پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2026 3:37PM by PIB Delhi
بھارت اور روس کے درمیان دو طرفہ بحری مشق ‘اندرا 2026’ کی کامیاب تکمیل کے بعد بھارتی بحریہ کا جہاز‘سہیا دری’20 اکتوبر 2026 کو روسی فیڈریشن کے شہر ولادیووستوک سے روانہ ہوا۔ یہ بحری مشق بھارتی بحریہ اور روسی فیڈریشن کی بحریہ کے درمیان منعقد کی گئی تھی۔
اس مشق کے دو مراحل تھے: بندرگاہ پر اور سمندر میں۔ بندرگاہ کے مرحلے میں اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان اہم ملاقاتیں، ایک دوسرے کے بحری جہازوں کا دورہ، متعلقہ شعبوں کے ماہرین کے درمیان تبادلۂ خیال، عملی سرگرمیوں میں ہم آہنگی، کھیلوں کے مقابلے اور ثقافتی تبادلے شامل تھے۔ ان سرگرمیوں سے دونوں بحریاؤں کے اہلکاروں کو پیشہ ورانہ سطح پر ایک دوسرے سے تبادلۂ خیال کرنے اور عملی طریقۂ کار و تجربات سے واقفیت حاصل کرنے کا موقع ملا۔
اس کے بعد سمندری مرحلے میں باہمی ہم آہنگی کے ساتھ جہازوں کی نقل و حرکت، مربوط مواصلاتی نظام، ہیلی کاپٹر کی کارروائیاں اور طبی انخلا کی مشقیں انجام دی گئیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے شریک بحری یونٹوں کو سمندر میں مربوط طریقۂ کار کی مشق کرنے، مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے اور عملی ہم آہنگی و باہمی تعاون کی صلاحیت کو مضبوط کرنے کا موقع ملا۔
کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے تبادلوں نے بھی بھارتی بحریہ اور روسی فیڈریشن کی بحریہ کے اہلکاروں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دیا اور باہمی رشتوں کو مزید مضبوط کیا۔ ان سرگرمیوں نے پیشہ ورانہ سطح پر ہونے والے تبادلوں کو تقویت بخشی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ بحری تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔
بحری مشق ‘اندرا 2026’کی کامیاب تکمیل نے بھارت اور روس کے درمیان پائیدار دفاعی اور بحری شراکت داری کی توثیق کی۔ اس مشق نے باہمی مفاہمت کو فروغ دینے اور بحری سلامتی میں تعاون کے لیے مسلسل بحری روابط، پیشہ ورانہ اشتراک اور باہمی تعاون کی صلاحیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس سے محفوظ، مستحکم اور پُرامن بحری ماحول کے قیام کے لیے دونوں ممالک کی بحریاؤں کے مشترکہ عزم کی بھی عکاسی ہوئی۔






*****
ش ح- رک
UR No-6574