پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 3:37PM by PIB Delhi
جل شکتی کی وزارت نے جل سنچے جن بھاگیداری (جے ایس جے بی) 2.0 پورٹل پر عوامی آرا ء و تجاویز پیش کرنے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر 2026 تک توسیع کر دی ہے۔ عوامی آراء و تجاویز کے لیے یہ پورٹل 26 جنوری 2026 سے کھولا گیا تھا، جس کے ذریعے ملک بھر کے شہریوں کو جے ایس جے بی 2.0 پہل کے تحت درج کیے گئے پانی کے تحفظ، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، زیر زمین آبی ذخائر کی بحالی اور پانی ذخیرہ کرنے کے کاموں کے بارے میں اپنی آرا ء و تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اس مدت میں توسیع سے شہریوں کو اس پہل کے تحت مصنوعی طریقے سے تعمیر کردہ زیرزمین پانی کی سطح بلند کرنے اور پانی ذخیرہ کرنے والے ڈھانچوں کے بارے میں اپنی رائے دینے کا مزید موقع ملے گا۔
جے ایس جے بی کے دوسرے مرحلے نے پانی کے تحفظ کی ملک گیر تحریک کو آگے بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل قائم کیا ہے۔ اس تحریک کا تصور وزیراعظم نے 6 ستمبر 2024 کو گجرات کے شہر سورت میں پیش کیا تھا، جس کا مقصد عوام کی فعال شرکت کے ذریعےپانی کے تحفظ کو حقیقی معنوں میں ایک جن آندولن بنانا ہے۔ 31 مئی 2026 تک اس پہل کے تحت ملک بھر میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، زیرزمین پانی کی بحالی ، آبی تحفظ اور پانی ذخیرہ کرنے سے متعلق 1.5 کروڑ سے زائد ڈھانچوں کی تعمیر کی اطلاع دی جا چکی ہے۔
جے ایس جے بی 2.0 پورٹل پر عوامی آرا ء و تجاویز کا نظام متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کو درج کیے گئے کاموں کے بارے میں اپنی رائے دینے کا موقع فراہم کرکے جن بھاگیداری کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ شہری اپنی قیمتی رائے اور تجاویز کے ذریعے دیکھ بھال کی ضروریات کی نشاندہی کرنے، تعمیر شدہ ڈھانچوں کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور ان کی طویل مدتی افادیت کو بہتر بنانے میں اپنا تعاون دے سکتے ہیں۔
شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی آرا ء و تجاویز اس پہل کے تحت درج کیے گئے اثاثوں کی تصدیق اور ان کے جائزے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔ چونکہ اس پہل کے تحت مکمل کیے گئے مصنوعی طریقے سے زیرزمین پانی کی سطح بلند کرنے اور پانی ذخیرہ کرنے کے کاموں کی تعداد کی بنیاد پر اضلاع، ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے، اس لیے اس سلسلے میں شہریوں کی شرکت خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ توقع ہے کہ یہ نظام رپورٹنگ کے معیار اور ساکھ کو بہتر بنانے، عمل درآمد میں شفافیت کو فروغ دینے اور اضلاع نیز شہری مقامی اداروں (یو ایل بی) کو تعمیر کیے گئے ڈھانچوں کی مناسب دیکھ بھال اور ان کی مسلسل فعالیت یقینی بنانے کی ترغیب دے گا۔
شہری اور متعلقہ شراکت دار جے ایس جے بی 2.0 پورٹل https://jsjb.mowr.gov.in/DashboardJsjb.aspx کے ذریعے اپنی تجاویز اور آرا ء پیش کر سکتے ہیں:
اس پہل کے ذریعے وزارت کا مقصد پانی کے تحفظ کے لیے تعمیر کیے گئے ڈھانچوں کے تئیں مقامی لوگوں کی ملکیت اور ذمہ داری کے احساس کو مستحکم کرنا اور پانی کے پائیدار انتظام اور آبی تحفظ کی جانب ملک گیر تحریک کو مزید آگے بڑھانا ہے۔
******
ش ح۔م ش ۔ ن ع
UNO-7541