پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 1:52PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم جناب نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا، قانون و انصاف کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور پارلیمانی امور کی وزارت کے وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال اور دیگر معزز شخصیات نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں واقع ‘پریرنا استھل’ پر بھگوان برسا منڈا کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ملک بھر میں آج کا دن ‘جن جاتیہ گورو دیوس’ (یومِ قبائلی فخر) کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
’دھرتی آبا’ کے نام سے قابلِ احترام بھگوان برسا منڈا ہندوستانی تاریخ میں ایک عظیم مجاہدِ آزادی اور قبائلی حقوق کے مضبوط علم بردار کی حیثیت سے ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ ‘اُلگُلان’ تحریک کے ذریعے انہوں نے برطانوی نوآبادیاتی حکومت اور استحصال کے خلاف قبائلی برادریوں کو متحد کیا اور جل، جنگل اور زمین پر ان کے حقوق کی آواز بلند کی۔ ان کی قیادت میں جدوجہدِ آزادی کو قبائلی شناخت، ثقافتی وقار اور خود اعتمادی کے تحفظ کے ساتھ جوڑاگیا۔ ان کی جرأت، قربانی اور انصاف کے تئیں عزم ہم سب کے لیے تحریک کا ایک لازوال سرچشمہ ہے اور ان کی وراثت قومی اجتماعی یادداشت میں ایک قابلِ احترام مقام رکھتی ہے۔
قبائلی مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی اور قومی زندگی میں قبائلی برادریوں کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے سال 2021 سے 15 نومبر کو ‘جن جاتیہ گورو دیوس’ (یومِ قبائلی فخر) کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر قوم ان کی شاندار تاریخ، ثقافت اور وراثت کا جشن مناتی ہے اور ہندوستان کی آزادی اور ترقی میں ان کی خدمات کے تئیں اظہارِ تشکر کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
تقریب کے دوران مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے قبائلی لوک فنکاروں نے پریرنا استھل پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا، اپنی پیشکش کے ذریعے معزز شخصیات کا استقبال کیا اور ہندوستان کی قبائلی ثقافتی روایات کی رنگارنگی اور مالامالی کو اجاگر کیا۔
اس سے قبل، لوک سبھا کے اسپیکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں کہا:
قبائلی شناخت، خودداری اور حب الوطنی کی تابناک علامت، دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا جی کی 151ویں یومِ پیدائش پر انہیں کروڑوں بار سلام اور تمام ہم وطنوں کو ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ (یومِ قبائلی فخر) کی دلی مبارکباد۔
انہوں نے کم عمری ہی میں اپنی بے مثال جرأت، دور اندیش فکر اور غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے قبائلی سماج میں نئی بیداری کی شمع روشن کی۔ ان کی قیادت میں شروع ہونے والی ‘اُلگُلان’ تحریک انگریزوں کے استحصالی نظام، ناانصافی اور ظلم و جبر کے خلاف ایک طاقتور عوامی تحریک بن کر ابھری۔ یہ جدوجہد محض سیاسی مزاحمت نہیں تھی، بلکہ جل، جنگل اور زمین پر قبائلی برادریوں کے حقوق، ثقافتی شناخت اور سماجی انصاف کے تحفظ کا ایک وسیع عزم بھی تھی۔ انہوں نے سماج کو اپنی روایات، وراثت اور خودداری کے تئیں بیدار کرتے ہوئے اتحاد، تنظیم اور خود انحصاری کا راستہ دکھایا۔
بھگوان برسا منڈا جی نے سماجی برائیوں، توہم پرستی اور استحصال کے خلاف بھی عوام میں بیداری پیدا کی۔ ان کے خیالات نے قبائلی سماج میں خود اعتمادی، اجتماعی ذمہ داری اور اپنے حقوق کے تئیں بیداری کے جذبے کو مستحکم کیا۔ ان کی جدوجہد اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ کسی بھی سماج کی حقیقی طاقت اس کی ثقافتی جڑوں، اجتماعی اتحاد اور اپنے وجود کے تحفظ کے عزم میں مضمر ہوتی ہے۔
ان کی زندگی قربانی، ریاضت، جدوجہد اور عوامی خدمت کی ایک ایسی سبق آموز داستان ہے، جو نسل در نسل حب الوطنی، سماجی ہم آہنگی اور انصاف کی اقدار کو روشن کرتی رہے گی۔ بھگوان برسا منڈا جی کی غیر معمولی خدمات ہندوستانی تاریخ کا ایک بیش قیمت سرمایہ ہیں۔ ان کے نظریات ہمیں قبائلی سماج کے احترام، حقوق اور ہمہ جہت ترقی کے تئیں مسلسل عہد بستہ رہنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ م ش
U.NO.7702