پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 9:54AM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے ملک میں ادویات، طبی آلات اور کاسمیٹکس کی درآمدات کے لیے مجاز داخلی راستوں کے نیٹ ورک کو توسیع دینے کی غرض سے ادویات کےضابطے1945 کے قاعدہ 43 اے میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ اس مجوزہ ترمیم کا مقصد درآمداتی کارروائیوں کو مزید سہل بنانا، رسد و ترسیل کے نظام کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور طبی مصنوعات کی فراہمی کے سلسلے کو مضبوط کرنا ہے۔
ادویات کےضابطے1945 کا قاعدہ 43 اے ان مجاز بندرگاہوں، ہوائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، روڈکراسنگ اور دیگر داخلی مقامات کو واضح کرتا ہے، جن کے ذریعے ادویات بھارت میں درآمد کی جا سکتی ہیں۔ تجارت کو سہولت فراہم کرنے اور درآمد سے متعلق کارروائیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے مقصد سے وزارت نے مجاز مقامات کی فہرست میں مزید اندرون ملک کنٹینر ڈپو (آئی سی ڈی)، ایک خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) اور ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
مجوزہ اضافی مقامات میں ہریانہ کے آئی سی ڈی سونی پت، پیالا اور ہرسارو؛ اتر پردیش کا آئی سی ڈی دادری؛ گجرات کا آئی سی ڈی گاندھی دھام/موندرا؛ تلنگانہ کے حیدرآباد میں آئی سی ڈی سنتھ نگر اور تھمّاپور؛ کرناٹک کے بنگلورو میں آئی سی ڈی وائٹ فیلڈ؛ کرناٹک کا خصوصی اقتصادی زون بومّاسندرا؛ اور فضائی راستے سے ادویات کی درآمد کے لیے اتر پردیش کا نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ شامل ہیں۔
ان مقامات کو درآمدات کے لیے پہلے سے مجاز داخلی راستوں کے موجودہ نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔ اس نیٹ ورک میں مدھیہ پردیش کے اندور میں دھنّڈ اور تیہی کے اندرون ملک کنٹینر ڈپو (آئی سی ڈی) کے علاوہ ادویات کی درآمد کے لیے پہلے سے مطلع کردہ ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔
مجوزہ توسیع سے درآمد کنندگان کو اپنی کھیپوں کی کسٹم کلیئرنس اپنی پیداواری اکائیوں، گوداموں اور تقسیم کے مراکز کے قریب کرانے میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔ اس سے اندرون ملک نقل و حمل کے فاصلے کم ہوں گے، رسد و ترسیل کے اخراجات کو بہتر طور پر منظم کرنے میں مدد ملے گی اور درآمد شدہ کھیپوں کی نقل و حرکت میں ہونے والی تاخیر کو کم کیا جا سکے گا۔ اس اقدام سے درآمد کنندگان کو اپنے کام کاج میں بھی زیادہ سہولت ملنے کی توقع ہے، ساتھ ہی ملک کے مختلف خطوں میں ادویات، طبی آلات اور کاسمیٹکس کی نقل و حمل کا عمل مزید مؤثر ہو سکے گا۔
اس مجوزہ ترمیم کے ذریعے وزارت کا مقصد طبی مصنوعات کی درآمد کے لیے معاون بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینا اور سپلائی چین کے ایک زیادہ مؤثر اور جواب دہ نظام کی تشکیل میں تعاون دینا ہے، تاکہ صحت کی بنیادی ضروریات سے متعلق مصنوعات کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔
مجوزہ ترمیم کے سلسلے میں اگر کوئی اعتراض یا تجویز ہو تو اسے انڈر سکریٹری (ادویات کے ضابطے)، وزارت صحت و خاندانی بہبود، حکومت ہند، یو-6، ورک ہال، سی ونگ، پہلی منزل، کرتویہ بھون-1، نئی دہلی – 110001 کے پتے پر یا بذریعہ ای -میل drugsdiv-mohfw[at]gov[dot]in بھی بھیجی جا سکتی ہیں:
ادویات کے ضابطے1945 میں مجوزہ ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن کے مسودے کوسرکاری گزٹ میں درج ذیل لنک https://egazette.gov.in/(S(s2ixpktncwy30a02dofwfeqh))/ViewPDF.aspx پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح –م ش-ع ن)
U. No. 7131