پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 OCT 2026 2:56PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی 30 اور 31 اکتوبر 2026 کو گجرات کا دورہ کریں گے۔30 اکتوبر کو صبح تقریباً 9:30 بجے وزیر اعظم بناس کانٹھا میں امبرائیو ٹرانسفر ٹیکنالوجی-این ویٹرو فرٹیلائزیشن (ای ٹی-آئی وی ایف) لیباریٹری اور بھارت بوائین بریڈنگ اینڈ ریسرچ سینٹر (بی بی بی آر سی) کے مویشی فارم کا دورہ کریں گے۔ صبح تقریباً 10:30 بجے وہ بناس کانٹھا میں 14,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ وہ پی ایم کسان اسکیم کی 24ویں قسط کے تحت19,000 کروڑ روپے بھی جاری کریں گے، دو نئی ٹرین خدمات کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور اس موقع پر عوامی جتماع سے خطاب کریں گے۔
اس کے بعد وزیر اعظم ایکتا نگر، کیواڑیا روانہ ہوں گے۔ شام تقریباً 5 بجے وہ بھارت پرب 2026 کا افتتاح کریں گے۔ شام تقریباً 7:45 بجے وہ ایکتا پرکاش پرب میں شرکت کریں گے، جس کے بعد رات تقریباً 8:15 بجے نرمدا آرتی میں شرکت کریں گے۔
مورخہ31 اکتوبر کو صبح تقریباً 9 بجے وزیر اعظم مجسمۂ اتحاد پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد صبح تقریباً 9:15 بجے وہ ایکتا نگر میں 400 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس کے بعد وہ ایکتا نگر میں بارانی بیابان اور وامن ورکش واٹیکا کا دورہ کریں گے۔ شام تقریباً 5:30 بجے وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں جینتی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی یومِ قومی اتحاد کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
بناس کانٹھا میں وزیر اعظم کی مشغولیت
وزیر اعظم جناب نریندر مودی گجرات کے بناس کانٹھا میں بھلڈی کے مقام پر قائم بھارت بوائین بریڈنگ اینڈ ریسرچ سینٹر (بی بی بی آر سی) کوقوم کے نام وقف کریں گے۔ 127 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوایہ مرکز جدید ترین سہولتوں سے آراستہ مرکزِ امتیاز کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ بی بی بی آر سی مویشیوں کی افزائش، جینیاتی افژودگی اور جدید تولیدی ٹیکنالوجی کو فروغ دے گا، جس سے نسلوں کی بہتری کی رفتار 10 سے 20 گنا تک بڑھ جائے گی۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی سہولیت ہوگی جو خصوصی طور پر کانکریج نسل کے مویشیوں کے لیے وقف ہوگی۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی تھراڈ اور رادھنپور میں بناس ڈیری کے دو بایو گیس (بایو سی این جی) پلانٹس کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان پلانٹس میں روزانہ بالترتیب 75 میٹرک ٹن اور 100 میٹرک ٹن مویشیوں کے گوبر کو پروسیس کرنے کی صلاحیت ہوگی۔
وزیر اعظم احمد آباد میٹرو کے مرحلہ 2اے (ہوائی اڈے تک توسیع) اور مرحلہ 2بی (گفٹ سٹی تک توسیع) کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ مرحلہ 2اے کی لمبائی 6 کلومیٹر سے زیادہ ہوگی اور اس میں کوٹیشور روڈ سے ہوائی اڈے تک پانچ اسٹیشن شامل ہوں گے، جبکہ مرحلہ 2بی کا نیٹ ورک3.3 کلومیٹر سے زیادہ طویل ہوگا اور اس میں گفٹ سٹی سے شاہ پور تک تین اسٹیشن ہوں گے۔
وزیر اعظم احمد آباد-مہسانہ سڑک (ریاستی شاہراہ-41) کو چار لین سے آٹھ لین بنانے کے لیے اس کی توسیع اور مضبوطی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جس پر تقریباً 2,600 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے سے احمد آباد اور شمالی گجرات کے درمیان سفر زیادہ تیز، محفوظ اور آرام دہ ہو نے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی گجرات میں بچوں کے لیے موزوں 4,030 نئے آنگن واڑی مراکز کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور مکمل ہوچکے ایسے 361 آنگن واڑی مراکز کا افتتاح کریں گے۔ 800 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے شروع ہونے والے اس اقدام سے 4 لاکھ سے زیادہ بچے مستفید ہوں گے۔
وزیر اعظم زراعتی بنیادی ڈھانچہ کے فنڈ کے تحت مکمل کیے جانے والے 521 منصوبے قوم کے نام وقف کریں گے، جن پر مجموعی طور پر تقریباً 4,950 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ ان منصوبوں میں کولڈ اسٹوریج اور کولڈ چین ، گودام، اناج ذخیرہ کرنے کے بڑے مراکز، پالی ہاؤس، گرین ہاؤس ، پرائمری اور سکینڈری پروسیسنگ کی مربوط سہولتیں اور پرائمری پروسیسنگ کےمراکز شامل ہیں۔
وزیر اعظم سنادر میں آلو کی پروسیسنگ کے پلانٹ کی توسیع کا افتتاح کریں گے اور پالن پور میں انتہائی بلند درجۂ حرارت(یو ایچ ٹی ) کی پروسیس شدہ مصنوعات کے لیے خودکار اسٹوریج اور ریٹریول سسٹم (اے ایس آر ایس) کاآغاز کریں گے۔
وزیر اعظم احمد آباد (سابرمتی)-وارانسی ایکسپریس اور مہسانہ-بےچارہ جی -سابرمتی میمو ٹرین سروس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے، جس سے مقامی ریل رابطے کو تقویت ملے گی۔
وزیر اعظم پی ایم کسان اسکیم کی 24ویں قسط کے تحت 19,000 کروڑ روپے جاری کریں گے، جس سے ملک بھر کے کسانوں کو مسلسل مالی امداد فراہم ہوگی۔ وہ باغبانی کے منظور شدہ 12 کلسٹروں کے تحت زمینی سطح پر سرگرمیوں کا آغاز بھی کریں گے۔ تقریباً 1.46 لاکھ ہیکٹر رقبے پر پھیلے ان کلسٹروں سے 1.3 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ شمالی گجرات کے دو کلسٹروں میں آلو کی پیداوار پر توجہ دی جائے گی۔
ایکتا نگر میں وزیر اعظم کی مشغولیت
مورخہ30 اکتوبر کو یومِ قومی اتحاد کی تقریبات کے تحت وزیر اعظم جناب نریندر مودی ایکتا نگر میں بھارت پرب 2026 کا افتتاح کریں گے۔ ہندوستان کی ثقافتی وراثت اور قومی اتحاد کے جشن کے ضمن میں منعقد ہونے والا یہ میلہ ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کی علامت ہوگا۔ اس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنی منفرد روایات، لوک فنون، علاقائی پکوان، دست کاری اور سیاحتی مقامات کو پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ اس میلے سے ایکتا نگر اور آس پاس کے سیاحتی مقامات میں سیاحت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ یہ میلہ 15 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔
وزیر اعظم ایکتا پرکاش پرب کا بھی مشاہدہ کریں گے، جو ہندوستان کے اتحاد، تنوع، ثقافتی وراثت اور ترقی کا جشن منانے والا روشنیوں کا میلہ ہے۔ اس میلے کے ذریعے موضوعاتی قمقموں اور روشنی کے مناظر کی مدد سے ایکتا نگر میں رات کے وقت سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے دو اہم پرکشش حصے ہیں: پھلاور روڈ کی وادی پر 530 میٹر طویل روشنیوں کی سجاوٹ ’قدیم ہندوستان سے جدید ہندوستان تک‘ کے موضوع پر مبنی ہے، جس میں ہندوستان کی قومی شناخت، تہذیب، خواتین کی بااختیاری، سکیورٹی فورسز، ٹیکنالوجی، یوگا اور بچوں کے لیے تخیلاتی دنیا کو پیش کیا گیا ہے۔ 180 میٹر طویل ’گلو ٹنل‘، جس کا موضوع ’ہندوستان کے تنوع میں اتحاد‘ ہے، ایسی راہداری سے گزرنے کا تجربہ فراہم کرتی ہے جہاں ملک کے چاروں خطوں کی ثقافت، فنِ تعمیر، لوک رقص، دست کاری اور طرزِ زندگی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔ ان مناظر کو روشنی سےسجانےکے لیے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ ایل ای ڈی لائٹس استعمال کی گئی ہیں، جبکہ ان فن پاروں کو ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے فن کاروں نے تیار کیا ہے۔
مورخہ31 اکتوبر کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی ایکتا نگر میں 400 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں گندے پانی کی نکاسی اور پانی کی صفائی کا پلانٹ، عمارتوں کے بیرونی حصوں پر روشنیوں کا نظم، نرمدا گھاٹ کی تجدید، آئی آر سی ٹی سی کا ہوٹل اور ایکتا نگر میں بارانی بیابان، اتحاد اور قدرتی ماحولیاتی سیرگاہ سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ وزیر اعظم گورا-بھاندرا روڈ کی ترقی، زیرو ویسٹ اسمارٹ سالیڈ ویسٹ منجمنٹ پروجیکٹ، کھلوانی ایکو ٹورزم ڈیولپمنٹ اورکاکٹس اور بٹر فلائی گارڈن میں مربوط ترقیاتی پروجیکٹ سمیت مختلف منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
وزیر اعظم 31 اکتوبر 2026 کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں جینتی مناسبت سے منعقدہ یومِ قومی اتحاد کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
یونٹی پریڈ میں مرکزی مسلح پولیس فورسز، ریاستی پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور لگن کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس سال کی پریڈ میں بائیں بازو کی انتہا پسندی سے نمٹنے میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں اور اس سے متاثرہ علاقوں میں امن، سلامتی اور ترقی کی جانب آنے والی تبدیلیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
تقریبات کی ایک اہم خصوصیت نکسل ازم سے پاک ہندوستان کے موضوع پر خصوصی ڈرامائی پیش کش ہوگی، جسے نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ اس میں بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ 126 اضلاع کے تقریباً 2,000 فن کار حصہ لیں گے۔ ڈرامہ کی پیش کشوں کے ذریعے یہ فن کار ان علاقوں کی آبادی کو درپیش مسائل اور امن، سلامتی اور ترقی کی جانب ان کے سفر کو پیش کریں گے۔
جھانکیوں اور ثقافتی پیش کشوں کا مرکزی موضوع ’وندے ماترم‘ ہوگا، جو حب الوطنی، قومی فخر اور اجتماعی وابستگی کے جذبے کی عکاسی کرے گا۔ ان جھانکیوں میں عوام کی امنگوں، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ثقافتی رنگارنگی اور ترقی کے سفر کو پیش کیا جائے گا۔
ملک بھر سے تعلق رکھنے والے تقریباً 5,000 فن کاروں کی شاندار ثقافتی پیش کش میں ہندوستان کی متنوع کلاسیکی اور لوک روایات، موسیقی، رقص اور فنون کی وراثت کا جشن منایا جائے گا۔
***
ش ح ۔م ش ع۔م ذ
(UR 6900)