پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 OCT 2026 12:32PM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 25 اکتوبر 2026 کو اتر پردیش اور اڈیشہ کا دورہ کریں گے۔ تقریباً صبح 11 بجے وزیرِ اعظم وارانسی میں ملبوسات تیار کرنے کے ایک نئے کارخانے کا افتتاح کریں گے۔ تقریباً دوپہر 1 بجے وہ وارانسی کے نمو گھاٹ پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے یومِ فضائیہ کی فضائی نمائش 2026 کا مشاہدہ کریں گے۔
اس کے بعد وزیرِ اعظم اڈیشہ روانہ ہوں گے، جہاں تقریباً شام 4بج کر 45 منٹ پر وہ بھونیشور میں ریزرو بینک آف انڈیا کے ڈیٹا سینٹر اور سائبر سکیورٹی تربیتی ادارے کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
وارانسی میں وزیرِ اعظم
وزیرِ اعظم اتر پردیش کے وارانسی میں اروِند لمیٹڈ کے ملبوسات تیار کرنے کے نئے کارخانے کا افتتاح کریں گے۔ یہ کارخانہ بھارت میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی تیاری کے نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
جدید پیداواری طریقوں پر توجہ مرکوز کرنے والا یہ کارخانہ روزگار کے بامعنی مواقع پیدا کرے گا، خصوصاً خواتین کے لیے، اور خطے کی معاشی ترقی میں تعاون دے گا۔ اس کا افتتاح صنعتی سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ پر مبنی ترقی کے مرکز کے طور پر اتر پردیش کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ عالمی صارفین تک رسائی کے ساتھ یہ کارخانہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وارانسی میں تیار ہونے والی مصنوعات دنیا بھر کی منڈیوں تک پہنچیں گی۔ خواتین کی قیادت میں چلنے والا یہ اقدام خواتین کی قیادت میں ترقی کی ایک مؤثر علامت ہے۔
وزیرِ اعظم وارانسی کے نمو گھاٹ پر یومِ فضائیہ کی فضائی نمائش 2026 کا مشاہدہ کریں گے۔ اس پروگرام میں بھارتی فضائیہ کے 94ویں یومِ تاسیس کی یاد منائی جائے گی اور یہ ’’گنگا کے اوپر پروازیں‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوگا۔
فضائی نمائش میں تیجس، لائٹ کامبیٹ ہیلی کاپٹر (ایل سی ایچ) پرچنڈ، ایس یو-30 ایم کے آئی اور رافیل سمیت جنگی طیارے اور نقل و حمل کے طیارے حصہ لیں گے۔ بھارتی بحریہ اور بھارتی بری فوج کے طیارے بھی اس میں شرکت کریں گے، جس سے مشترکہ فوجی کارروائیوں میں باہمی تال میل کا مظاہرہ ہوگا۔ بھارتی فضائیہ کی نمایاں فضائی مظاہرہ ٹیمیں، جن میں سوریہ کرن ایروبیٹک ٹیم اور سارنگ ہیلی کاپٹر ڈسپلے ٹیم شامل ہیں، بھی اس تقریب میں حصہ لیں گی۔ اس فضائی نمائش میں پرواز کی مہارت، باہمی ہم آہنگی اور عملی صلاحیتوں کا اعلیٰ معیار پیش کیا جائے گا۔
بھونیشور میں وزیرِ اعظم
بھارت کے مالیاتی نظام کی تکنیکی بنیادوں کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم سنگِ میل کے طور پر، وزیرِ اعظم بھونیشور میں ریزرو بینک آف انڈیا کے نو قائم کردہ ڈیٹا سینٹر اور سائبر سکیورٹی تربیتی ادارے کا افتتاح کریں گے۔ ان اداروں کو بینک کی کمپیوٹنگ ضروریات پوری کرنے اور بینک نیز وسیع تر مالیاتی شعبے کے لیے محفوظ، مستحکم، قابلِ توسیع اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق کمپیوٹنگ نظام فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
چار جدید ترین ڈیٹا سینٹرز میں ادائیگی اور تصفیے کے اہم نظاموں کے ساتھ دیگر نمایاں اقدامات کی میزبانی کی جائے گی۔ اس سہولت کو اپ ٹائم انسٹی ٹیوٹ کے ٹائر 4 معیار کی سند حاصل ہے، جو ڈیٹا سینٹر کے بنیادی ڈھانچے کا عالمی معیار ہے۔ اس طرح یہ عملی استحکام کے اعلیٰ ترین درجے میں شامل ہوگیا ہے۔ یہ بینکنگ، مالیاتی خدمات اور بیمہ (بی ایف ایس آئی) کے شعبے میں دنیا کی سب سے بڑی ٹائر 4 سند یافتہ سہولتوں میں سے ایک ہے۔ یہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی رسائی، کارکردگی اور قابلِ اعتماد ہونے کی صلاحیت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا اور ایک محفوظ ڈیجیٹل بنیاد فراہم کرے گا، جس پر بھارت کی بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی معیشت ترقی کرسکے گی۔ اس سے مرکزی بینکوں کی برادری میں ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے ریزرو بینک کی منفرد قائدانہ حیثیت کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
سائبر سکیورٹی تربیتی ادارہ صلاحیتوں کی تعمیر کو فروغ دے گا اور سائبر سکیورٹی و انٹرپرائز ٹیکنالوجی کی تربیت، تحقیق اور پورے شعبے میں صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک مخصوص ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ یہ ادارہ بینکنگ، مالیاتی خدمات اور بیمہ کے شعبے سے متعلق جدید ترین ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کرے گا، جن میں کوانٹم کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6633