مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ ہند سووَچھ سرویکشن26-2025 کے دسویں ایڈیشن کے ایوارڈز پیش کریں گی


سووَچھ سرویکشن ایوارڈز کے ذریعہ ہندوستان کے سب سےصاف ستھرے شہروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا

سووَچھ سرویکشن ایوارڈز26-2025 کی تقریب میں ’سووَچھ شہر جوڑی‘ کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 NOV 2026 1:15PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو 11 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں سووَچھ سرویکشن ایوارڈز 2025-26 پیش کریں گی۔

’سووَچھتا کی نئی پہل: بڑھائیں ہاتھ، کریں صفائی ساتھ‘ کے موضوع پر سووَچھ سرویکشن کے دسویں ایڈیشن کا کامیابی کے ساتھ اختتام ہو گیا۔ وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور کے تحت محکمۂ شہری ترقی کی نگرانی میں منعقد ہونے والے سووَچھ سرویکشن (ایس ایس) ایوارڈز 2025-26 کے ذریعے بھارت کے صاف ستھرے ترین شہروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا اور سووَچھ بھارت مشن (شہری) میں ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔ صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نئی دہلی کے وگیان بھون میں مختلف زمروں کے تحت ایوارڈز پیش کریں گی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ و شہری امور اور بجلی جناب منوہر لال اور وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ و شہری امور جناب توکھن ساہو بھی موجود ہوں گے۔

سووَچھ سرویکشن26-2025 کے ایوارڈز گزشتہ ایک دہائی کے دوران شہروں اور ریاستوں کی اجتماعی کامیابیوں کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے نئے عزم کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

سووَچھ سرویکشن، سووَچھ بھارت مشن (شہری)کے تحت صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کا ایک اہم پروگرام ہے۔ جس کا دائرہ 2016 میں73 شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی)سے بڑھ کر اس کے تازہ ترین ایڈیشن میں4,751 سے زیادہ شہروں تک پہنچ گیا ہے۔ سووَچھ سرویکشن26-2025 میں کئی اہم بہتریاں متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان میں شہریوں کی رائے کو زیادہ اہمیت دینا، شہری دریائی کناروں، ساحلی علاقوں اور آبی ذخائر کو جائزے کے دائرے میں مزید وسعت دینا اور کھلے میں رفع حاجت و پیشاب کی روک تھام، سیاحتی و تاریخی اہمیت کے مقامات کی صفائی ستھرائی اور اسکولوں میں طرزِ عمل میں تبدیلی سے متعلق اقدامات پر خصوصی توجہ دینے والے اشاریے شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image001_20261109131654_77e842.gif

سووَچھ سرویکشن کے دسویں ایڈیشن کے تحت شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) کی جانچ 10 اہم شعبوں سے متعلق 43 اشاریوں کی بنیاد پر کی گئی۔ ان شعبوں میں کچرے کی علیحدگی، کچرے کو جمع کرنا اور اس کی منتقلی، ٹھوس کچرے کا انتظام، صفائی ستھرائی کی ظاہری صورت، صفائی کی سہولیات تک رسائی، گاد نکالنے کی خدمات میں مشینوں کا استعمال، نظام کو مضبوط بنانا اور ادارہ جاتی معیارات، استعمال شدہ پانی کا انتظام، صفائی ستھرائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، صفائی کارکنوں کی مجموعی فلاح و بہبود، شہریوں کی رائے اور شکایات کا ازالہ شامل ہیں۔ ملک بھر میں3,000 سے زیادہ تربیت یافتہ جائزہ کاروں نے زمینی سطح پر وسیع پیمانے پر جانچ کا کام انجام دیا۔ اس عمل میں حقیقی وقت میں جی پی ایس کے ذریعے نگرانی کی سہولت سے بھی مدد لی گئی۔ شواہد جمع کرانے سے لے کر ان کی تصدیق تک، جانچ کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف رہا اور ہر مرحلے پر معیار کی سخت جانچ کو یقینی بنایا گیا۔

صفائی ستھرائی کے معاملے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں کے ساتھ ساتھ اس سال کے ایوارڈز میں’سووَچھ شہر جوڑی‘ پہل کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے شہروں کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس پہل کے ذریعے 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 70 رہنما شہروں اور 191 رہنمائی حاصل کرنے والے شہروں کے درمیان ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے عمل کو فروغ دیا گیا ہے۔ تاکہ شہری کچرے کے انتظام کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ ’سووَچھ شہر جوڑی‘ پہل کا آغاز 27 ستمبر 2025 کو مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے کیا تھا۔ یہ شہری کچرے کے انتظام کے تعلق سے اپنی نوعیت کا پہلا رہنمائی اور باہمی تجربات سے سیکھنے کا پروگرام ہے۔ اس پہل کے آغاز کے موقع پر تمام رہنما اور رہنمائی حاصل کرنے والے شہروں کے درمیان اس پروگرام کو شروع کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے تھے۔

سووَچھ سرویکشن2024 اور 2025 کے درمیان رہنمائی حاصل کرنے والے شہروں کی کارکردگی میں صفائی ستھرائی کے اہم اشاریوں کے حوالے سے نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ سووَچھ سرویکشن26-2025 کے تازہ ترین ایڈیشن میں ان شہروں کی کارکردگی میں کئی اہم شعبوں میں قابلِ ذکر بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ’ظاہری صفائی ستھرائی‘ کے معاملے میں رہنمائی حاصل کرنے والے شہروں کی کارکردگی سووَچھ سرویکشن 2024 کے 48 فیصد سے بڑھ کر تازہ ترین ایڈیشن میں 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح ’گھر گھر سے کچرا جمع کرنے‘ کے معاملے میں ان شہروں کی کارکردگی سووَچھ سرویکشن 2024 میں 52 فیصد تھی، جو اب مجموعی طور پر بڑھ کر 74 فیصد ہو گئی ہے۔ رہنمائی حاصل کرنے والے شہروں نے دیگر اہم شعبوں میں بھی نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ ان میں کچرے کو اس کے ماخذ پر الگ الگ جمع کرنا (16 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد)، صفائی کی سہولیات تک رسائی (11 فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد)، استعمال شدہ پانی کا انتظام (32 فیصد سے بڑھ کر 53 فیصد) اور صفائی ستھرائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا (48 فیصد سے بڑھ کر 66 فیصد)شامل ہیں۔ یہ بہتریاں صفائی ستھرائی کے نظام کو مضبوط بنانے اور بہتر کارکردگی والے شہروں کی مسلسل رہنمائی کے ذریعے خدمات کی فراہمی کے معیار میں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں۔

ایک سال تک مسلسل کوششوں، صحت مند مسابقت اور صفائی ستھرائی کے تئیں غیر متزلزل عزم کے بعد ملک بھر کے شہر اب 11 نومبر 2026 کو سووَچھ سرویکشن26-2025 کے ایوارڈز کے فاتحین کے اعلان کے منتظر ہیں۔

******

 

( ش ح ۔ م ح ۔ م ا)

UR No-7412


(ریلیز آئی ڈی: 2334345) وزیٹر کاؤنٹر : 9