وزارت دفاع
وزارتِ دفاع نے جی سیٹ-7 سی مواصلاتی سیٹلائٹ اور وروناسترا ہیوی ویٹ ٹارپیڈوز کے لیے 4,106 کروڑ روپے کے معاہدوں پر دستخط کیے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 3:22PM by PIB Delhi
وزارتِ دفاع نے ہندوستانی فضائیہ کے لیے مخصوص مواصلاتی سیٹلائٹ جی سیٹ-7 سی اور ہندوستانی بحریہ کے لیے وروناسترا ہیوی ویٹ ٹارپیڈوز کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 4,106 کروڑ روپے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
جی سیٹ-7 سی کے لیے 2,563 کروڑ روپے مالیت کے معاہدے پر بنگلورو کی نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ کے ساتھ دستخط کیے گئے۔ یہ مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ سیٹلائٹ ہندوستانی فضائیہ کے اثاثوں کے لیے محفوظ، قابلِ اعتماد اور بلا تعطل مواصلاتی صلاحیتوں کو بہتر بنائے گا، جس سے آپریشنل کارکردگی مزید مستحکم ہوگی۔
وروناسترا کے لیے حیدرآباد کی بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ کے ساتھ 1,543 کروڑ روپے مالیت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وروناسترا ایک مقامی طور پر تیار کردہ آبدوز شکن ٹارپیڈو ہے، جسے بحری سائنس و تکنیکی تجربہ گاہ نے تیار کیا ہے اور اسے بحری جہاز سے داغا جا سکتا ہے۔ جدید نقل و حرکت کی صلاحیتوں سے لیس یہ ٹارپیڈو طویل فاصلے پر دشمن کی آبدوزوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے ہندوستانی بحریہ کی آبدوز شکن جنگی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
ان معاہدوں پر 15 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں محکمۂ دفاع کے ایڈیشنل سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل(خریداری)جناب اے انباراسو کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ دونوں معاہدے مقامی دفاعی مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے اور اہم ٹیکنالوجیز میں خود انحصاری کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم ہیں۔ یہ حکومت کے ’آتم نربھر بھارت‘ اور ’میک اِن انڈیا‘ کے تصور کے عین مطابق ہے۔
*****
ش ح۔ک ح ۔ ت ع
U. N-6151
(ریلیز آئی ڈی: 2323889)
وزیٹر کاؤنٹر : 13