کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر  جناب پیوش گوئل نے روم میں ہندوستان-اٹلی اقتصادی تعاون کے لیے مشترکہ کمیشن کے 23ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی


جناب پیوش گوئل نے ہندوستان-اٹلی بزنس اینڈ انوویشن فورم سے خطاب کیا؛ 12 اسٹارٹ اَپس سمیت ہندوستان کے تقریباً 80 کاروباری نمائندوں نے شرکت کی

دونوں ممالک نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 20 ارب یورو تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کے عزم کا اعادہ کیا

بات چیت  میں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 1:01PM by PIB Delhi

صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر  جناب پیوش گوئل نے 18 نومبر 2026 کو روم میں ہندوستان-اٹلی اقتصادی تعاون کے لیے مشترکہ کمیشن (جے سی ای سی) کے 23ویں اجلاس کی اٹلی کے نائب وزیراعظم اور امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون  کے وزیر عزت مآب جناب انتونیو تاجانی کے ساتھ مشترکہ صدارت کی۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری کو وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان 2025-2029 اور مئی 2026 میں وزیراعظم جناب نریندر مودی کےاٹلی  دورے کے نتائج کی بنیاد پر ہندوستان-اٹلی خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

بات چیت میں آٹوموٹیو اور ایرو اسپیس، انڈسٹری 4.0، زراعت اور زرعی ٹیکنالوجی، رابطہ کاری اور توانائی، اہم معدنیات، سائنس اور اختراع، ثقافت اور سیاحت، ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کے شعبوں میں تعاون کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں اور ہنرمند افرادی قوت اور اٹلی کی جدید مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، مشینری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت کے درمیان باہمی تکمیلی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے صنعتوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت، مشترکہ منصوبوں، تکنیکی شراکت داری اور عالمی ویلیو چینز میں انضمام کی حوصلہ افزائی کی۔

دونوں وزراء نے ہندوستان-یوروپی یونین آزادانہ تجارتی معاہدے  پر مذاکرات کے  کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کا بھی خیرمقدم کیا اور اس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ یہ معاہدہ منڈیوں تک رسائی کو وسعت دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافہ کرنے اور سپلائی چینز کو مضبوط بنانے میں کس طرح مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 20 ارب یورو تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت کو متنوع بنانے اور سرمایہ کاری میں بڑے پیمانے پر اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے دورے کے دوران جناب پیوش گوئل نے 17 نومبر 2026 کو اٹلی کی ممتاز کمپنیوں، جن میں والٹر ٹوسٹو ایس پی اے، نورڈ مپیانٹی سسٹم، ایٹی ٹیک، مگالڈی گروپ اور بریکو گروپ شامل ہیں، کے چیف ایگزیکٹیو افسران (سی ای اوز) اور سینئر عہدیداران کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں بھی کیں۔ اس دوران ہوئی بات چیت میں ہندوستان میں سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کے امکانات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر موصوف نے روم میں منعقدہ ہندوستان-اٹلی بزنس اینڈ انوویشن فورم سے بھی خطاب کیا، جس میں  اعلیٰ سرکاری عہدیداران، صنعتی ایسوسی ایشنوں اور اٹلی کی کمپنیوں کے علاوہ  12 اسٹارٹ اَپس سمیت  ہندوستان کے تقریباً 80 کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم سے قبل جناب گوئل نے ہندوستانی کاروباری وفد کے ساتھ اٹلی اور وسیع تر یوروپی منڈی میں ہندوستانی کاروباری اداروں کے لیے دستیاب مواقع پر تبادلۂ خیال کیا۔ ان مواقع میں ہندوستان-یوروپی یونین آزاد انہ تجارتی معاہدے سے پیدا ہونے والے امکانات بھی شامل تھے۔

فورم کے حصے کے طور پر دونوں معیشتوں کی باہمی تکمیلی صلاحیتوں سے پیدا ہونے والے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے تین شعبہ جاتی گول میز اجلاس منعقد کیے گئے۔ دواسازی اور کیمیکلز سے متعلق گول میز اجلاس میں دواسازی کی تیاری، فعال دواسازی اجزا (اے پی آئیز)، خصوصی کیمیکلز، بایو ٹیکنالوجی اور مشترکہ تحقیق و ترقی کے شعبوں میں شراکت داری کے امکانات کی نشاندہی کی گئی۔ صنعتی مشینری اور زرعی و غذائی مصنوعات سے متعلق گول میز اجلاس میں آٹومیشن، ٹیکنالوجی کی منتقلی، خوراک کی ڈبہ بندی سے متعلق  مشینری، کولڈ چین کے بنیادی ڈھانچے اور پیکیجنگ کے شعبوں میں مواقع کو اجاگر کیا گیا، جن کا مقصد فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور مصنوعات کی قدر میں اضافہ کرنا ہے۔ آٹوموٹیو سے متعلق گول میز اجلاس میں الیکٹرک اور نئی نسل کی نقل و حرکت، آٹوموٹیو کے پرزہ جات، تحقیق و اختراع اور پائیدار مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ تینوں گول میز اجلاسوں میں شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ منصوبے، سرمایہ کاری کی شراکت داری اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ، مذاکرات کو ٹھوس کاروباری نتائج میں تبدیل کرنے کے اہم ذرائع ہیں۔

انوویشن فورم کا افتتاح اٹلی کی وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر جنرل برائے ترقی و فروغِ برآمدات جناب ماؤرو بٹّوکی اور اٹلی میں ہندوستان کی سفیر محترمہ وانی راؤ نے کیا۔ جناب پیوش گوئل نے پورے فورم میں شرکت کی اور ہندوستانی و اطالوی وفود کے ارکان سے تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پائیداری اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون اور باہمی ہم آہنگی کے امکانات تلاش کریں اور دونوں ممالک کے اختراعی نظاموں کی باہمی تکمیلی صلاحیتوں سے استفادہ کریں۔

مکمل  اجلاس کے دوران کاروباری ایسوسی ایشنوں نے بزنس فورم کے نتائج پیش کیے، جس کے بعد عزت مآب جناب انتونیو تاجانی اور جناب پیوش گوئل نے خطاب کیا۔ ان نشستوں میں دونوں معیشتوں کے درمیان مضبوط باہمی تکمیلی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا اور اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے ہندوستان اور اٹلی کے مشترکہ عزم  کا اعادہ کیا گیا۔

عزت مآب جناب انتونیو تاجانی کے ساتھ اپنی دوطرفہ ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں وزرائے اعظم کے وژن کو مسلسل رابطوں اور کاروباری شراکت داری کو مزید مستحکم بنا کر ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔

اس دورے سے ہندوستان-اٹلی خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی رفتار ملی اور دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت حاصل ہوئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔م ش۔ن م۔

U- 7885


(ریلیز آئی ڈی: 2338340) وزیٹر کاؤنٹر : 10