زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

آئی سی اے آر-سی آئی ایف اے نے 14ویں ہندوستانی ماہی پروری اور آبی زراعت فورم کی میزبانی کی


ماہی پروری اور آبی زراعت کے شعبوں میں اختراعات اور پائیدار ترقی کے راستے تلاش کرنے کے لیے ہندوستان اور چھ دیگر ممالک کے 1,000 سے زائد مندوبین یکجا ہوئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 1:47PM by PIB Delhi

 

ماہی پروری اور آبی زراعت سے متعلق ایک اہم بین الاقوامی سائنسی کانفرنس، 14ویں ہندوستانی ماہی پروری اور آبی زراعت فورم (14آئی ایف اے ایف) کا آج اوڈیشہ کے بھونیشور میں واقع آئی سی اے آر-مرکزی ادارہ برائے میٹھے پانی کی آبی زراعت (آئی سی اے آر-سی آئی ایف اے) میں آغاز ہوا۔ 18 سے 20 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس کا مشترکہ اہتمام ایشیائی ماہی پروری سوسائٹی کی ہندوستانی شاخ (اے ایف ایس آئی بی)، آئی سی اے آر-سی آئی ایف اے، حکومت ہند کے محکمہ ماہی پروری، قومی بورڈ برائے ترقیِ ماہی پروری (این ایف ڈی بی)، حکومت اوڈیشہ کے محکمہ ماہی پروری اور مویشی وسائل کی ترقی (ایف اے آر ڈی) اور آبی پروری کے ماہرین کی انجمن نے کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119134858_3957b7.jpg

یہ کانفرنس‘‘آبی زراعت اور ماہی پروری میں تبدیلی:سائنس اور معاشرے کے درمیان ربط’’کے موضوع کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد سائنسی علم کو فروغ دینا، تکنیکی اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنا اور محققین، پالیسی سازوں، صنعت سے وابستہ فریقوں اور ماہی پروری و آبی زراعت سے وابستہ کسانوں کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

اس کانفرنس کا افتتاح ایشیا-بحرالکاہل خطے میں آبی زراعت کے مراکز کے نیٹ ورک (این اے سی اے)، بنکاک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایڈوارڈو لیانو نے کیا۔ افتتاحی خطاب میں انہوں نے آبی زراعت کے شعبے میں تبدیلی لانے کے لیے اختراعات کے عمل کو تیز کرنے اور نئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر جے کے جینا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ماہی پروری سائنس)، آئی سی اے آر نے جدید ترین تحقیق میں زیادہ سرمایہ کاری کرنے اور مضبوط ویلیو چینز کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ این ایف ڈی بی کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر بی کے بہیرا نے ماہی گیروں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے لیے ماہی پروری سے وابستہ کوآپریٹیو اداروں کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ہریانہ کے کنڈلی میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ (این آئی ایف ٹی ای ایم) کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر سی واسودیوپّا نے مچھلی کے معیار کو یقینی بنانے اور صارفین میں اس کی قبولیت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261119134904_20507c.jpg

دیگر ممتاز مقررین میں ڈاکٹر اے ای اکناتھ، سابق ڈائریکٹر جنرل، این اے سی اے؛ ڈاکٹر کے ایم راجیش، سکریٹری، اے ایف ایس آئی بی؛ ڈاکٹر دلیپ کمار، سابق ڈائریکٹر، آئی سی اے آر-سی آئی ایف ای، ممبئی؛ اور ڈاکٹر آئی کروناساگر، مشیر، ایف اے او ریفرنس سینٹر، این آئی ٹی ٹی ای یونیورسٹی، منگلورو شامل تھے۔ انہوں نے ماہی پروری اور آبی زراعت کے شعبوں میں ابھرتی ہوئی ترجیحات، تحقیقی پیش رفت اور مستقبل کے امکانات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل، کانفرنس کے کنوینر اور آئی سی اے آر-سی آئی ایف اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پی کے ساہو نے معزز شخصیات اور مندوبین کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے سائنس، صنعت اور کسانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور تحقیقی نتائج کو کسان برادری کے لیے عملی حل میں تبدیل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فورم میں ہندوستان اور چھ دیگر ممالک کے 1,000 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا ہے، جن میں سائنس دان، محققین، ماہرین تعلیم، پالیسی ساز، صنعت کار، صنعتی نمائندے اور کسان شامل ہیں۔

تین روزہ کانفرنس کے دوران جن اہم موضوعات پر غور و خوض کیا جائے گا، ان میں ماہی پروری کا پائیدار انتظام، آبی ماحولیاتی نظام کا تحفظ، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، جینوم ایڈیٹنگ، آبی زراعت میں جدید اور درست تکنیکوں کا استعمال، افزائش نسل کی جدید ٹیکنالوجیز، خوراک کی تیاری، آبی جانوروں کی صحت اور جینیاتی بہتری شامل ہیں۔

اس موقع پر 20 اداروں کی جانب سے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں ماہی پروری اور آبی زراعت کے شعبوں سے متعلق ٹیکنالوجیز، اختراعات، مصنوعات اور خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔ اس نمائش سے صنعت سے وابستہ فریقوں، محققین اور کسانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے، تکنیکی حل تلاش کرنے اور باہمی اشتراک کے لیے شراکت داریاں قائم کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران سائنسی مطبوعات کا اجرا بھی کیا گیا اور اس شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ممتاز ماہی پروری سائنس دانوں کو ایسوسی ایشن آف ایکواکلچرسٹس کے فیلو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اس تین روزہ فورم کا مقصد سائنسی معلومات اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا، قومی اور بین الاقوامی تعاون کو مستحکم بنانا اور ہندوستان کے ماہی پروری اور آبی زراعت کے شعبوں کی پائیدار، جامع اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لیے قابلِ عمل حکمت عملیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

********

ش ح۔ ا ک۔اش ق 

Urdu_Release_7891


(ریلیز آئی ڈی: 2338461) وزیٹر کاؤنٹر : 8