وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

برج خلیفہ کے ایٹ دی ٹاپ اور ریزورٹس ورلڈ سینٹوسا میں آن لائن بکنگ کے لیے یو پی آئی ادائیگی کی سہولت شروع


متحدہ عرب امارات اور سنگاپور جانے والے ہندوستانی سیاح اب یو پی آئی کے ذریعے آسانی سے تفریحی سرگرمیوں اور سیاحتی تجربات کی بکنگ کر سکیں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 OCT 2026 6:48PM by PIB Delhi

متحدہ عرب امارات اور سنگاپور جانے والے ہندوستانی سیاح اب یو پی آئی کے ذریعے آسانی سے سیاحتی مقامات اور تفریحی سرگرمیوں کی بکنگ کر سکتے ہیں۔ دنیا کے دو ممتاز سیاحتی مقامات کا سفر کرنے کا منصوبہ بنانے والے ہندوستانی سیاح اب اپنی پسندیدہ یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) ایپس کے ذریعے باآسانی سیاحتی تجربات کی بکنگ اور آن لائن ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔ یہ پیش رفت دنیا بھر میں ہندوستانی مسافروں کے لیے آسان اور زرِ مبادلہ کی تبدیلی کی پیچیدگیوں سے پاک سفری منصوبہ بندی کو ممکن بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کی بین الاقوامی شاخ، این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ (این آئی پی ایل) نے بالترتیب 29 جولائی 2026 اور 9 ستمبر 2026 کو متحدہ عرب امارات اور سنگاپور کے ساتھ آن لائن بکنگ کے لیے یو پی آئی کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے اسٹریٹجک شراکت داریوں کا اعلان کیا۔ متحدہ عرب امارات میں نیوپے (NEOPAY) اور اعمار انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے ’ایٹ دی ٹاپ، برج خلیفہ‘ کے لیے یو پی آئی کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کا پہلا سیاحتی مقام ہے جہاں ای کامرس کے لیے یو پی آئی ادائیگی کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔ سنگاپور میں معروف ادائیگی ادارے فومو پے (FOMO Pay) کے تعاون سے ریزورٹس ورلڈ سینٹوسا تک یو پی آئی ادائیگی کی سہولت کو وسعت دی گئی ہے۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے، خصوصاً اس تناظر میں کہ 2025 میں سنگاپور نے ہندوستان سے آنے والے 12 لاکھ سیاحوں کا خیرمقدم کیا تھا۔

’ایٹ دی ٹاپ، برج خلیفہ‘ اور ریزورٹس ورلڈ سینٹوسا کے مشہور سیاحتی مقامات، بشمول یونیورسل اسٹوڈیوز سنگاپور، سنگاپور اوشیناریم اور ایڈونچر کوو واٹرپارک میں آن لائن خریداری کے لیے یو پی آئی کے انضمام سے سرحد پار قابل اعتماد ادائیگی کی سہولیات کی بڑھتی ہوئی طلب پوری ہوگی۔ اس سے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات نیز سنگاپور کے درمیان ڈیجیٹل اور اقتصادی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور ہندوستانی سیاحوں کو آسان، محفوظ اور مانوس مالیاتی سہولیات میسر آئیں گی۔

 

اس انضمام کی اہم خصوصیات

 

  • ڈیجیٹل سہولیات کے دائرے میں توسیع: کیو آر کوڈ پر مبنی مرچنٹ ادائیگی نیٹ ورک سمیت پہلے سے موجود شراکت داریوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، ای کامرس کے یہ نئے سنگِ میل دنیا کے بڑے سیاحتی مقامات کی پیشگی سفری منصوبہ بندی میں براہ راست یو پی آئی کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
  • سیاحوں کے تجربات میں بہتری: مشہور سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے والے لاکھوں ڈیجیٹل سہولیات سے واقف ہندوستانی سیاح اب ہندوستان ہی سے باآسانی اپنی بکنگ اور ادائیگی کے معاملات انجام دے سکیں گے۔ اس سے زر مبادلہ کی تبدیلی سے متعلق پیچیدگیاں دور ہوں گی اور بین الاقوامی سفر کی منصوبہ بندی اور سیاحتی تجربات مزید آسان ہو جائیں گے۔
  • ڈیجیٹل ادائیگی کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا: یہ اشتراک ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان کے مقامی ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کس طرح عالمی صارفین کے تجربات کا ایک اہم حصہ بنتے جا رہے ہیں اور سرحد پار مالیاتی روابط کے لیے نئے معیارات قائم کر رہے ہیں۔

 

وزارت خزانہ بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر قائم ہے، جن کا مقصد ڈیجیٹل اختراعات کی حوصلہ افزائی، سرحد پار تجارت کو آسان بنانا اور عالمی سطح پر ہندوستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

 

ماضی کا اقدام

 

  • 26 جنوری 2024 کو ہندوستان کے یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) کے ذریعے ایفل ٹاور کے ٹکٹوں کی بکنگ کی سہولت شروع کی گئی تھی۔

 

یو پی آئی دس ممالک میں قابل قبول ہے

 

سنگاپور، متحدہ عرب امارات، فرانس، ماریشس، نیپال، بھوٹان، قطر، سری لنکا، کمبوڈیا اور یونان میں یو پی آئی کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہے، جس سے ہندوستانی سیاح بیرون ملک باآسانی ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔

ازبکستان اس فہرست میں شامل ہونے والا گیارہواں ملک بننے جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں 30 اگست 2026 کو ہندوستان کے معزز وزیر اعظم کے دورۂ ازبکستان کے دوران ایک تجارتی معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا۔

                                               *******

 

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 6978

 


(ریلیز آئی ڈی: 2330718) وزیٹر کاؤنٹر : 8