وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی کی جانب سے 137 کلوگرام کرسٹل میتھ کی بھاری کھیپ ضبط؛ ساحلی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش، تمل ناڈو میں 4 افراد گرفتار


خفیہ معلومات کی بنیاد پر بڑی کارروائی، سمندری راستے سے سری لنکا منشیات اسمگل کرنے کی مبینہ کوشش ناکام

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 OCT 2026 1:17PM by PIB Delhi

منشیات کی منظم اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے، تمل ناڈو کے ساحلی علاقے میں حالیہ برسوں کی منشیات کی سب سے بڑی ضبطیوں میں سے ایک کے دوران، محکمۂ محصولات کی خفیہ معلوماتی شاخ (ڈی آر آئی) نے تمل ناڈو کے ضلع ناگاپٹنم کے ایک ساحلی گاؤں سے 137 کلوگرام (مجموعی وزن) کرسٹل میتھ ایمفیٹامین، جو ایک ممنوعہ مصنوعی منشیات ہے، ضبط کی ہے۔

مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر، ڈی آر آئی کے افسران نے 16 سے 17 اکتوبر 2026 کے دوران سخت نگرانی اور نفاذِ قانون کی کارروائی انجام دی، جس کے نتیجے میں ساحلی راستے سے منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے ایک مشتبہ نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا۔ یہ نیٹ ورک منشیات کو سری لنکا اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ منشیات کی اس کھیپ کو سمندر کے درمیان دوسری کشتی میں منتقل کرکے سری لنکا اسمگل کیا جانا تھا۔ ضبط شدہ منشیات کی غیر قانونی منڈی میں مالیت 100 کروڑ روپے سے زیادہ ہونے کا تخمینہ ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261018131818_cb5ec9.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261018131827_c649bb.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261018131808_a9e774.jpg

یہ کارروائی اس مخصوص خفیہ اطلاع کے بعد کی گئی کہ منشیات کی ایک بڑی کھیپ کو ضلع ناگاپٹنم کے ایک ساحلی مقام پر ذخیرہ کرنے اور وہاں سے سری لنکا اسمگل کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ اس کے بعد کی گئی تلاشی کے دوران چاندی کے ورق میں لپٹے 27 پیکٹوں پر مشتمل 6 سفری تھیلے برآمد ہوئے، جن میں سے ہر پیکٹ کا وزن تقریباً 5 کلوگرام تھا۔ ان پیکٹوں میں سفید قلمی مادہ موجود تھا، جس کے اعلیٰ درجے کی خالصیت والی میتھ ایمفیٹامین ہونے کا شبہ ہے۔ ضبطی کی کارروائی منشیات اور نفسیاتی اثرات رکھنے والے مادوں سے متعلق قانون، 1985(این ڈی پی ایس ایکٹ) کی دفعات کے تحت انجام دی گئی۔

مشتبہ منتظم کے ٹھکانے پر بیک وقت کی گئی تلاشی کے دوران ڈی آر آئی کے افسران نے 10 لاکھ روپے نقد ضبط کیے، جن کے منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ہونے کا شبہ ہے۔ منشیات کی نقل و حمل میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی دو چار پہیہ گاڑیاں اور ایک دو پہیہ گاڑی بھی ضبط کی گئیں۔ اس کارروائی سے منشیات کی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کا کامیابی سے پردہ فاش ہوا، جس میں ساحلی راستے سے منشیات بیرونِ ملک بھیجنے، نقل و حمل، ذخیرہ کرنے اور کھیپ کے انتظامات میں ملوث افراد شامل تھے۔ این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کی دفعات کے تحت 4 افراد کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔

اس کارروائی کے ذریعے ڈی آر آئی نے نہ صرف منشیات کی ایک بڑی مقدار کو غیر قانونی گردش سے باہر نکالا، بلکہ منشیات کی اسمگلنگ کے ایک نیٹ ورک کو بھی کامیابی سے ختم کیا۔ منشیات کی یہ بڑی ضبطی منظم اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ناکام بنانے اور ہندوستان کے ساحلی علاقوں کو منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے راستے کے طور پر استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ڈی آر آئی کی مسلسل کوششوں اور نفاذِ قانون کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6276

 


(ریلیز آئی ڈی: 2324892) وزیٹر کاؤنٹر : 11