نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ ہند  جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج  جھارکھنڈ کے دیوگھر میں سینیہ سمپرک میلہ کا دورہ کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 OCT 2026 5:29PM by PIB Delhi

”ہمارے فوجیوں نے ہمیشہ  ملک  کا ساتھ دیا ہے اور ہمیں ہمیشہ ان کے اور ان کے کنبوں  کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے“: نائب صدر

نائب صدر کی سابق فوجیوں اور ویر ناریوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل قومی عزم کی اپیل

جھارکھنڈ میں فوجی خدمات اور قربانیوں کی ایک قابل فخر روایت رہی ہے: نائب صدر

نائب صدر جمہوریہ ہند  جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج دیوگھر، جھارکھنڈ میں 'سینیہ سمپرک میلہ - سدیو آپ کے ساتھ' کا دورہ کیا۔ اس میلے کا اہتمام انڈین آرمی نے دیوگھر ضلع انتظامیہ کے تعاون سے کیا تھا تاکہ سنتھال پرگنہ خطے کے سابق فوجیوں، ویر ناریوں  اور ان کے  زیرکفالت افراد  کو  بہبودی  خدمات اور شکایات کے ازالے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے سابق فوجیوں اور ویر ناریوں کو ملک کے تئیں  ان کی انمول قربانیوں اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ سابق فوجیوں کو ایک اہم قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا تجربہ نوجوانوں کی رہنمائی کر سکتا ہے اور ان کی قیادت ملک کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے۔ ویر ناریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد پر خدمات انجام دینے والے ہر فوجی کے پیچھے ایک ایسا خاندان کھڑا ہوتا ہے جو فوجی سروس کی قربانیوں اور ذمہ داریوں میں برابر کا شریک ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

جھارکھنڈ کے گورنر کی حیثیت سے اپنی میعاد کار  کو یاد کرتے ہوئے  نائب صدر نے قوم کے لیے ریاست کی خدمات کی قابل فخر روایت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پرم ویر چکر  ایوارڈ یافتہ  لانس نائک البرٹ ایکا کو خراج عقیدت پیش کیا اور بھگوان برسا منڈا، تلکا مانجھی، سدھو اور کانہو  اور نیلامبر اور پیتامبر سمیت قبائلی مجاہدین آزادی کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی اور قومی خدمت کا یہ جذبہ جھارکھنڈ کے عوام کو مسلسل متاثر کرتا رہتا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ  نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں  ون رینک، ون پنشن کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل پر روشنی ڈالی اور سابق فوجیوں اور ویر ناریوں کے لیے شروع کیے گئے مختلف بہبودی  اقدامات کا ذکر کیا۔ میلے میں سنگل ونڈو میکانزم  کی ستائش   کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  پنشن  سے متعلق امداد، طبی سہولیات، دستاویزی کارروائی  کی خدمات اور شکایات کے ازالے کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانا  لاسٹ مائل ڈیلیوری کی ایک معنی خیز مثال ہے۔

مربوط عوامی خدمات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ مسلح افواج، سول انتظامیہ، مالیاتی اداروں، حفظان صحت  فراہم کرنے والوں اور بہبودی ایجنسیوں کی شرکت ان لوگوں کی خدمت کے لیے ایک مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے جنہوں نے قوم کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میلے کا موضوع "سدیو آپ کے ساتھ" (ہمیشہ آپ کے ساتھ) ایک مسلسل قومی عزم بننا چاہیے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سابق فوجی اور ان کے کنبے  ہمیشہ  یہ محسوس کریں کہ ان کا احترام کیا جا رہا ہے، مدد کی جا رہی ہے اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

دورے کے دوران، نائب صدر  جمہوریہ نے سینیہ سمپرک میلے کے مختلف اسٹالوں  کا معائنہ کیا، جن میں اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کی نمائش، آفات سے نمٹنے کی سہولیات، ایکس سروس مین کنٹریبیوٹری ہیلتھ اسکیم ( ای سی ایچ ایس)  کی خدمات، میڈیکل اسکریننگ اور خون کے عطیہ کے کیمپ، خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی کے اقدامات، این سی سی  کی سرگرمیاں اور پنشن سے متعلق خدمات شامل تھیں۔ انہوں نے میلے میں پہنچنے والے  سابق فوجیوں، استفادہ کنندگان  اور دیگر لوگوں سے بات چیت بھی کی۔

نائب صدر نے اس  میلے کے انعقاد  پر انڈین آرمی اور دیوگھر ضلع انتظامیہ کو مبارکباد دی اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر نشی کانت دوبے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مسلح افواج کی برادری کی   بہبود کے لیے حصہ لینے والے اداروں اور ایجنسیوں کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس تقریب میں جھارکھنڈ کے گورنر جناب سنتوش کمار گنگوار، مرکزی وزیر مملکت برائے صحت اور خاندانی   بہبود جناب پرتاپ راؤ جادھو، اراکین پارلیمنٹ ڈاکٹر نشی کانت دوبے اور جناب آدتیہ ساہو، جنرل آفیسر کمانڈنگ 111 ایریا لیفٹیننٹ جنرل پون چڈھا، بابا بیدیناتھ میڈیکل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ انامیکا گوتم، انڈین آرمی کے سینئر افسران، سول انتظامیہ کے حکام، سابق فوجی، ویر ناریاں اور ان کے کنبے  شریک ہوئے۔

*******

(ش ح- ن  ا)

U.N:4959

 


(ریلیز آئی ڈی: 2321812) وزیٹر کاؤنٹر : 11