زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کل ’کھیت بچاؤ ابھیان – ربیع 2026‘ کا آغاز کرے گی؛ مہم 30 نومبر تک جاری رہے گی


مرکزی وزیر زراعت جناب شو راج سنگھ چوہان ہریانہ کے کرنال سے مہم کا آغاز کریں گے

’کھیت بچاؤ ابھیان – ربیع 2026‘ کے تحت کھادوں کے متوازن استعمال، فصلوں کے تنوع اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دیا جائے گا

مہم کے تحت تمام انتظامی سطحوں پر کسان کانفرنسوں، کسان چوپالوں، تربیتی اجلاسوں اور کھیتوں میں عملی مظاہروں کا اہتمام کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 OCT 2026 6:56PM by PIB Delhi

زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت 22 اکتوبر سے 30 نومبر 2026 تک ملک گیر مہم ’کھیت بچاؤ ابھیان – ربیع 2026‘ شروع کرے گی۔ اس مہم کا مقصد پائیدار زراعت کو فروغ دینا، مٹی کی صحت بہتر بنانا اور زرعی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے مرکزی وزیر جناب شو راج سنگھ چوہان ہریانہ کے کرنال سے اس مہم کا آغاز کریں گے۔

اس مہم کا مقصد کسانوں میں مٹی کی جانچ کی بنیاد پر کھادوں اور دیگر زرعی مداخل کے متوازن اور دانشمندانہ استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ اس کے تحت تلہن، دالوں اور باغبانی سے متعلق مشنوں کے ذریعے فصلوں کے تنوع کو فروغ دیا جائے گا، دھان کی کٹائی کے بعد خالی پڑے کھیتوں کے مؤثر استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور فصلوں کی باقیات کے مناسب انتظام کو فروغ دیا جائے گا۔ مہم میں کسانوں کو نامیاتی اور حیاتیاتی بنیادوں پر تیار کردہ زرعی مصنوعات کے مناسب استعمال کی تربیت دینے اور بیداری پروگراموں، تربیتی اجلاسوں اور کھیتوں میں عملی مظاہروں کے ذریعے قدرتی کھیتی کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور زراعت کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے آبی تحفظ، بارش کے پانی کو جمع کرنے اور زیر زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔

اس مہم میں مٹی کی صحت بہتر بنانے، کھادوں اور دیگر زرعی مداخل کے متوازن استعمال کو فروغ دینے، پانی کے مؤثر استعمال کی صلاحیت بڑھانے اور وسائل کی بچت کرنے والے نیز موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل زرعی طریقوں کو اپنانے کی حوصلہ افزائی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کھادوں، بشمول گرین امونیا اور حیاتیاتی مصنوعات کے مناسب استعمال، آبی تحفظ، فصلوں کے تنوع، موزوں فصلوں اور اقسام کے ساتھ مخلوط کاشت، دھان کی کٹائی کے بعد خالی رہ جانے والی زمین کے مؤثر استعمال، قدرتی کھیتی اور مربوط کاشت کاری کے نظام کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ کسانوں کی صلاحیت سازی، زرعی میکانائزیشن اور بہتر ٹیکنالوجی، بشمول احیائی زراعت کے طریقوں، کے عملی مظاہرے بھی اس مہم کے اہم اجزا ہوں گے۔

اس مہم کے اہم موضوعات میں فصلوں کی باقیات کا انتظام، مربوط انسداد حشرات و آفات، مٹی کی صحت کا انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے والی زراعت، تلہن اور دالوں کا فروغ اور بیجوں کی تقسیم شامل ہوں گے۔ اس مہم کے تحت کسان شناختی کارڈ (فارمر آئی ڈی) بنانے میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی، پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی) کے تحت فصلوں کے بیمے کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے گی، زیادہ سے زیادہ کسانوں کو کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) اسکیم کے دائرے میں لانے کی کوششیں تیز کی جائیں گی اور تجارتی معاہدوں سے حاصل ہونے والے فوائد اور مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اس مہم کے تحت ریاست، ضلع، بلاک اور گرام پنچایت کی سطح پر بیداری پروگراموں، کسان کانفرنسوں، کسان چوپالوں، تربیتی اجلاسوں اور کھیتوں میں عملی مظاہروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ریاستی محکمہ زراعت، کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے)، بھارتیہ زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) کے ادارے، ریاستی زرعی یونیورسٹیاں اور زرعی ٹیکنالوجی مینجمنٹ ایجنسیاں (اے ٹی ایم اے) باہمی تعاون سے زرعی سائنس دانوں، اے ٹی ایم اے کے عہدیداروں، کسان پروڈیوسر تنظیموں (ایف پی او)، امدادی کوآپریٹیو اداروں، خود امدادی گروپوں (ایس ایچ جی) اور ترقی پسند کسانوں کی فعال شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ مقامی زبانوں میں معلوماتی مواد، ریڈیو، دوردرشن، سوشل میڈیا اور دیگر اطلاعات، تعلیم اور ابلاغ (آئی ای سی) سرگرمیوں کے ذریعے تشہیر سے مہم کی رسائی مزید مضبوط ہوگی اور کسانوں تک معلومات کی وسیع تر ترسیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس مہم کے تحت اے ٹی ایم اے اور آئی سی اے آر کے ذریعے تقریباً ایک کروڑ افراد تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کے وی کے اور اے ٹی ایم اے کو شامل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 4,150 ٹیمیں تشکیل دینے کا منصوبہ ہے، جبکہ 12,000 سے زائد سائنس دانوں اور اے ٹی ایم اے کے عہدیداروں کی مہم میں تعاون کرنے کی توقع ہے۔

زراعت اور کسانوں کی بہبود کا محکمہ، مہم کے مؤثر نفاذ اور اس کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکومتوں، آئی سی اے آر کے اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تال میل کرے گا۔ اس سلسلے میں کسانوں کی شرکت اور پائیدار زرعی طریقوں کو اپنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

’کھیت بچاؤ ابھیان‘ کے ذریعے حکومت کا مقصد مٹی اور پانی کے تحفظ کو مضبوط بنانا، مؤثر اور کفایتی زرعی طریقوں کو فروغ دینا، زراعت کی پائیداری کو بہتر بنانا اور کسانوں کی طویل مدتی خوشحالی کے ساتھ ’وکست بھارت‘ یعنی ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کو آگے بڑھانا ہے۔

***********

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 6433


(ریلیز آئی ڈی: 2326248) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati