پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 OCT 2026 5:33PM by PIB Delhi
بھارتی ریلوے 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری خصوصی مہم 6 میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہے۔ 31 اکتوبر کو مہم کے اختتام کے قریب پہنچنے کے ساتھ ہی بھارتی ریلوے نے کئی اہم اہداف مقررہ وقت سے پہلے حاصل کر لیے ہیں۔ صفائی ستھرائی، ناکارہ سامان کو ٹھکانے لگانے، الیکٹرک کچرے کے انتظام، زیر التوا معاملات کو نمٹانے اور طریقۂ کار کو آسان بنانے کے سلسلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جنہوں نے زیر التوا معاملات کو نمٹانے کی خصوصی مہم (ایس سی ڈی پی ایم-6) میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

عوامی مفاد سے وابستہ ایک اہم اقدام کے طور پر، 22 اکتوبر 2026 کو ملک بھر کے 5,884 ریلوے اسٹیشنوں پر ’ریل جن سمواد‘ کا انعقاد کیا گیا، تاکہ مسافروں سے براہِ راست بات چیت کی جا سکے اور صفائی ستھرائی، مسافروں کی سہولتوں اور خدمات کی فراہمی کے بارے میں ان کی رائے اور تجاویز حاصل کی جا سکیں۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب ستیش کمار نے نئی دہلی میں متعلقہ فریقوں سے بات چیت کی، جب کہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے(ڈی اے آر پی جی)کے سکریٹری نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس میں اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس اقدام سے مقامی مسائل کی نشاندہی کرنے اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کا موقع ملا۔
خصوصی مہم 6 کا اختتام 31 اکتوبر 2026 کو ہوگا۔ اس کے پیش نظر بھارتی ریلوے مہم کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور اپنائے گئے بہترین طریقوں کو جاری رکھنے پر توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں صفائی ستھرائی، وسائل کے مؤثر استعمال، زیر التوا معاملات کو بروقت نمٹانے اور مسافروں کو بہتر خدمات فراہم کرنے پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔
***
) ش ح –ع و- ف ر )
U.No. 6912