نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے ڈاکٹر آنند شنکر جینت کی  حوصلہ افزا خودنوشت ’’ڈانسنگ ود جوائے‘‘ کا اجرا کیا


کینسر سے زندگی بچانے کے لیے بیداری، ابتدائی تشخیص اور بروقت علاج کلیدی اہمیت رکھتے ہیں: نائب صدر جمہوریہ

کینسر کے علاج کی سہولیات میں توسیع سے مریضوں کو خصوصی علاج کی سہولت ان کے قریب فراہم ہو رہی ہے: نائب صدر جمہوریہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 OCT 2026 5:50PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج اُپ راشٹرپتی بھون میں معروف کلاسیکی رقاصہ، مصنفہ اور ہندوستانی ریلوے ٹریفک سروس کی سابق افسر ڈاکٹر آنند شنکر جینت کی  حوصلہ افزا  خودنوشت ’’ڈانسنگ ود جوائے‘‘ کا اجرا کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اس کتاب کو رقص اور خوشی کی داستان سے کہیں بڑھ کر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جذبے، محنت، ثابت قدمی اور اپنی صلاحیت کو پہچاننے اور اسے پروان چڑھانے سے حاصل ہونے والی غیر معمولی قوت کی ایک مؤثر داستان ہے۔

ڈاکٹر آنند شنکر جینت کی کینسر کے خلاف جدوجہد کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ محض کینسر سے متعلق کتاب نہیں، بلکہ کینسر کے بعد بھی زندگی کے جاری رہنے کی کہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل سے پروان چڑھایا گیا شوق زندگی کے مشکل ترین لمحات میں سہارا بن سکتا ہے اور مصیبت کو خود شناسی کے موقع میں بدلنے میں مدد دے سکتا ہے۔

کتاب کے اس پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہ لفظ ’ڈانسر‘ (رقاص) کا حرف ’ڈی‘ مصنفہ کو کینسر کے لفظ میں موجود حرف ’سی‘ پر غالب آنے میں مددگار ثابت ہوا، شری سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ برسوں کے نظم و ضبط، سیکھنے کے عمل اور لگن سے پروان چڑھنے والا رقص، زندگی کے سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک کا سامنا کرنے میں ڈاکٹر آنند کی بنیادی قوت بن گیا تھا۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارت احتیاطی صحت کی دیکھ بھال، بیداری اور بیماریوں کی ابتدائی جانچ کو مضبوط بنا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے آیوشمان آروگیہ مندر اور غیر متعدی امراض کی روک تھام اور کنٹرول کے قومی پروگرام جیسی پہلیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں کینسر کے علاج کی سہولیات میں توسیع سے مریضوں کو ان کے قریب خصوصی علاج کی سہولت فراہم ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں 700 سے زیادہ ضلعی کلینک اور 500 ڈے کیئر کینسر مراکز قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 19 ریاستی کینسر اداروں اور 20 اعلیٰ درجے کے کینسر علاج مراکز کو فعال بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے آیوشمان بھارت کے تحت اہل خاندانوں کے لیے سالانہ 5 لاکھ روپے کی صحت بیمہ سہولت اور فروری 2026 میں شروع کی گئی ملک گیر ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا بھی ذکر کیا۔ اس مہم کا مقصد تقریباً 1.2 کروڑ کم عمر لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے تحفظ فراہم کرنا ہے، جن میں سے 50 لاکھ سے زیادہ لڑکیوں کو اب تک ویکسین دی جا چکی ہے۔

ڈاکٹر آنند کے تجربات سے حاصل ہونے والے سبق کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور ہر ناکامی سیکھنے، غور و فکر کرنے اور نئے عزم کے ساتھ دوبارہ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کینسر اور زندگی کے دیگر سنگین چیلنجوں کا سامنا کرنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ امید نہ چھوڑیں۔ انہوں نے حوصلے اور مثبت سوچ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیداری، ابتدائی تشخیص اور بروقت علاج سے زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے کینسر کے مریضوں کی مدد میں اہل خانہ اور رضاکاروں کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی زندگی کے مشکل ترین مراحل میں اہل خانہ جذباتی قوت، حوصلہ افزائی اور دیکھ بھال فراہم کرتے ہیں اور اس دوران اکثر انہیں ذاتی اور مالی طور پر بڑی قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ صلاحیت ایک نعمت ہے، لیکن اسے مسلسل سیکھنے، مشق اور لگن کے ذریعے ہی اعلیٰ درجے کی مہارت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوق محض آسائش کی چیز نہیں، بلکہ قوت کا ایک ذریعہ ہے۔ عام حالات میں پروان چڑھائی جانے والی صلاحیتیں اور دلچسپیاں غیر معمولی چیلنجوں کے سامنے آنے پر بے حد قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

ڈاکٹر آنند شنکر جینت کو کتاب کی اشاعت پر مبارک باد دیتے ہوئے شری سی پی رادھا کرشنن نے امید ظاہر کی کہ ’ڈانسنگ ود جوائے‘ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں پروان چڑھانے کی ترغیب دے گی، بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کرے گی اور قارئین کو یہ یاد دلائے گی کہ زندگی جس طرح کی بھی لے پیش کرے، اس کا سامنا حوصلے، وقار اور خوشی کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر سنگیت ناٹک اکادمی کی چیئرپرسن ڈاکٹر سندھیا پُریچا، اُشالکشمی بریسٹ کینسر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر پی۔ رگھوو رام اور اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) کے ممبر سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں ڈاکٹروں، کینسر کے ماہرین اور کینسر سے صحت یاب ہونے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

 

******

 

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 6089

 


(ریلیز آئی ڈی: 2323524) وزیٹر کاؤنٹر : 12