نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نوجوانوں کے امور ا ور کھیل کی وزارت کی جانب سے قومی کھیل فیڈریشنوں (این ایس ایف) کی امداد کی نظرثانی شدہ اسکیم کے لیے عملی رہنما خطوط جاری


بھارت کے طویل مدتی کھیلوں کے وژن، سی ڈبلیو جی 2030 اور اولمپکس 2036 کی میزبانی کی بولی کے لیے نئے تزویراتی اجزا

اے این ایس ایف بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی تیاری میں بھارتی کھلاڑیوں کی معاونت کرتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 OCT 2026 4:50PM by PIB Delhi

نوجوانوں کے امور اور کھیل  کی وزارت نے قومی کھیل فیڈریشنوں (این ایس ایف) کی امداد کی نظرثانی شدہ اسکیم کے لیے عملی رہنما خطوط جاری کر دیے ہیں۔ ان میں اسکیم کے مختلف اجزا کے لیے امداد کے نظرثانی شدہ ضوابط شامل ہیں۔ حکومت نے 16ویں مالیاتی کمیشن کے دورانیے، یعنی 2026-27 سے 2030-31  تک، اس اسکیم کو 7,386.74 کروڑ روپے کے مجموعی بجٹ کے ساتھ جاری رکھنے کی منظوری دی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261016165207_cd5a13.jpg

یہ اسکیم اولمپک کھیلوں، ایشیائی کھیلوں، دولت مشترکہ کھیلوں، پیرالمپک کھیلوں اور عالمی چیمپئن شپ جیسے بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کے لیے بھارتی کھلاڑیوں کی معاونت کا بنیادی ذریعہ ہے۔

یہ اسکیم قومی کوچنگ کیمپوں کے انعقاد، اکیڈمیوں میں تربیت اور کھلاڑیوں کو مختلف سہولیات فراہم کرنے کے لیے معاونت فراہم کرتی ہے۔ ان سہولیات میں رہائش،  کھیلوں کی کٹس، بیمہ اور اسپورٹس سائنس کی خدمات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غیر ملکی کوچز، اعلیٰ کارکردگی کے ڈائریکٹرز اور معاون عملے، مثلاً فزیوتھراپسٹ، اسپورٹس سائنس دانوں اور ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے، بین الاقوامی تربیت اور مقابلوں کے ذریعے بیرونِ ملک تجربہ حاصل کرنے، سینئر، جونیئر اور سب جونیئر قومی چیمپئن شپ کے انعقاد، نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور جونیئر کھلاڑیوں کی ترقی، نیز قومی کھیل فیڈریشنوں (این ایس ایف) کو انتظامی امور اور حکمرانی کے نظام میں معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی مدد دی جاتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261016165214_32b2c2.jpg

نظرثانی شدہ اسکیم میں کئی نئے تزویراتی اجزا شامل کیے گئے ہیں، جو بھارت کے طویل مدتی کھیلوں کے وژن اور اولمپکس 2036 کی میزبانی کی بولی اور دولت مشترکہ کھیلوں 2030 کی تیاریوں سے ہم آہنگ ہیں۔

بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے مالی امداد میں اضافہ: نظرثانی شدہ اسکیم کے تحت بھارت میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے مالی امداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب مقابلے کی نوعیت اور اہمیت، اس میں حصہ لینے والے ممالک اور کھلاڑیوں کی تعداد کی بنیاد پر قومی کھیل فیڈریشنوں (این ایس ایف) کو بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کے لیے 50 کروڑ روپے تک کی مالی امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔ این ایس ایف کی تجاویز کا جائزہ سکریٹری (کھیل) کی سربراہی میں قائم ایک نامزد کمیٹی لے گی۔

اولمپک تربیتی مراکز میں تربیت: فی الحال اولمپکس سمیت بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی تیاری کرنے والے کھلاڑیوں کی کوچنگ اور تربیت نیشنل سینٹرز آف ایکسی لنس (این سی او ایز)، اکیڈمیوں، نجی کھیلوں کی سہولیات اور بیرون ملک تربیتی مراکز میں کی جاتی ہے۔ اعلیٰ معیار کی خصوصی تربیت فراہم کرنے کے لیے جدید ترین اسپورٹس سائنس آلات سے لیس اولمپک تربیتی مراکز (او ٹی سیز) قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ مراکز مخصوص کھیلوں کے لیے مختص ہوں گے اور ان میں جدید ترین تربیتی سہولیات اور ماہرین دستیاب ہوں گے، جس سے بھارتی کھلاڑیوں کے بیرون ملک تربیت پر انحصار میں کمی آئے گی۔ ان مراکز میں تربیت حاصل کرنے والے بھارت کے اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کو کوچز اور تکنیکی عملے، اسپورٹس سائنس کی خدمات، خصوصی آلات اور تکنیکی معاونت کے لیے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

قومی کھیلوں کے لیے معاونت: قومی کھیلوں کی اہمیت اور انہیں مناسب انداز اور وسیع پیمانے پر منعقد کرنے کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے، نظرثانی شدہ اسکیم میں ان کے انعقاد کے لیے 50 کروڑ روپے تک کی مالی امداد فراہم کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ یہ امداد کھیلوں کے آلات، ٹائمنگ، اسکورنگ اور نتائج (ٹی ایس آر) کی خدمات، تکنیکی عہدیداروں کے معاوضے اور مقابلوں کے تکنیکی انعقاد کے لیے فراہم کی جائے گی۔

دیسی کھیلوں کی عالمی سطح پر رسائی کے لیے قومی کھیل فیڈریشنوں (این ایس ایف) کو معاونت: دیسی کھیلوں کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے نظرثانی شدہ اسکیم میں دیسی کھیلوں کی قومی کھیل فیڈریشنوں کو معاونت فراہم کرنے کا ایک جزو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ان فیڈریشنوں کی ان کوششوں میں مدد کی جائے گی جن کا مقصد اولمپکس، ایشیائی کھیلوں یا دولتِ مشترکہ کھیلوں جیسے عالمی مقابلوں میں دیسی کھیلوں کو نمائشی مقابلوں کے طور پر شامل کرانا، دنیا کے دیگر ممالک میں قومی فیڈریشنز قائم کرنا اور بھارت میں اپنے دفاتر رکھنے والی دیسی کھیلوں کی بین الاقوامی اور براعظمی فیڈریشنز کو ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔

عالمی جنوب کے ممالک کے ساتھ بین الاقوامی کھیلوں میں تعاون کے اقدامات: بھارت میں بھارتی کھیل اتھارٹی (ایس اے آئی) کے مراکز اور غیر ایس اے آئی مراکز، دونوں جگہ اعلیٰ کارکردگی کے مراکز اور تربیتی سہولیات موجود ہیں۔ اسکالرشپ فراہم کرکے اور تربیتی سہولیات کے رعایتی استعمال کی اجازت دے کر کھلاڑیوں اور کوچز کی تربیت میں مدد کے ذریعے بھارت عالمی جنوب کے ممالک کے لیے ایک اہم شراکت دار کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کرسکتا ہے۔ نظرثانی شدہ اسکیم میں بین الاقوامی تعاون کے لیے مالی امداد کی گنجائش شامل کی گئی ہے۔

برکس اور بمسٹیک جیسے کثیرجہتی اداروں کے لیے منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کی معاونت: نظرثانی شدہ اسکیم کے تحت برکس، بمسٹیک اور اسی نوعیت کے دیگر کثیرجہتی اداروں کے لیے کھیلوں کے مقابلوں، کھیلوں سے متعلق کانفرنسوں، اجلاسوں، تحقیقی سرگرمیوں اور ورکشاپس کے انعقاد کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کی گنجائش شامل کی گئی ہے۔

بھارت میں دفاتر رکھنے والے تسلیم شدہ بین الاقوامی اور براعظمی اداروں کی معاونت: بھارت میں تسلیم شدہ بین الاقوامی اور براعظمی اداروں کی معاونت کے لیے نظرثانی شدہ اسکیم میں قومی کھیل فیڈریشن (این ایس ایف) یا قومی اولمپک کمیٹی (این او سی) کو مالی اعانت فراہم کرنے کا ایک جزو شامل کیا گیا ہے، تاکہ ضرورت کے مطابق ہر معاملے کی بنیاد پر مطلوبہ معاونت فراہم کی جاسکے۔ یہ معاونت کھیلوں کے سکریٹری کی سربراہی میں قائم نامزد کمیٹی کی سفارشات کے مطابق دی جائے گی۔

مزید تفصیلات کے لیے براہ کرم لنک پر کلک کریں: https://sports.yas.gov.in/public-file/guidelines/guidelines_20261016161054_21f5fbfc9465.pdf

 

***

ش ح۔ش ت ۔ م الف

U. No- 6217


(ریلیز آئی ڈی: 2324443) وزیٹر کاؤنٹر : 11