زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 4:42PM by PIB Delhi
وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے آج اس بات پر زور دیا کہ کسانوں کو بھارت کی زرعی حیاتیاتی تنوع کے محافظ اور اختراع کار کے طور پر تسلیم کیا جائے اور ان کے روایتی علم کو سائنسی تحقیق، بیجوں کے نظام اور منڈیوں کے مواقع سے جوڑا جائے۔ تحفظِ اقسامِ نباتات اور کسانوں کے حقوق کی اتھارٹی (پی پی وی ایف آر اے) کے 22ویں یومِ تاسیس اور پلانٹ جینوم سیویئر ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ یہ موقع تحفظِ اقسامِ نباتات اور کسانوں کے حقوق کے قانون 2001 کے 25 سال مکمل ہونے کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا وسیع زرعی حیاتیاتی تنوع ایسی فصلیں تیار کرنے کے لیے نہایت اہم ہے جو موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، کیڑوں اور بیماریوں کا مقابلہ کر سکیں، ساتھ ہی روایتی علم، غذائی ثقافتوں اور مقامی برادریوں کے ذریعۂ معاش کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے بھارت کے حیاتیاتی تنوع کے 22 اہم زرعی خطوں کو اجاگر کیا اور اوڈیشہ کے کوراپٹ کی مثال پیش کی، جسے 2012 میں ایف اے او نے عالمی سطح پر اہم زرعی ورثے کے نظام کے طور پر تسلیم کیا تھا۔ یہ مقامی برادریوں کی قیادت میں تحفظ کی ایک نمایاں مثال ہے۔
کسانوں کے حقوق کے لیے بھارت کے منفرد قانونی نظام کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ اس قانون میں پودوں کی اقسام تیار کرنے والوں کے حقوق کے ساتھ ساتھ کسانوں کو ان اقسام کے تحفظ، کاشت اور فروغ دینے والوں کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ پی پی وی ایف آر اے کے تحت رجسٹرڈ اقسام میں سے تقریباً نصف کسانوں کی تیار کردہ اقسام ہیں۔ انہوں نے فوائد میں شراکت سے متعلق دفعات اور قومی جین فنڈ کے کردار پر بھی زور دیا، جو جینیاتی وسائل کے تحفظ میں مصروف برادریوں کو ان کی کوششوں کا منصفانہ معاوضہ یقینی بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
بھارت کی سائنسی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئی سی اے آر-این بی پی جی آر میں قائم قومی جین بینک دنیا کا دوسرا سب سے بڑا جین بینک ہے اور قومی زرعی تحقیقی نظام کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی فصلوں کی تقریباً 3,000 اقسام تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے جغرافیائی اشاریوں کی اس صلاحیت کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے منفرد زرعی مصنوعات کے لیے معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مشرا نے خوراک اور زراعت کے لیے نباتاتی جینیاتی وسائل سے متعلق بین الاقوامی معاہدے میں شمولیت، 2022 میں نئی دہلی میں اس معاہدے کے گورننگ باڈی کے اجلاس اور 2023 میں کسانوں کے حقوق سے متعلق عالمی سمپوزیم کے انعقاد کے ذریعے کسانوں کے حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی کوششوں میں بھارت کے تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے برکس ممالک کے وزرائے زراعت کے ذریعے منظور کردہ اندور اعلامیے اور بیجوں کے نظام میں کسانوں کے حقوق سے متعلق عالمی فورم کے قیام کا بھی ذکر کیا۔
محض اعتراف سے آگے بڑھ کر کسانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ برادریوں کے زیرِ انتظام بیج بینکوں اور کھیتوں میں جین بینکوں کو مضبوط بنایا جائے، روایتی علم کو جدید سائنسی تحقیق سے جوڑا جائے اور کسانوں کی تیار کردہ اقسام کو معیاری بیجوں کے نظام، کسان پیداواری تنظیموں اور وسیع تر منڈیوں تک رسائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کسانوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور فوائد کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا، تاکہ حیاتیاتی وسائل کے تحفظ کی کوششیں پائیدار معاشی مواقع میں تبدیل ہو سکیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ کسانوں کو بھارت کی زرعی تبدیلی کے عمل میں محض شریک ہی نہیں، بلکہ اس میں اپنا حصہ ڈالنے والے اور اس سے فائدہ اٹھانے والے کے طور پر بھی تسلیم کیا جانا چاہیے۔ روایتی اقسام کے تحفظ میں مصروف کسانوں کے لیے مستقل معاشی فوائد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’ایک ایوارڈ کسان کو ایک بار اعزاز سے نوازتا ہے، لیکن بیجوں کی فراہمی کا نظام، منڈی اور فوائد میں منصفانہ حصہ داری کسان کو ہر فصل کے موسم میں سہارا دیتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ زرعی تنوع کا تحفظ کسانوں، سائنس دانوں، جامعات، صنعت، ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اتھارٹی اور تمام ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارک باد بھی دی۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.7550