کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے بھارت اور جرمنی کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے برلن میں اعلیٰ سطحی اقتصادی ملاقاتیں کیں


جناب پیوش گوئل اور جرمنی کی وفاقی وزیر کیتھرینا رائیشے کے درمیان صنعتی تعاون اور بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے پر تبادلۂ خیال

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 5:08PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے 22 اکتوبر کو برلن میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا ایک سلسلہ انجام دیا، جس کا مقصد بھارت اور جرمنی کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مستحکم بنانا تھا۔ ان ملاقاتوں میں جرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و توانائی محترمہ کیتھرینا رائیشے کے ساتھ دو طرفہ ملاقات، جرمن کونسل برائے خارجہ تعلقات (ڈی جی اے پی) میں انڈیا سینٹر کا افتتاح، بھارت۔جرمنی کاروباری گول میز کانفرنس اور برلن گلوبل ڈائیلاگ میں شرکت شامل تھی۔

دو طرفہ ملاقات کے دوران جناب پیوش گوئل اور محترمہ رائیشے نے صنعتی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات اور بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے ذریعے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں وزرا نے مشترکہ طور پر برلن میں ڈی جی اے پی کے انڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس مرکز کا مقصد بھارت اور جرمنی کے تعلقات سے متعلق پالیسی تحقیق اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔

مرکزی وزرا نے جرمن کونسل برائے خارجہ تعلقات (ڈی جی اے پی) اور جرمن کاروبار کی ایشیا۔بحرالکاہل کمیٹی (اے پی اے) کے اشتراک سے منعقدہ بھارت۔جرمنی کاروباری گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت بھی کی، جس میں جرمنی کے چیف ایگزیکٹیو افسران اور سرکردہ کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ اپنے کلیدی خطابات میں جناب گوئل نے ترقی کی رفتار تیز کرنے اور تجارت کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھنے پر اظہارِ خیال کیا، جب کہ محترمہ رائیشے نے آزاد تجارتی معاہدے کو صنعتی شعبے میں عملی شکل دینے کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس کے بعد ہونے والے تبادلۂ خیال میں مجوزہ بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کو تجارت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس مواقع میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

برلن گلوبل ڈائیلاگ میں جناب پیوش گوئل نے ’’نیا دور، نئے اتحاد: تیسرا راستہ؟‘‘ کے عنوان سے منعقدہ پینل مباحثے میں شرکت کی۔ اس مباحثے میں جرمن چانسلر کے سرمایہ کاری سے متعلق ذاتی نمائندے جناب مارٹن بلیسنگ، سنگاپور کے وزیر برائے افرادی قوت اور توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی کے انچارج وزیر ڈاکٹر ٹین سی لینگ، اور مارسیگالیا اسٹیل کی چیئرپرسن اور چیف ایگزیکٹیو افسر محترمہ ایما مارسیگالیا نے بھی شرکت کی۔ اس نشست کی نظامت پروفیسر ڈاکٹر لارس ہینڈرک رُولر نے کی۔ جناب گوئل نے بین الاقوامی شراکت داریوں میں باہمی اعتماد، ایک دوسرے کی معاشی قوتوں سے فائدہ اٹھانے اور رسدی سلسلوں کو مضبوط و مستحکم بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

جناب گوئل نے کاروباری اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے بائر اے جی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے رکن اور اس کے شعبۂ ادویہ کے صدر جناب اسٹیفن اویلرِش، نوف گروپ کے منیجنگ پارٹنر جناب مراد آکیلڈز اور فریزی نیئس ایس ای اینڈ کمپنی کے جی اے اے کے چیف ایگزیکٹیو افسر جناب مائیکل زین کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔

جناب پیوش گوئل کے دورۂ جرمنی اور نیدرلینڈز کے دوران تقریباً 100 بھارتی کاروباری اداروں اور نئے کاروباری اداروں پر مشتمل ایک وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ برلن میں ہونے والی یہ ملاقاتیں بھارت اور جرمنی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں۔

***

ش ح۔ش ت ۔ م الف

U. No- 6583


(ریلیز آئی ڈی: 2327486) وزیٹر کاؤنٹر : 12