امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون جناب امیت شاہ نے اٹانگر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران اروناچل پردیش میں امن و قانون، داخلی سلامتی اور سرحدی انتظام کا جائزہ لیا؛ ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ


وزیر داخلہ نے ریاست میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے مرکزی اور ریاستی سلامتی اداروں کے درمیان بہتر تال میل، مقامی خفیہ معلومات کے نظام کو مضبوط بنانے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی پر زور دیا

2029 تک منشیات سے پاک بھارت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے غیر قانونی کاشت کو تباہ کرنے، منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکوں کے خلاف سخت کارروائی، عوامی بیداری مہم چلانے اور نشے سے چھٹکارے اور بحالی کی سہولتوں کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی

سرحدی علاقوں میں سڑکوں کے رابطے، سرحدی چوکیوں، ہیلی پیڈوں اور مواصلاتی سہولتوں کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ’وائبرنٹ ولیجز پروگرام‘ کے نفاذ پر بھی خصوصی زور دیا گیا

ریاست کے جغرافیائی حالات کے پیش نظر، آفات سے نمٹنے کے نظام، ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف)، آتش زدگی سے بچاؤ کی خدمات اور ہنگامی ردِعمل کے انتظامات کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا

وزیر داخلہ نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں ان علاقوں کو ترجیح دی جانی چاہیے جہاں سڑکوں کی کثافت اب بھی کم ہے

سیاحوں کی موجودہ تعداد کو بڑھا کر 15 لاکھ تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے معیاری ’ہوم اسٹے‘ سہولتوں پر توجہ دینے کی ہدایت دی

اروناچل پردیش کو انڈوں، گوشت، مچھلی اور دودھ سے بنی مصنوعات کے معاملے میں خود کفیل بننا چاہیے

پوری ریاست میں بچوں کی 100 فیصد ٹیکہ کاری اور اسپتالوں میں زچگی کے لیے ادارہ جاتی سہولتوں کو یقینی بنایا جانا چاہیے

کیوی، سنگترے اور بڑی الائچی پر موجودہ توجہ کے علاوہ باغبانی کی دو مزید فصلوں کا انتخاب کرکے ان کی خصوصی ترقی کی جانی چاہیے

’مشن کرشی ویر‘ اور ’مشن ارون ہِم ویر‘ کے تحت ایک مختلف طریقۂ کار اختیار کیا جانا چاہیے، جس میں پہلے سلامتی دستوں کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے اور اس کے بعد گاؤں کو ان ضروریات کی تکمیل کے قابل بنایا جائے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 10:58PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون جناب امیت شاہ نے آج اٹانگر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں اروناچل پردیش میں امن و قانون، داخلی سلامتی، سرحدی انتظام اور ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو، مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور اور اقلیتی امور جناب کرن رجیجو، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ، سینئر وزرا اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریاست کے امن و قانون، فوجداری نظامِ انصاف، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر جرائم، دہشت گردی اور شورش پسندی، غیر ملکی شہریوں، پولیس کی جدید کاری اور آفات سے نمٹنے سے متعلق امور کا جامع جائزہ لیا گیا۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امیت شاہ نے ریاست میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی اور ریاستی سلامتی اداروں کے درمیان بہتر تال میل، مقامی خفیہ اطلاعاتی نظام کو مضبوط بنانے اور حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی برقرار رکھنے پر زور دیا۔

چین کے ساتھ اروناچل پردیش کی تقریباً 1,126 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد کی حساسیت کے پیش نظر، وزیر داخلہ نے سرحدی سلامتی اور تزویراتی بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں سڑکوں کے رابطے، سرحدی چوکیوں، ہیلی پیڈز اور مواصلاتی سہولتوں کی توسیع کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کے لیے روزگار اور ذریعۂ معاش کے مواقع بڑھانے کی غرض سے ’وائبرنٹ ولیجز پروگرام‘ کے مؤثر نفاذ پر بھی خصوصی زور دیا۔

جناب امیت شاہ نے نئے فوجداری قوانین کے مؤثر نفاذ، بروقت تفتیش، سائنسی شواہد کے جمع کرنے، ای-ساکشیہ اور ای-سمن نظام کے استعمال اور پولیس و استغاثہ کے درمیان بہتر تال میل یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات کے جلد تصفیے اور تفتیش کے معیار میں بہتری کو ترجیح دینے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاشت کے خلاف جاری مہمات کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے ’آپریشن ڈان‘ اور ’مشن سرکشا‘ کے تحت انجام دیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ 2029 تک ’منشیات سے پاک بھارت‘ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جناب شاہ نے غیر قانونی فصلوں کی تباہی، اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی، عوامی بیداری اور نشے سے نجات و بحالی کی سہولتوں کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے 1930 ہیلپ لائن کے مؤثر دیکھ بھال، سائبر فرانزک صلاحیتوں کی توسیع اور تربیت یافتہ ماہرین کی دستیابی میں اضافے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پولیس کی جدید کاری پر بھی زور دیا گیا، جس میں جدید آلات کی فراہمی، تربیتی سہولتوں میں اضافہ اور ضروری وسائل کو مستحکم بنانا شامل ہے۔ مزید برآں، ریاست کے جغرافیائی حالات کے پیش نظر آفات سے نمٹنے کے نظام کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف)، فائر سروسز اور ہنگامی امدادی نظام شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان بہتر تال میل، سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع، سلامتی کے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور مختلف اسکیموں پر مقررہ مدت میں عمل درآمد کو یقینی بنا کر داخلی سلامتی کو مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد اروناچل پردیش میں مضبوط داخلی سلامتی، سرحدی علاقوں کا تحفظ اور مجموعی ترقی کو یقینی بنانا تھا۔

مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون جناب امت شاہ نے ایٹا نگر کے لوک بھون میں اروناچل پردیش کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو، مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور جناب کرن رجیجو، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ جناب چونا مین، وزیر داخلہ جناب ماما ناتونگ، لوک سبھا کے رکن جناب تاپیر گاؤ اور راجیہ سبھا کے رکن جناب تائی تاگک، مرکزی داخلہ سکریٹری جناب گووند موہن اور وزارت داخلہ، مرکزی مسلح پولیس فورسز، فوج اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریاست کے چیف سکریٹری جناب منیش کمار گپتا نے ریاست کی ترقی اور اہم اسکیموں کی پیش رفت کے بارے میں ایک تفصیلی پیش کش کی۔ بتایا گیا کہ اروناچل پردیش کی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) 2015-16 میں 20,373 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2026-27 میں تخمینہ شدہ 50,651 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کی رفتار سالانہ 300 کلومیٹر سے بڑھ کر 1,800 کلومیٹر ہو گئی ہے، یعنی اس میں 6 گنا اضافہ ہوا ہے۔ ریاست نے پی ایم اے وائی (دیہی) اور جل جیون مشن کے تحت مکمل ہدف حاصل کر لیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اروناچل پردیش ملک میں کیوی کا سب سے بڑا پیدا کنندہ ہے اور اسے ڈی پی آئی آئی ٹی کی ’ریاستوں کی اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام درجہ بندی‘ میں ’بہترین کارکردگی دکھانے والی ریاست‘ منتخب کیا گیا ہے۔ ’وائبرنٹ ولیجز پروگرام‘ کے تحت 455 سرحدی دیہات میں 2,875.17 کروڑ روپے کے 2,414 منصوبوں میں سے 1,099 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ اگرچہ ریاستی بجٹ کا ایک بڑا حصہ سڑکوں اور پلوں پر خرچ کیا جا رہا ہے، تاہم ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں سڑکوں کی کثافت اب بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں معیاری ’ہوم اسٹے‘ پر توجہ دی جائے اور سیاحوں کی تعداد موجودہ 9.18 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اروناچل پردیش کو انڈوں، گوشت، مچھلی اور دودھ کی مصنوعات کے معاملے میں خود کفیل بننا چاہیے۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ پوری ریاست میں بچوں کی 100 فیصد ٹیکہ کاری اور ادارہ جاتی زچگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں 100 فیصد ڈیجیٹل کاری کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے۔ ’گیان بھارتَم مشن‘ کے تحت علم کے نظام کے ماہرین کو شامل کیا جائے اور اہم مخطوطات و دستاویزات کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر مہم چلائی جائے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ ’مشن کرشی ویر‘ اور ’مشن ارون ہِم ویر‘ کے تحت الگ طریقۂ کار اختیار کیا جائے، جس میں پہلے سلامتی دستوں کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے اور پھر دیہات کو ان ضروریات کی تکمیل کے قابل بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیوی، سنترے اور بڑی الائچی پر موجودہ توجہ کے علاوہ باغبانی کی 2 مزید فصلوں کا انتخاب کرکے ان کی خصوصی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ریاستی حکومت نے متعدد امور پر حکومتِ ہند سے تعاون طلب کیا ہے، جن میں اضافی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی، دہلی سے اروناچل پردیش کے لیے تجارتی پروازوں میں اضافہ، پاسگھاٹ سے پرشورام کنڈ تک ریلوے لائن کی جلد منظوری، سوبنسری ذخیرۂ آب کے علاقے میں مخصوص نوعیت کی سیاحت اور میچوکا میں دوہرے استعمال کے ’ایڈوانسڈ لینڈنگ گراؤنڈ‘ کی توسیع شامل ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ نے اروناچل پردیش کی ہمہ جہت ترقی کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کا اعادہ کیا اور ریاست کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو نے رہنمائی کے لیے مرکزی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان ہدایات پر عمل درآمد اور ریاست کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

***

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8089


(ریلیز آئی ڈی: 2339882) وزیٹر کاؤنٹر : 7