والی کہانیوں تک محدود نہیں ہوتا بلکہ ان گفتگوؤں میں بھی پنہاں ہوتا ہے جنہیں یہ کہانیاں جنم دیتی ہیں اور ان روابط میں بھی جو لوگوں کے درمیان قائم ہوتے ہیں۔

آئی ایف ایف آئی میں فلم کے اختتامی کریڈٹس چل سکتے ہیں، پردے گر سکتے ہیں اور سنیما گھروں کی روشنیاں مدھم پڑ سکتی ہیں، لیکن سنیما کا جشن جاری رہتا ہے۔ گوا میں فیسٹیول کی گھڑی گویا رکنے کا نام ہی نہیں لیتی۔

 Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 8254 )


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2341602
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026