وزارت خزانہ
این ایل ایم سی کی جانب سے آر آئی این ایل کی اراضی کے پلاٹوں کی پہلی مکمل آن لائن نیلامی، پہلے ہی دن 366.33 کروڑ روپے کی کامیاب بولیاں موصول، 150 پلاٹ فروخت
نیلامی میں فی مربع گز سب سے زیادہ قیمت 1.80 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی، جو مارکیٹ میں مضبوط طلب کی عکاسی کرتی ہے
آر آئی این ایل کی آن لائن نیلامی کا دوسرا مرحلہ 30 اکتوبر کو ہوگا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 OCT 2026 1:28PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ خزانہ ، کے محکمۂ سرکاری اداروں کے تحت نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن (این ایل ایم سی) نے راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ (آر آئی این ایل) کی قیمتی اراضی کے پلاٹوں کی آن لائن نیلامی کے پہلے دن کامیابی کے ساتھ نیلامی مکمل کی۔ آر آئی این ایل وہ کمپنی ہے جو وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ چلاتی ہے۔ پہلا مرحلہ این ایل ایم سی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ یہ کارپوریشن کی پہلی مکمل آن لائن نیلامی ہے، جو سرکاری اثاثوں کے اضافی حصے کو مالی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے ایک منظم، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طریقۂ کار کا مظاہرہ کرتی ہے۔
پہلے مرحلے میں نیلامی کے لیے پیش کیے گئے اراضی کے پلاٹوں میں سے 150 پلاٹ کامیابی کے ساتھ فروخت ہوئے، جن سے مجموعی طور پر 366.33 کروڑ روپے کی کامیاب بولیاں موصول ہوئیں، جبکہ ان پلاٹوں کی مجموعی محفوظ قیمت 312.48 کروڑ روپے تھی۔ کامیاب بولیوں میں محفوظ قیمت کے مقابلے اوسطاً 17.23 فیصد زیادہ قیمت درج کی گئی، جو نیلامی میں خریداروں کی حوصلہ افزا شرکت اور پیش کردہ جائیدادوں میں ان کی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔
نیلامی میں قیمتوں کے حصول کے حوالے سے بھی نمایاں کامیابی درج کی گئی، جہاں سب سے زیادہ نیلامی کی قیمت ایک لاکھ 80 ہزار روپے فی مربع گز سے تجاوز کر گئی۔ قیمتوں کے تعین کے اس مضبوط رجحان سے وشاکھاپٹنم میں موزوں مقامات پر واقع اراضی کے پلاٹوں کی زبردست بازار طلب کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ سرکاری اثاثوں کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں شفاف اور مسابقتی آن لائن نیلامی کے عمل کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ نیلامی این ایل ایم سی، آر آئی این ایل کے اشتراک سے انجام دے رہی ہے، جبکہ کوئکر انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (کیو آئی پی ایل) لین دین سے متعلق مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔ آن لائن بولی کا عمل ریل ٹیل کے ای نیویدا پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔
یہ آن لائن نیلامی مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور دیگر سرکاری تنظیموں کے پاس موجود اضافی اراضی کے اثاثوں کے مفید استعمال کو فروغ دینے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ ایک منظم اور بازار پر مبنی طریقۂ کار کے ذریعے این ایل ایم سی اثاثوں کی مالک تنظیموں کے ساتھ مل کر نشان زدجائیدادوں کو بازار میں پیش کرنے، ممکنہ خریداروں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور شفاف انداز میں ان کی قدر کے تعین میں مدد فراہم کرنے کا کام کرتی ہے۔
نیلامی سے قبل، این ایل ایم سی اور آر آئی این ایل نے ستمبر 2026 کے دوران وشاکھاپٹنم، وجے واڑہ اور حیدرآباد میں سرمایہ کاروں سے رابطے کی سرگرمیاں انجام دیں۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے ممکنہ بولی دہندگان کو پیش کی جانے والی جائیدادوں کے بارے میں جاننے، وضاحت طلب کرنے اور نیلامی میں شرکت کے طریقۂ کار سے واقف ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔
اس پروگرام سے اندراج، دستاویزات، بیعانہ رقم (ای ایم ڈی) کی ضروریات اور آن لائن بولی سے متعلق سوالات کے حل میں بھی مدد ملی۔ ان کوششوں کا مقصد نیلامی کے بارے میں بیداری کو وسیع کرنا، بولی دہندگان کی شرکت کو آسان بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ دلچسپی رکھنے والے خریداروں کو ای نیلامی میں حصہ لینے سے پہلے متعلقہ معلومات دستیاب ہوں۔
آر آئی این ایل کی اراضی کی ای نیلامی کے پہلے دن کی کامیابی این ایل ایم سی کی جانب سے سرکاری اثاثوں کو شفاف اور مسابقتی طریقے سے مالیاتی قدر میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔ نیلامی کو ملنے والا ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ منظم اور بہتر طریقے سے مرتب کیے گئے بازار عمل سرمایہ کاروں کی دلچسپی حاصل کرنے اور حکومت کے اضافی اثاثوں سے قدر حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
وشاکھاپٹنم میں زمین حاصل کرنے کا آخری موقع: آر آئی این ایل کی ای نیلامی کا دوسرا مرحلہ 30 اکتوبر کو
پہلے مرحلے کو حوصلہ افزا ردعمل ملنے کے بعد، ای نیلامی کے دوسرے اور آخری مرحلے میں ممکنہ خریداروں کو وشاکھاپٹنم کے اہم مقامات پر زمین کے پلاٹ حاصل کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ 216 پلاٹوں کی نیلامی کی جائے گی، جسے اب 30 اکتوبر 2026 کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ نیلامی کا یہ آخری مرحلہ ہونے کے پیش نظر، دلچسپی رکھنے والے خریداروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ دستیاب پلاٹوں کا جائزہ لیں اور مقررہ مدت کے اندر اپنا اندراج مکمل کر لیں۔ پہلے مرحلے کے نتائج سے ممکنہ بولی دہندگان کو بازار میں شرکت اور قیمتوں کے تعین کے رجحان کا اندازہ ہوتا ہے، اس لیے وشاکھاپٹنم میں زمین حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے۔
دلچسپی رکھنے والے بولی دہندگان کے لیے 27 اکتوبر 2026 تک اپنا اندراج مکمل کرنا لازمی ہے۔ دستیاب پلاٹوں، محفوظ قیمتوں، اہلیت کی شرائط اور شرکت کے تقاضوں کی تفصیلات سرکاری ای نیلامی پورٹل پر دیکھی جا سکتی ہیں: https://eauction.enivida.com/۔
ممکنہ خریداروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ دستیاب معلومات کا جائزہ لیں، ضروری جانچ پڑتال کریں اور نیلامی کے آخری مرحلے میں حصہ لینے کے لیے آخری تاریخ سے پہلے تمام ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کر لیں۔
این ایل ایم سی کے بارے میں
نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن (این ایل ایم سی)، وزارتِ خزانہ کے محکمۂ سرکاری اداروں کے تحت حکومتِ ہند کی ایک کمپنی ہے۔ یہ مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کی اضافی اراضی اور عمارتوں کے اثاثوں کو مالیاتی قدر میں تبدیل کرنے کے عمل میں سہولت فراہم کرتی ہے۔ این ایل ایم سی ان اثاثوں کی منظم شناخت، تیاری اور شفافیت و بازار اصولوں پر مبنی طریقۂ کار کے ذریعے ان سے مالیاتی فائدہ حاصل کرنے کے لیے اثاثوں کی مالک تنظیموں کے ساتھ تال میل کرکے کام کرتی ہے۔
****
ش ح۔ ک ح۔ خ م
U.NO.5086
(ریلیز آئی ڈی: 2322756)
وزیٹر کاؤنٹر : 10