دستاویزی فلم سازی محض حقیقت کو عکس بند کرنے کا نام نہیں، بلکہ اعتماد حاصل کرنے، لوگوں کے جیتے جاگتے تجربات کو سمجھنے اور ان کی زندگیوں کی عکاسی کے طریقۂ کار کی ذمہ داری قبول کرنے کا عمل بھی ہے۔ دستاویزی سنیما جہاں ناظرین کو ان حقیقتوں اور ان آوازوں سے قریب لاتا ہے جو اکثر سنائی نہیں دیتیں، وہیں حقیقی زندگیوں کی عکاسی فنکارانہ آزادی، نجی زندگی کے تحفظ اور اخلاقی ذمہ داری سے متعلق اہم سوالات بھی اٹھاتی ہے۔
ان ہی سوالات پر 57ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کے ضمنی پروگرام کے طور پر پنجی کے کلا اکیڈمی میں ’’گواہ سے تبدیلی تک: دستاویزی سنیما کی سماجی ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے ایک مکالماتی نشست منعقد ہوئی۔ اس نشست میں معروف فرانسیسی فلم ساز اور اسکرین رائٹر جولی برتوسیلی نے قومی فلم ایوارڈ یافتہ ہندوستانی فلم ساز ہوبام پبن کمار کے ساتھ گفتگو کی۔
دستاویزی فلم سازی کو ایک قریبی انسانی عمل قرار دیتے ہوئے برتوسیلی نے کہا کہ فلمیں اپنے موضوعات کی زندگیوں پر گہرا اثر ڈال سکتی ہیں اور بعض صورتوں میں انہیں خطرے میں بھی ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے اعتماد قائم کرنے، برادریوں کے ساتھ وقت گزارنے اور لوگوں کو کیمرے کی موجودگی سے مانوس ہونے کا موقع دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کے مطابق، لوگوں کو روزمرہ کے ماحول میں دیکھنے سے فلم سازوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ وہ خود کو کس نظر سے دیکھتے ہیں اور معاشرہ انہیں کس نظر سے دیکھے، یہ ان کی خواہش کیا ہے۔
سماجی تبدیلی پر اثرانداز ہونے کی سنیما کی صلاحیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے برتوسیلی نے کہا کہ فلمیں شاید راتوں رات معاشرے کو تبدیل نہ کر سکیں، لیکن وہ انفرادی تصورات کو تشکیل دے سکتی ہیں اور تبدیلی کی ترغیب دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’اگر میں کچھ لوگوں کے ذہنوں میں محض ایک چھوٹا سا بیج بو دوں، تو یہ بھی بہت بڑی بات ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسی فلموں کو ترجیح دیتی ہیں جو امید کا پیغام دیں اور مثبت مثالیں پیش کریں، تاکہ لوگوں میں یہ یقین پیدا ہو کہ تبدیلی ممکن ہے۔
اپنے تخلیقی عمل پر گفتگو کرتے ہوئے برتوسیلی نے وضاحت کی کہ دستاویزی فلموں کے خیالات اکثر غیر متوقع ملاقاتوں، مقامات یا ایسے موضوعات سے جنم لیتے ہیں جو تجسس پیدا کرتے ہیں۔ فلموں ’اسکول آف بابل‘ اور ’سنِس اوتار لیفٹ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقی زندگی کے تجربات اکثر ان کی فلموں کا نقطۂ آغاز ہوتے ہیں۔ اگرچہ مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے اکثر اسکرپٹ اور تجاویز پیش کرنا ضروری ہوتا ہے، لیکن فلم سازی کا اصل عمل حقیقی زندگی کے غیر متوقع حالات کے لیے کھلا رہتا ہے۔
اپنے پیشہ ورانہ سفر کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ معروف ہدایت کاروں، جن میں کرسٹوف کیشلوفسکی، ریتی پان اور برتران تاویرنیے شامل ہیں، کے معاون کے طور پر انہوں نے تقریباً 15 سال گزارے۔ ان کے کام نے انہیں روس، جارجیا اور کمبوڈیا سمیت مختلف ممالک تک پہنچایا، جہاں انہیں مختلف ثقافتی اور فلم سازی کے ماحول میں کام کرنے کے تجربات حاصل ہوئے۔
ایک نوجوان فلم ساز نے اپنے گاؤں میں چھوت چھات اور پدر سری جیسے حساس سماجی مسائل پر دستاویزی فلم بنانے کے سلسلے میں مشورہ طلب کیا تو برتوسیلی نے اعتماد اور مسلسل وابستگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم سازوں کو جن برادریوں کی عکاسی کرنی ہو، ان میں حقیقی دلچسپی ظاہر کرنی چاہیے اور اپنے کام کا مقصد واضح طور پر بیان کرنا چاہیے۔
دستاویزی فلم سازی کے بین الاقوامی تناظر پر گفتگو کرتے ہوئے برتوسیلی نے فرانس میں اس صنف کے لیے ادارہ جاتی تعاون کا ذکر کیا، جس میں سنیما کے ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کا فلم سازی کے لیے استعمال اور فلموں کی نمائش کے لیے محفوظ مدت کا کردار شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے برسوں میں پیرس میں ہندوستانی دستاویزی فلموں کے ایک سابقہ جائزے کی تیاریاں جاری ہیں، اور ہندوستان کی دستاویزی فلم سازی کی بھرپور روایت کا اعتراف کیا۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے برتوسیلی نے تخلیقی صلاحیت، حقِ اشاعت اور ماحولیاتی اخراجات، خصوصاً پانی اور بجلی کے استعمال سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اے آئی پر حد سے زیادہ انحصار انسانی یادداشت، آزادانہ سوچ اور تخلیقی صداقت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
دستاویزی سنیما کی منفرد اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان پہلوؤں کو محفوظ کرتا ہے جن کی نقل مصنوعی ذہانت نہیں کر سکتی، یعنی حقیقی انسانی میل جول کے بے ساختہ جذبات، خاموشیاں، اشارے اور خامیاں۔
اس نشست میں دستاویزی فلم سازی کو اعتماد، اخلاقی ذمہ داری اور انسانی فہم و ادراک کے ایک عمل کے طور پر پیش کرتے ہوئے قیمتی بصیرت فراہم کی گئی۔ ساتھ ہی، سنیما کی اس لازوال صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا کہ وہ نظرانداز شدہ حقیقتوں کو عوام کے شعور کا حصہ بنا سکتا ہے اور بامعنی تبدیلی کی ترغیب دے سکتا ہے۔
آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8070