57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

سنیما کی تاب ناک عظمت کے سو سالہ جشن کے موقع پر آئی ایف ایف آئی 2026 میں ہندوستانی سنیما کی سات نامور شخصیات کو خراجِ تحسین


اتم کمار، شکتی سمنت، او پی نیّر، سوریہ کانت ماندھرے، پریم نذیر، راج کمار اور بمبئی روی: آئی ایف ایف آئی کی جانب سے 1926 میں پیدا ہونے والی ہندوستانی سنیما کی سات عظیم شخصیات کا جشن!

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 2:46PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339576Views: 8

1926 کا سال ہندوستانی سنیما کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ثابت ہوا، کیونکہ اس سال ملک کے مختلف حصوں میں متنوع خاندانی اور ثقافتی پس منظر رکھنے والی سات ایسی نامور شخصیات پیدا ہوئیں، جنہوں نے آگے چل کر پردۂ سیمیں پر اپنی لازوال چھاپ چھوڑی۔ ان میں بنگالی سنیما کے معروف افسانوی اداکار ’مہانایک‘ اتم کمار؛ ہندی سنیما کی کئی یادگار فلموں کے خالق معروف فلم ساز شکتی سمنت؛ اپنی لازوال دھنوں سے نسل در نسل لوگوں کو مسحور کرنے والے موسیقی کے استاد او پی نیّر؛ دیہی، تاریخی اور اساطیری موضوعات پر مبنی کرداروں کے ذریعے مراٹھی سنیما کو مالا مال کرنے والے پدم شری ایوارڈ یافتہ سوریہ کانت ماندھرے؛ ملیالم سنیما کے ہر دور میں مقبول رومانوی ہیرو پریم نذیر؛ اپنی منفرد آواز اور بے مثال اندازِ اداکاری کے باعث بالی ووڈ میں ایک خاص مقام حاصل کرنے والے راج کمار؛ اور ’چودھویں کا چاند‘، ’گمراہ‘، ’وقت‘ اور ’ہمراز‘ جیسی لازوال موسیقی کے خالق باصلاحیت موسیقار روی (بمبئی روی) شامل ہیں۔

ایک صدی بعد، ہندوستان کا 57واں بین الاقوامی فلمی میلہ (آئی ایف ایف آئی) چار زبانوں، یعنی ہندی، بنگالی، ملیالم اور مراٹھی میں پانچ بحال شدہ فلموں کی نمائش کے ذریعے ان شخصیات کی صد سالہ تقریباتِ پیدائش منا رہا ہے۔ یہ فلمیں ان صدی ساز فن کاروں کے چند انتہائی مقبول فن پاروں میں شامل ہیں۔ ان تمام فلموں کی بحالی نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) نے قومی فلم ورثہ مشن کے تحت کی ہے۔ یہ وزارت اطلاعات و نشریات کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کا مقصد ہندوستان کے عظیم فلمی ورثے کو محفوظ رکھنا، اس کی نگہداشت کرنا، اسے ڈیجیٹل شکل دینا اور بحال کرنا ہے۔

’چورنگی‘ میں اتم کمار

1965 کی بنگالی کلاسیکی فلم ’چورنگی‘ نے بنگالی سنیما میں کئی نامور فن کاروں کی ایک شاندار مشترکہ اداکاری کو نمایاں کیا۔ بنگالی سنیما کے سب سے مقبول اداکار اتم کمار نے اپنی مقبولیت کے عروج کے زمانے میں اس فلم میں ستیہ سندر ’ستا‘ بوس کا کردار قبول کیا۔ اتم کمار نے 1948 میں بطور اداکار اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا اور اس کے بعد تین دہائیوں کے دوران 200 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی۔ انہوں نے ’سپت پدی‘، ’ہرانو سر‘، ’نایک‘، ’چڑیا خانہ‘ اور ’امانوش‘ سمیت کئی یادگار فلمیں دیں۔ انہوں نے بنگالی سنیما کی اداکاری کو اسٹیج کے روایتی انداز سے نکال کر شہری رومانویت کے نئے اسلوب سے روشناس کرایا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-1_20261121145816_f9cf58.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-2_20261121145846_1e1d8a.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-2_20261121145846_1e1d8a.jpg

 

ہدایت کار شکتی سمنت اور موسیقی کار او پی نیّر کی فلم ’کشمیر کی کلی‘

’کشمیر کی کلی‘ نے ہدایت کار اور موسیقی کار کی حیثیت سے دونوں عظیم فن کاروں کو ان کے فلمی سفر کے عروج پر پہنچا دیا۔ شکتی سمنت نے کشمیر کے جنت نظیر حسن کو رنگین پردے پر اس خوب صورتی سے پیش کیا کہ فلم بین مسحور ہوگئے، جبکہ او پی نیّر نے ایسی دھنیں ترتیب دیں جو آج بھی لوگوں کے دلوں کو چھوتی ہیں۔

شکتی سمنت نے بھی 1948 میں معاون ہدایت کار کی حیثیت سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا اور 1955 میں فلم ’بہو‘ سے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھا۔ اپنے بینر ’شکتی فلمز‘ کے تحت انہوں نے 43 فیچر فلموں کی ہدایت کاری کی، جن میں 37 ہندی اور 6 بنگالی فلمیں شامل ہیں۔ اس عظیم فلم ساز نے ہندی سنیما کو ’ہاوڑہ برج‘، ’چائنا ٹاؤن‘، ’این ایوننگ اِن پیرس‘، ’آرادھنا‘، ’کٹی پتنگ‘، ’امر پریم‘ اور ’انوراگ‘ جیسی یادگار فلمیں دیں۔

اومکار پرساد نیّر نے 1952 میں فلم ’آسمان‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں اپنے سفر کا آغاز کیا اور اس کے بعد ’آر پار‘، ’مسٹر اینڈ مسز 55‘، ’سی آئی ڈی‘، ’نیا دور‘ اور ’ہاوڑہ برج‘ جیسی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔ گلوکار محمد رفیع، آشا بھوسلے اور گیتا دت کے ساتھ ان کے اشتراک نے ہندی فلمی موسیقی کو کئی ایسے گیت دیے جو آج بھی بے حد مقبول ہیں۔ گھوڑے کی ٹاپوں جیسی لے اور ڈھولک کی تھاپ پر مبنی ان کی موسیقی نے ایک منفرد انداز پیدا کیا، جسے سامعین نے بے حد پسند کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-4_20261121145932_95736a.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-3_20261121145914_4dda16.jpg

او پی نیّر                                             شکتی سمنت

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-5_20261121150056_d05f04.jpg

 

سوریہ کانت ماندھرے کی فلم ’سادھی مانسے‘

سوریہ کانت ماندھرے کو ان کے سرپرست بھال جی پینڈھارکر نے بچپن ہی میں دریافت کیا اور انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ پچاس سال پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں، 100 سے زائد فلموں، جن میں ’سنگتیے ایکا‘، ’کنیا دان‘، ’موہتیانچی منجولا‘ اور ’ملہاری مارتنڈ‘ شامل ہیں، انہوں نے مراٹھی سنیما کو دیہی، تاریخی اور اساطیری پس منظر کے بعض انتہائی جاندار کرداروں سے نوازا۔

1965 کی کلاسیکی فلم ’سادھی مانسے‘ میں انہوں نے شنکر نامی لوہار کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ کردار ایک ایسے مضبوط انسان کی علامت ہے جو رعونت سے پاک ہے، محنت کی عظمت کا قائل ہے اور غلط فہمی کا شکار ہونے کا درد اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ اس فلم میں ان کے مقابل جے شری گڈکر ہیں، جن کے ساتھ وہ متعدد فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ اس فلم کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر نے اس کی موسیقی ’آنند گھن‘ کے قلمی نام سے ترتیب دی تھی، جسے وہ مراٹھی سنیما کے لیے اپنے کام میں اکثر استعمال کرتی تھیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-6_20261121150118_43d58d.jpg

سوریہ کانت ماندھرے

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-7_20261121150143_708b18.jpg

 

پریم نذیر کی فلم ’تُلّابھارم‘

ملیالم سنیما کے لازوال رومانوی ہیرو پریم نذیر، جن کی فلمیں اپنے نغموں اور دھوپ سے منور جیتی جاگتی کہانیوں کے لیے مشہور ہیں، نے فلم ’تُلّابھارم‘ میں ایک کارخانے کے مزدور اور ٹریڈ یونین کارکن رامو کا کردار ادا کیا۔ رومانوی ہیرو کے کرداروں کے لیے شہرت رکھنے والے اس نامور اداکار نے اس فلم میں اپنا پُرکشش فلمی روپ ترک کرکے نہایت سادہ اور بے ساختہ انداز میں اداکاری کی، جو بلاشبہ ان کے کیریئر کی بہترین اداکاری میں سے ایک ہے۔

’اِرُٹِنٹے آتماوو‘، ’مُراپّینّو‘ اور ’نَدی‘ سے لے کر ’کلّی چیلّمّا‘، ’وِدا پَریوم مُنپے‘ اور ’پَڈایوٹّم‘ تک، پریم نذیر نے رومانوی کرداروں سے لے کر اساطیری اور سماجی اصلاح کے موضوعات پر مبنی کرداروں تک اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے نام دو گنیز عالمی ریکارڈ درج ہیں: 700 سے زائد فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے اور شیلا کے ساتھ 130 فلموں میں کام کرنے کے لیے۔ انہیں 1983 میں پدم بھوشن سے بھی نوازا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-8_20261121150206_26a40f.jpg

پریم نذیر

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-9_20261121150226_8b0647.jpg

 

اداکار راج کمار اور موسیقی کار بمبئی روی کی فلم ’وقت‘

نامور اداکار راج کمار، جن کی منفرد فلمی شخصیت میں رعب دار آواز، پُراثر مکالمہ ادائیگی اور غیر معمولی وجاہت نمایاں تھی، یش چوپڑا کی کثیر ستارہ فلم ’وقت‘ میں معروف موسیقی کار روی کے ساتھ نظر آئے۔ یہ فلم راج کمار کی جانب سے راجہ نامی چور کے دلکش کردار اور روی کی ترتیب دی ہوئی مقبول گیت ’اے میری زہرہ جبیں‘ کے لیے یاد کی جاتی ہے۔

راج کمار نے فلم ’رنگیلی‘ (1952) سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا اور ’نوشیرواں عادل‘ اور ’مدر انڈیا‘ میں اپنی اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کرنے کے بعد ’دل ایک مندر‘ (1963) میں نمایاں ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے ’وقت‘، ’ہیر رانجھا‘، ’پاکیزہ‘ اور ’ترنگا‘ سمیت کئی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔

روی شنکر شرما، جو ملیالم سنیما میں بمبئی روی کے نام سے مشہور ہیں، نے ہندی سنیما میں اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’وچن‘ (1955) سے کیا۔ وہ ’چودھویں کا چاند‘، ’گمراہ‘، ’وقت‘ اور ’ہمراز‘ جیسی فلموں کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے معروف ہیں۔ انہیں فلم ’پرینیم‘ اور ’سکرتھم‘ کے لیے بہترین موسیقی کی ترتیب پر قومی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-11_20261121150354_ed3003.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-10_20261121150335_1ceb90.jpg

روی                                راج کمار

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/2-12_20261121150418_9cd960.jpg

 

اس خصوصی طور پر مرتب کردہ صد سالہ خراجِ تحسین کے ذریعے 57واں آئی ایف ایف آئی محض سات غیر معمولی شخصیات کا جشن نہیں منائے گا، بلکہ ان کے چھوڑے ہوئے لازوال تخلیقی ورثے کو بھی خراجِ تحسین پیش کرے گا۔ ان کا ورثہ آج بھی نسلوں کو تحریک دے رہا ہے اور ہندوستانی سنیما کی لازوال رنگارنگی کو روشن کر رہا ہے۔

ان سات عظیم شخصیات کی پیدائش کے ایک صدی بعد بھی ان کے فن پارے ہندوستانی سنیما کے غیر معمولی تنوع، تخلیقی بلند پروازی اور فنی کمال کا ثبوت ہیں۔ ان کلاسیکی فلموں کی بحال شدہ شکلوں کے ذریعے 57واں آئی ایف ایف آئی ناظرین کو نہ صرف یادگار اداکاری، نغموں اور کہانیوں سے دوبارہ لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کر رہا ہے، بلکہ ان سنیما روایات اور تہذیبی تاریخوں سے بھی روشناس کرا رہا ہے جن کی تشکیل میں ان شخصیات نے اہم کردار ادا کیا۔

سات انفرادی ورثوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے سے بڑھ کر، یہ صد سالہ جشن ہندوستان کے فلمی ورثے کے تحفظ اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے قابلِ رسائی بنانے کی اہمیت کا اعادہ بھی ہے۔

آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8033

 


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339576
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026