پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 NOV 2026 2:47PM by PIB Delhi
مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کے زیر اہتمام 14 سے 27 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں ایک خصوصی صحت پویلین کے ذریعے اپنے اہم صحت پروگراموں، نمایاں کامیابیوں اور عوامی صحت نگہداشت سے متعلق اقدامات کی نمائش کی جا رہی ہے۔
صحت پویلین کا افتتاح آج نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ایم۔ سرینواس نے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سکریٹری صحت محترمہ پُنیا سلیلا سریواستو، سکریٹری محکمہ تحقیقاتِ صحت (ڈی ایچ آر) اور ڈائریکٹر جنرل انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) ڈاکٹر راجیو بہل، نیشنل ہیلتھ اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب سنیل کمار برنوال اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
اس باوقار سالانہ تقریب میں وزارت کی شرکت شہریوں سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے، حکومت کے وسیع تر صحت نگہداشت کے اقدامات کو اجاگر کرنے اور احتیاطی صحت نگہداشت، امراض کی ابتدائی تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں عوامی بیداری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
’یوا بھارت، سوستھ بھارت‘: احتیاطی صحت نگہداشت کے کلچر کو فروغ
اس سال صحت پویلین کا موضوع ’یوا بھارت، سوستھ بھارت‘ (نوجوان بھارت، صحت مند بھارت) رکھا گیا ہے۔ اس میں احتیاطی صحت نگہداشت، صحت مند طرزِ زندگی کے طریقوں اور صحت مند و مضبوط بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کی فعال شمولیت پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
یہ موضوع کم عمری ہی سے صحت مند عادات کو فروغ دینے، صحت سے متعلق بیداری کو مضبوط بنانے اور شہریوں کو اپنی جسمانی و ذہنی صحت کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
معلوماتی نمائشوں، انٹرایکٹیو مظاہروں اور عوامی شمولیت کی سرگرمیوں کے ذریعے پویلین کا مقصد صحت نگہداشت سے متعلق معلومات کو عام لوگوں، خصوصاً نوجوانوں، بچوں اور خاندانوں کے لیے قابلِ رسائی، قابلِ فہم اور دلچسپ بنانا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایم۔ سرینواس نے غیر متعدی امراض اور طرزِ زندگی سے متعلق صحت کے مسائل کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے احتیاطی صحت نگہداشت پر زیادہ توجہ دینے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے غیر متعدی امراض کی روک تھام اور ان کے انتظام کے لیے عوامی بیداری، ابتدائی تشخیص اور بروقت طبی مداخلت کی اہمیت پر زور دیا۔ ساتھ ہی شہریوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ طرزِ زندگی کے بارے میں باخبر انتخاب کے ذریعے اپنی صحت کی زیادہ ذمہ داری خود اٹھائیں۔
ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ صحت پویلین شہریوں کو صحت کے عام خطرات کے بارے میں جاننے، احتیاطی تدابیر کو سمجھنے اور حکومت کے صحت نگہداشت سے متعلق مختلف پروگراموں اور خدمات سے واقف ہونے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے زائرین، بالخصوص نوجوانوں اور خاندانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پویلین کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صحت اور تندرستی کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کریں۔
مرکزی وزارتِ صحت کی جانب سے 24 صحت پروگراموں اور تنظیموں کو ایک ہی چھت کے نیچے جمع کرنے کا اہتمام
صحت پویلین میں 24 قومی صحت پروگراموں، پروگرام ڈویژنوں اور شریک تنظیموں کو یکجا کیا گیا ہے۔ ان کی نمائندگی بھارت منڈپم کے ہال نمبر 4 کی زمینی منزل پر 989 مربع میٹر کے رقبے میں پھیلے ہوئے 39 اسٹالوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
یہ پویلین زائرین کو بھارت کے عوامی صحت نگہداشت کے اقدامات کا جامع جائزہ پیش کرتا ہے، جس میں بنیادی صحت نگہداشت، امراض کی روک تھام اور ان پر قابو پانے، ٹیکہ کاری، زچگی اور بچوں کی صحت، ڈیجیٹل صحت خدمات، ذہنی صحت، غذائی تحفظ، اعضا عطیہ کرنے اور صحتِ عامہ کے دیگر اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
نمائش میں پیش کیے جانے والے اہم پروگراموں اور خدمات میں آیوشمان آروگیہ مندر، نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے ذریعے آیوشمان بھارت۔ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا، ای سنجیونی، یونیورسل امیونائزیشن پروگرام، راشٹریہ بال سوستھیا کاریہ کرم، ٹی بی مکت بھارت ابھیان، ٹیلی مانس اور امراض کی روک تھام و تدارک سے متعلق متعدد قومی پروگرام شامل ہیں۔
یہ پویلین زائرین اور وزارت کے پروگرام ڈویژنوں اور شریک تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان براہِ راست رابطے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے، جس سے شہریوں کو صحت نگہداشت کی خدمات کے بارے میں جاننے، معلومات حاصل کرنے اور حکومت کے صحت سے متعلق اقدامات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔
صحت سے متعلق بیداری کو دلچسپ اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے انٹرایکٹیو سرگرمیوں کا اہتمام
عوامی شمولیت کی حوصلہ افزائی اور احتیاطی صحت نگہداشت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے کے لیے پورے پویلین میں مختلف معلوماتی اور شرکت پر مبنی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ان میں قلبی و تنفسی احیا (سی پی آر) کے براہِ راست مظاہرے، صحت سے متعلق بیداری کے اجلاس، نکڑ ناٹک، صحت سے متعلق مذاکرے اور انٹرایکٹیو کوئز پروگرام شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد اہم پیغامات کو آسان اور دلچسپ انداز میں عام لوگوں تک پہنچانا اور امراض کی روک تھام، ابتدائی تشخیص، ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے بارے میں بیداری میں اضافہ کرنا ہے۔
بچوں کے لیے مخصوص زون میں اسکرین سے دور رہ کر سیکھنے اور صحت مند تفریح کی حوصلہ افزائی
صحت پویلین میں بچوں کے لیے ایک خصوصی زون بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں روایتی کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس زون میں زیادہ تر سرگرمیاں اسکرین سے دور رکھنے پر مرکوز ہیں، تاکہ کھیل کود کے ذریعے جسمانی سرگرمی، سماجی میل جول اور سیکھنے کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔
اس اقدام کا مقصد بچوں کو صحت مند عادات کی اہمیت سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ پویلین کا دورہ کرنے والے خاندانوں کو خوشگوار اور دلچسپ ماحول فراہم کرنا ہے۔
تپِ دق سے متعلق بیداری، اسکریننگ اور سماجی شمولیت پر خصوصی توجہ
تپِ دق (ٹی بی) کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور زائرین کو اس کی روک تھام، علامات، تشخیص، علاج اور قومی ٹی بی خاتمے کے پروگرام (این ٹی ای پی) کے تحت دستیاب مختلف خدمات سے آگاہ کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹی بی اسٹال قائم کیا گیا ہے۔
ان سرگرمیوں کے تحت مصنوعی ذہانت سے لیس دستی ایکسرے ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹی بی کی اسکریننگ کی جا رہی ہے، جبکہ ایک میڈیکل آفیسر زائرین کو طبی مشورے اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ اس اسٹال پر ’نِکشے متروں‘ کے اندراج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے افراد اور تنظیموں کو ٹی بی سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس مدد میں غذائیت سے بھرپور غذائی اجناس کی ٹوکریاں فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
تپِ دق کی روک تھام کی مہم میں ابتدائی تشخیص، بروقت علاج، غذائی امداد اور سماجی شمولیت سے متعلق اہم پیغامات عام کرنے کے لیے نکڑ ناٹک، جادو کے مظاہروں اور ٹی بی کے مخصوص کردار (ماسکوٹ) کے ساتھ بات چیت جیسی عوامی بیداری کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ٹی بی سے پاک بھارت کے ہدف کو آگے بڑھانے میں اجتماعی کوششوں اور شہریوں کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
صحت مند بھارت کے لیے عوامی بیداری اور شہریوں کی شمولیت کو مضبوط بنانا
آئی آئی ٹی ایف 2026 میں صحت پویلین وزارت کی جانب سے صحت سے متعلق معلومات اور عوامی صحت نگہداشت کے اقدامات کو شہریوں تک پہنچانے کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
معلوماتی نمائشوں، عملی مظاہروں، انٹرایکٹیو سرگرمیوں اور عوام سے براہِ راست رابطے کے ذریعے پویلین کا مقصد احتیاطی صحت نگہداشت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا اور افراد و خاندانوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔
وزارت کی اس شرکت سے صحت مند بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کی شمولیت، سماجی شرکت اور صحت کے بارے میں باخبر فیصلوں کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔
شرکت کرنے والے صحت پروگراموں اور تنظیموں کی فہرست
|
شمار
|
پروگرام / تنظیم کا نام
|
مختص اسٹالوں کی تعداد
|
|
1۔
|
آیوشمان آروگیہ مندر
|
3
|
|
2۔
|
قومی تمباکو کنٹرول پروگرام اور منشیات سے نجات کا پروگرام
|
2
|
|
3۔
|
یونیورسل امیونائزیشن پروگرام (آفاقی ٹیکہ کاری پروگرام)
|
1
|
|
4۔
|
قومی ایڈز اور جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں کے کنٹرول کا پروگرام
|
1
|
|
5۔
|
قومی زبانی صحت پروگرام
|
2
|
|
6۔
|
این پی سی بی وی آئی (اندھے پن اور بصارت کی کمزوری پر قابو پانے کا قومی پروگرام)
|
2
|
|
7۔
|
قومی ویکٹر سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے کنٹرول کا پروگرام
|
2
|
|
8۔
|
فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی)
|
2
|
|
9۔
|
ای سنجیونی۔ قومی ٹیلی میڈیسن سروس
|
1
|
|
10۔
|
نیشنل ہیلتھ اتھارٹی
|
2
|
|
11۔
|
قومی اعضا پیوند کاری پروگرام
|
2
|
|
12۔
|
راشٹریہ بال سوستھیا کاریہ کرم
|
2
|
|
13۔
|
ٹی بی مکت بھارت ابھیان
|
3
|
|
14۔
|
ایچ ایل ایل لائف کیئر لمیٹڈ
|
3
|
|
15۔
|
کوڑھ مکت بھارت (جذام سے پاک بھارت)
|
1
|
|
16۔
|
دیہی صحت تربیتی مرکز، نجف گڑھ
|
1
|
|
17۔
|
خون کی منتقلی کی خدمات
|
1
|
|
18۔
|
قومی وائرل ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام
|
1
|
|
19۔
|
بہرے پن کی روک تھام اور کنٹرول کا قومی پروگرام
|
1
|
|
20۔
|
مرکزی صحت تعلیمی بیورو
|
1
|
|
21۔
|
ٹیلی مانس
|
2
|
|
22۔
|
قومی مرکز برائے امراضِ کنٹرول
|
1
|
|
23۔
|
بزرگوں کی صحت نگہداشت کا قومی پروگرام اور تسکینی نگہداشت کا قومی پروگرام
|
1
|
|
24۔
|
انڈین ریڈ کراس سوسائٹی
|
1
|
|
|
کل
|
39
|
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7640