سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ نے وائی ای ٹی آئی ہیوی لفٹ آٹونومس ایریل لاجسٹک وہیکل تیار کرنے کے لیے آئیڈیا فورج کے ساتھ 151 کروڑ روپے کی مالی معاونت کا معاہدہ کیا


مقامی وی ٹی او ایل پلیٹ فارم 200 کلوگرام تک کے پے لوڈ کی نقل و حمل کے لے ڈیزائن کیا گیاہے، جس کی مقررہ رینج 200 کلومیٹر ہے ، تاکہ ٹی آر ایل-9 کی طرف پیش  قدمی کی جا سکے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 OCT 2026 12:50PM by PIB Delhi

خودکار فضائی نظام اور اگلی نسل کے رسدی نظام میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ ہند کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے سائنس و ٹیکنالوجی کےمحکمہ کےتحت ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی) نے مہاراشٹر کے ممبئی میں واقع آئیڈیا فورج ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے ساتھ تحقیق، ترقی اور اختراع فنڈ کے تحت 151 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

302 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت والے اس منصوبے کا مقصد وائی ای ٹی آئی نامی بھاری وزن لے جانے والی، طویل فاصلے تک پرواز کرنے والی خودکار فضائی رسد بردار گاڑی تیار کرنا ہے۔ اس کے تحت ٹیکنالوجی کو تیاری کی سطح (ٹی آر ایل) 4 سے بڑھا کر ٹی آر ایل 9 تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ مالی معاونت قرض کی مالی اعانت کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

مشکل حالات میں کام کرنے کے لیے تیار کردہ وائی ای ٹی آئی ایک خودکار بغیر پائلٹ فضائی گاڑی ہے، جس میں عمودی پرواز اور لینڈنگ کی صلاحیت کے ساتھ مقررہ پروں والا نظام شامل ہے۔ اسے طویل فاصلے تک بھاری سامان پہنچانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کی مجوزہ صلاحیتوں کا مقصد ایسے علاقوں میں رسد کی ضروریات پوری کرنا ہے جہاں روایتی ذرائع نقل و حمل کا استعمال مشکل، وقت طلب یا عملی طور پر محدود ہو سکتا ہے۔ اس فضائی گاڑی کو 200 کلوگرام تک وزن لے جانے، 200 کلومیٹر تک پرواز کرنے اور سطح سمندر سے 6,500 میٹر کی بلندی تک کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس کا موسم کی سختیوں کو برداشت کرنے والا ڈیزائن دشوار گزار ماحول، بشمول بلند پہاڑی علاقوں، صحراؤں اور سمندری خطوں میں کام کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

وائی ای ٹی آئی کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ طویل فاصلے کی پرواز کے لیے مقررہ پروں کی ساخت برقرار رکھتے ہوئے عمودی طور پر اڑان بھرنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسے تقریباً 15 میٹر × 15 میٹر کے نسبتاً چھوٹے اور غیر ہموار مقامات سے پرواز کرنے اور اترنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس سے زمین پر محدود بنیادی سہولتوں والے علاقوں میں بھی اسے استعمال کیا جا سکے گا۔ اس فضائی گاڑی میں خرابیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے کئی حصوں پر مشتمل اور متبادل انتظامات سے لیس نظامِ محرک اور بجلی شامل کیا گیا ہے۔ اس کی مجوزہ صلاحیتوں میں عالمی نیویگیشن سیٹلائٹ نظام (جی این ایس ایس) کے سگنل دستیاب نہ ہونے کی صورت میں راستہ معلوم کرنا، 200 کلومیٹر تک مواصلاتی رابطہ، جھنڈ کی صورت میں مشترکہ کارروائی اور تیزی سے تعیناتی کے لیے کنٹینر کے ذریعے نقل و حمل بھی شامل ہیں۔ اس کا ڈیزائن اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ اسے دشوار گزار جغرافیائی علاقوں میں رسد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیزی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا اور نصب کیا جا سکے۔

بھاری وزن لے جانے والے خودکار فضائی پلیٹ فارموں کی تیاری کی اہمیت ایسے کاموں کے لیے بڑھ رہی ہے جن میں دشوار گزار راستوں سے ضروری سامان پہنچانا درکار ہوتا ہے۔ عمودی پرواز اور لینڈنگ کی صلاحیت، طویل فاصلے تک پرواز اور زیادہ وزن لے جانے کی گنجائش کو یکجا کرتے ہوئے وائی ای ٹی آئی کو بغیر پائلٹ طیاروں اور فضائی رسد کے بازار کے ایک مخصوص شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) فنڈ کے تحت معاونت سے چلنے والا یہ پروگرام، پلیٹ فارم کو ٹیکنالوجی کی تیاری کی سطح (ٹی آر ایل) 9 تک پہنچانے کے لیے درکار مزید تکنیکی ترقی، انجینئرنگ، مختلف نظاموں کے انضمام، آزمائش اور توثیق میں مدد فراہم کرے گا، بشرطیکہ متعلقہ تکنیکی، حفاظتی اور ضابطہ جاتی تقاضے پورے کیے جائیں۔ یہ منصوبہ گہری ٹیکنالوجی کے شعبے کے تحت آتا ہے، جس کا ذیلی شعبہ ذہین نظام اور روبوٹکس ہے۔ یہ اس بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ ایسے خودکار نظاموں کی ضرورت بڑھ رہی ہے جن میں ہوابازی کی انجینئرنگ، نظامِ محرک، راستہ معلوم کرنے، مواصلات اور ذہین کنٹرول کی صلاحیتیں یکجا ہوں۔

ٹی ڈی بی کے سکریٹری جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا، ‘‘جدید خودکار نظاموں کی تیاری سے پیچیدہ عملی اور رسدی چیلنجوں سے نمٹنے کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔ مقامی طور پر تیار کیے گئے بھاری وزن اٹھانے والے فضائی پلیٹ فارم دور دراز اور دشوار گزار مقامات تک رسائی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آر ڈی آئی فنڈ کے ذریعے ٹی ڈی بی ایسے ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبوں کی معاونت کر رہا ہے جنہیں ترقی کے اعلیٰ مراحل سے عملی استعمال تک پہنچانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔ آئیڈیا فورج کے ساتھ یہ معاہدہ خودکار نظاموں، روبوٹکس اور اگلی نسل کی ہوابازی ٹیکنالوجی میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔’’

اس پیش رفت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے آئیڈیا فورج ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور شریک بانی نے کہا، ‘‘وائی ای ٹی آئی اس بات میں ایک نسل کی بڑی پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے کہ ہندوستان کیا ڈیزائن کر سکتا ہے، کیا تیار کر سکتا ہے اور خودکار طریقے سے کیا چلا سکتا ہے۔ ہماری مسلح افواج اور رسدی نیٹ ورک کو روزانہ ان مقامات تک پہنچنے کے چیلنج کا سامنا رہتا ہے جہاں سڑکیں ختم ہو جاتی ہیں اور موسم بھی سازگار نہیں ہوتا۔ وائی ای ٹی آئی اس چیلنج کا ہمارا جواب ہے۔ اسے صرف پرواز کرنے کے لیے نہیں بلکہ سخت ترین عملی حالات میں قابلِ اعتماد طریقے سے بار بار سامان پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ آر ڈی آئی نظام کے تحت حکومت کا آئیڈیا فورج پر اعتماد اس بات کی توثیق ہے کہ ہندوستان کے گہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے ادارے اب قومی صلاحیتوں کی تعمیر کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔’’

 

 

*****

 

 

 

ش ح۔م م ع۔ف ر

U- 6056

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2323158) وزیٹر کاؤنٹر : 6