پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 4:39PM by PIB Delhi
حکومت ہندوستان کی وزارت تجارت و صنعت کے تحت زرعی اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ سے متعلق ادارے (اے پی ای ڈی اے-‘اپیڈا’)نے اروناچل پردیش کے زیرو سے 1.5 میٹرک ٹن کیوی پھل کی دبئی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو آزمائشی برآمد میں سہولت فراہم کی۔ یہ کھیپ کامیابی کے ساتھ دبئی پہنچ گئی اور القصیص کے لولو ہائپر مارکیٹ میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ یہ پہل بین الاقوامی منڈیوں میں اس پھل کی صلاحیت کا جائزہ لینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
وزارت ترقیٔ شمال مشرقی خطہ (ایم ڈی او این ای آر)کے تحت شروع کی گئی اس پہل کا مقصد ‘‘کیوی: اروناچل پردیش کی منفرد شناخت’’ کے برانڈنگ پروگرام کے ذریعے ریاست میں کیوی کی پیداوار کے شعبہ کو فروغ دینا اور مستحکم کرنا ہے۔ حکومت اروناچل پردیش کے محکمۂ تجارت و کامرس اور محکمۂ باغبانی کے اشتراک سے نافذ کیے جانے والے اس پروگرام کا مقصد ریاست کے کیوی پھل کو بین الاقوامی منڈیوں میں متعارف کرانا، صارفین کے ردعمل کا جائزہ لینا اور مقامی کاشت کاروں کے لیے برآمد کے مواقع بڑھانے کی غرض سے منڈیوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنا ہے۔
اروناچل پردیش کے بلند پہاڑی علاقوں میں کاشت کے لیے سازگار حالات اور قدرتی ماحول کی بدولت یہاں عمدہ معیار اور منفرد ذائقے کا کیوی پیدا ہوتا ہے۔ ریاست کی یہ پیداوار اعلیٰ معیار کی گھریلو منڈیوں، برآمدات کے فروغ اور قدر افزائی پر مبنی مصنوعات کے لیے امکانات رکھتی ہے۔ اس خطے میں کیوی کی اہم اقسام میں ‘ہیورڈ’، ‘مونٹی’، ‘ایلیسن’ اور ‘برونو’ شامل ہیں، جن میں ہیورڈ قسم کی بین الاقوامی منڈیوں میں اچھی مانگ ہے۔
اس کھیپ کے القصیص کے لولو ہائپر مارکیٹ کی فروخت گاہوں تک پہنچنے کے ساتھ ہی یہ پہل محض روانگی کی تقریب کے مرحلہ سے آگے بڑھ کر خوردہ سطح پر منڈی کے جائزے کے مرحلہ میں داخل ہو گئی ہے۔ صارفین کو کیوی کےذائقہ کوچکھانے اور ان کی رائے حاصل کرنے سے پھل کی مقبولیت اور اس کی ممکنہ طلب کا اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔ اس جائزے سے صارفین کی پسند، معیار سے متعلق توقعات، پیکنگ اور پیشکش کے تقاضوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ان نتائج سے کاشت کاروں، امدادی انجمنوں اور برآمد کنندگان کو مستقبل میں تجارتی بنیادوں پر کھیپ بھیجنے کی تیاری اور موزوں منڈیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس پہل کا ایک مقصد مقامی کیوی کاشت کاروں کو بیرون ملک کی ممکنہ منڈیوں سے جوڑنا بھی ہےتاکہ فروخت کے اضافی ذرائع اور مستقبل کی کھیپوں کے ذریعے کسانوں کو بہتر آمدنی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ توقع ہے کہ اس آزمائشی برآمد سے منڈیوں کے ردعمل کا جائزہ لینے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اروناچل پردیش کے کیوی کی رسائی بڑھانے کے لیے درکار تقاضوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔
روانگی کی تقریب میں حکومت اروناچل پردیش کے وزیر برائے زراعت اور متعلقہ محکموں کے وزیر جناب گیبریل ڈی وانگسو اور وزیرتجارت و کامرس کے مشیر اور رکن قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر موہیش چائی نے شرکت کی۔ اس موقع پر موجود دیگر معزز شخصیات میں زیرو کے رکن قانون ساز اسمبلی جناب ہیج اپا، اسپیشل سکریٹری (زراعت و باغبانی) محترمہ رشیتا گپتا، سکریٹری برائے تجارت و کامرس محترمہ بولو مامو (آئی آر ایس)، حکومت اروناچل پردیش کی سکریٹری برائے باغبانی محترمہ کوج رینیا اور شیلانگ کے آئی سی ای آر کے ڈائریکٹر جناب کردیر ویل گوونداسامی شامل تھے۔
کیوی کاشت کاروں کی امدادی انجمن اور فیئر ایکسپورٹس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ اے پی ای ڈی اے – ‘اپیڈا’کے افسران، تجارت و کامرس، باغبانی اور زراعت کے محکموں کے افسران، کھیپ کے ساتھ آنے والے کیوی کاشت کاروں اور پروگرام سے وابستہ دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اس پہل کے ذریعہ اے پی ای ڈی اے شمال مشرقی خطہ کی زرعی اور باغبانی سے متعلق پیداوار کو فروغ دینے اور اسے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اروناچل پردیش کے کیوی کی کھیپ کا دبئی بحفاظت پہنچنا اور وہاں خوردہ فروخت کے لیے پیش کیا جانا بیرون ملک منڈیوں میں اس کی صلاحیت کا جائزہ لینے اور مقامی کاشت کاروں کو بین الاقوامی تجارت میں شرکت کے لیے تیار کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔
*****
ش ح-ظ الف- ت ع
UR No. 7160